باندرہ کرلا کمپلیکس میں ایلون مسک کی کمپنی کا ملک میں پہلا شو روم کھولا گیا، گاڑی کی قیمت تقریباً ۷۰؍ لاکھ روپے ہے
EPAPER
Updated: July 16, 2025, 12:11 AM IST | Mumbai
باندرہ کرلا کمپلیکس میں ایلون مسک کی کمپنی کا ملک میں پہلا شو روم کھولا گیا، گاڑی کی قیمت تقریباً ۷۰؍ لاکھ روپے ہے
دنیا کے امیر ترین صنعت کار ایلون مسک کی ملکیت والی مشہور امریکی الیکٹرک گاڑی ساز کمپنی ٹیسلا نے آخرکار ہندوستانی مارکیٹ میں قدم رکھ دیا ہے۔ منگل ۱۵؍جولائی کو ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں کمپنی نے اپنا پہلا شوروم باضابطہ طور پر شروع کر دیا، جس سے جنوبی ایشیائی خطے میں اس کی موجودگی کی شروعات ہوئی ہے۔ ۴؍ ہزار مربع فٹ پر محیط یہ شوروم محض فروخت کا مرکز نہیں بلکہ ایک تجرباتی مرکز بھی ہوگا، جہاں صارفین پہلی بار ٹیسلا کی کاروں کو قریب سے جانچ سکیں گے۔ اس شو روم کا افتتاح وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے ہاتھوں ہوا ۔ اس کے بعد انہوں نے ٹیسلا کی گاڑی کا ٹیسٹ ڈرائیو بھی کیا۔ ابتدائی طور پر چین سے درآمد شدہ پانچ کاروں کی پہلی کھیپ پہنچ چکی ہے، جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ کمپنی جلد ہی اپنے مشہور ماڈل وائے کی فروخت شروع کر سکتی ہے جس کی قیمت تقریباً ۷۰؍ لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔ وائے ماڈل کی یہ کار ایک مکمل چارج میں تقریباً ۵۷۴؍کلومیٹر تک چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اسی وجہ سے یہ کمپنی اور اس کی کاروں کا ہندوستان میں اتنا انتظار کیا جارہا ہے۔
وزیر اعلیٰ فرنویس نےاس تعلق سے پوسٹ کیا کہ ’’ ٹیسلا کی شروعات ممبئی سے ہونے سے پورے ملک میںواضح پیغام جائے گا کہ ہم ممبئی والے صاف ستھری اینرجی کو ترجیح دیتے ہیں۔‘‘ افتتاح کے موقع پر ریاستی وزیر پرتاپ سرنائیک بھی موجود تھے۔