Inquilab Logo

لال قلعہ پر ترنگا لہرا کر وزیراعظم مودی اپنی ہی پارٹی کے لیڈر اٹل بہاری واجپئی کا ریکارڈ توڑیںگے

Updated: August 11, 2020, 8:44 AM IST | Agency | New Delhi

وزیر اعظم نریندر مودی۱۵؍ اگست کو یوم آزادی کے موقع پر ساتویں مرتبہ لال قلعہ کی فصیل پر ترنگا لہرائیں گے اور قوم سے خطاب کریں گے ، جس کے ساتھ ہی وہ ایسا کرنے والے پہلے غیر کانگریسی وزیر اعظم ہوں گے ۔

Narendra Modi - Pic : PTI
وزیراعظم نریندر مودی

 وزیر اعظم نریندر مودی۱۵؍ اگست کو یوم آزادی کے موقع پر ساتویں  مرتبہ لال قلعہ کی فصیل پر ترنگا لہرائیں گے اور قوم سے خطاب کریں گے ، جس کے ساتھ ہی وہ ایسا کرنے والے  پہلے غیر کانگریسی وزیر اعظم ہوں گے ۔ 
  مودی نے پہلی مرتبہ ۲۰۱۴ء میں لال قلعہ پر قومی پرچم لہرایا تھا اور گزشتہ  برس اپنی حکومت کے دوسرے دور میں چھٹویں مرتبہ ترنگا لہرا کر بی جے پی حکومت کے پہلے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی برابری کر لی تھی۔  اس مرتبہ وہ  واجپئی سے ایک قدم آگے بڑھ کر ساتویں مرتبہ ترنگا لہرائیں گے۔ بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے کے سربراہ  رہنے والے اٹل بہاری واجپئی نے۱۹؍ مارچ۱۹۹۸ء سے ۲۲؍ مئی۲۰۰۴ء کے درمیان ۶؍ بار ترنگا لہرایا تھا ۔ اگرچہ واجپئی۱۹۹۶ءمیں پہلی بار وزیر اعظم بنے تھے لیکن ان کی حکومت زیادہ دن نہیں چل پائی تھی اور قومی پرچم لہرانے کا موقع نہیں مل سکا تھا ۔
 ملک میں ایمرجنسی کے تعلق سے عام لوگوں میں ناراضگی کی لہر نے۱۹۷۷ء کے عام انتخابات میں اُس وقت کی کانگریس حکومت کو اقتدار سے باہر کردیا اور مرکز میں جنتا پارٹی کی حکومت بنی۔ آزادی کے بعدیہ پہلی غیر کانگریس حکومت تھی۔ مرارجی دیسائی اس حکومت کے سربراہ بنے۔ انہوں نے دو بار ۱۹۷۷ء اور ۱۹۷۸ء میں لال قلعہ کی فصیل پر ترنگا لہرایا تھا ۔اس کے بعد۲۸؍جولائی۱۹۷۹ءکو چودھری چرن سنگھ سماج وادی نظریات کی حامل پارٹیوں اور کانگریس (یو) کی حمایت سے وزیر اعظم بنے اور اسی سال پہلی اور آخری بار ترنگا لہرایا ۔ چرن سنگھ کے علاوہ وشوناتھ پرتاپ سنگھ ، ایچ ڈی دیو دیو گوڈا اور اندرا کمار گجرال بھی غیر کانگریسی وزیر اعظم تھے جن کو ایک ایک بار ترنگا لہرانے کا اعزاز حاصل  ہوا ۔
  دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ ایسی۲؍ شخصیات بھی رہی ہیں،  جو وزیر اعظم تو بنے لیکن انہیں لال قلعے پر قومی پرچم لہرانا نصیب نہیں ہوا ۔ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے انتقال کے بعد ۲۷؍ مئی۱۹۶۴ء  کو گلزاری لال نندا کچھ وقت کیلئے  کارگزار وزیر اعظم بنے۔ لال بہادر شاستری کے انتقال کے بعد بھی وہ کچھ عرصے کیلئے  کار گزار وزیر اعظم بنے۔ اسی طرح چندرشیکھر۱۰؍نومبر۱۹۹۰ء کو وزیر اعظم بنے لیکن صرف ۶؍ ماہ بعد ہی کانگریس نے ان کی پارٹی کی حکومت سے حمایت واپس لے لی، اس طرح انہیں۲۱؍جون۱۹۹۱ء کو عہدہ چھوڑنا پڑا۔
 آزاد ہندوستان کی تاریخ میں سب سے زائد مرتبہ ترنگا لہرانے کا ریکارڈ پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے نام ہے ۔ انہوں نے سب سےزیادہ ۱۷؍ مرتبہ لال قلعہ پر ترنگا لہرایا ہے۔ وہ۱۵؍ اگست ۱۹۴۷ءسے۲۷؍مئی۱۹۶۴ء تک وزیر اعظم رہے۔ پنڈت جواہر لال نہرو کے بعد ان کی صاحبزادی اندرا گاندھی ۲۴؍ جنوری۱۹۶۶ء سے۲۴؍ مارچ۱۹۷۷ء  اور۱۴؍ جنوری۱۹۸۰ءسے۳۱؍ اکتوبر ۱۹۸۴ء  کے دوران وزیر اعظم رہیں۔ ان۲؍  مدت کار میں  انہوں نے ۱۶؍بار قومی پرچم لہرایا ۔ تیسرے  مقام پر ڈاکٹر منموہن سنگھ ہیں جنہوں نے لال قلعہ پر۱۰؍ بار ترنگا لہرایا۔ وہ ۲۲؍مئی۲۰۰۴ء سے۲۶؍ مئی۲۰۱۴ء تک وزیر اعظم رہے۔
  راجیو گاندھی اور پی وی نرسمہا راؤ نے ۵۔۵؍ بار  لال قلعے کی فصیل پر ترنگا لہرایا اور ملک سے خطاب کیا۔ راجیو گاندھی۳۱؍ اکتوبر۱۹۸۴ء سے یکم دسمبر ۱۹۸۹ءتک وزیر اعظم رہے جبکہ نرسمہا راؤکی مدت کار۲۱؍ جون۱۹۹۱ء سے۱۰؍ مئی۱۹۹۶ءتک  رہی۔ اسی طرح  لال بہادر شاستری۹؍ جون۱۹۶۴ء سے۱۱؍ جنوری ۱۹۶۶ء تک وزیر اعظم رہے اور دو مرتبہ ترنگا لہرایا۔
 موجودہ سیاسی حالات کے پیش نظر اس بات کا قوی امکان ہے کہ یہ اپنی دوسری میقات کے اختتام تک اس معاملے میں سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے ریکارڈ کی بھی برابری کرلیںگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK