موتیہاری کی ریلی میں وزیراعظم نے انتخابی مہم کا بگل بجا دیا،آرجےڈی اور کانگریس کونشانہ بنایا، ملک کی ترقی کیلئے بہار کی ترقی کو ناگزیر بتایا
EPAPER
Updated: July 18, 2025, 11:46 PM IST | Motihari
موتیہاری کی ریلی میں وزیراعظم نے انتخابی مہم کا بگل بجا دیا،آرجےڈی اور کانگریس کونشانہ بنایا، ملک کی ترقی کیلئے بہار کی ترقی کو ناگزیر بتایا
وزیر اعظم مودی نے جمعہ کو موتیہاری کےگاندھی میدان میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اس سال کے اواخر میں ہونے والے اسمبلی الیکشن کی مہم کا بگل بجادیا۔ اہل بہار کیلئے۷۲؍سوکروڑ سے زیادہ کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھی۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے ’’نئے بہار‘‘ کا نعرہ دیا اور موتیہاری کو ممبئی جیسا جبکہ پٹنہ کو پونے جیسا بنا دینے کا وعدہ کیا۔ا نہوں نے روزگار کے محاذ پر بھی خواب دکھاتے ہوئے کہا کہ بہار کے شہر ’گیا ‘میں اسی طرح روزگار کے مواقع ہوں گے جس طرح ہریانہ کے گروگرام میں ہیں۔
وزیر اعظم نے اعلان کیاکہ مرکزی حکومت نے ایک بڑی اسکیم کو منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت بہار میں پہلی بار کسی پرائیویٹ کمپنی میں نوکری کرنے والے شخص کو مرکزی حکومت کی جانب سے ۱۵۰۰۰؍ روپے کا اعزازیہ دیا جائےگا۔یہ اسکیم یکم اگست سے نافذ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہماراعزم ’ترقی یافتہ بہار‘،’ ہر نوجوان کو روزگار‘ ہے۔ بہار کے نوجوانوں کو بہار میں ہی زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع ملنے پر زور دیتےہوئے مودی نےبتایا کہ اس کیلئے گزشتہ برسوں میں تیزی سے کام ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حال ہی میں بڑے پیمانے پر سرکاری تقرریاں ہوئی ہیں۔ مرکزی حکومت بہار حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ مرکزی حکومت اس پر ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے نوجوانوں کو نیا روزگارکی مہم سے بہار کے نوجوانوں کو بڑا فائدہ ہوگا۔ بہار میں ۲۰؍ سال سے این ڈی اے برسراقتدار ہے مگر وزیراعظم نے اس سے پہلے کی لالو سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے عوام کو اپوزیشن سے بچ کر رہنے کی صلاح دی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اُس دور میں پیسہ غریبوں تک پہنچنا ناممکن تھا۔