• Tue, 04 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’۵۶؍ انچ کے سینے والے مودی ڈرتے ہیں‘‘

Updated: November 03, 2025, 4:47 PM IST | Inquilab News Network | Begusarai/Ara/Nawada

بیگوسرائے میںراہل گاندھی کی وزیر اعظم پر سخت تنقید،وزیر اعظم مودی کی آرہ اور نوادہ میں ریلیاں،مہا گٹھ بندھن کو بدعنوان قراردیا۔

Rahul during a rally in Begusarai. Photo: INN
راہل بیگوسرائے میںجلسہ کے دوران۔ تصویر: آئی این این
بہار میں انتخابی مہم شباب پر ہے۔اتوار کو بھی وزیر اعظم مودی اورراہل گاندھی نے ریلیوں میں ایک دوسرےکو نشانہ بنایا ۔راہل گاندھی نے بیگوسرائے اورکھگڑیا میںریلی کی جبکہ وزیر اعظم مودی نے آر ہ اورنوادہ میںانتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اتوار کو الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نہ صرف امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ڈرتے ہیں، بلکہ وہ صنعتکار اڈانی اور امبانی کے چنگل میں بھی ہیں۔ راہل گاندھی نے اتوار کویہاں انتخابی ریلی میں وزیر اعظم مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا ’’ ۵۶؍ انچ کے سینے والے مودی ڈرپوک ہیں۔ گاندھی کا سینہ بڑا نہیں تھا، لیکن وہ کسی سے ڈرتے نہیں تھے۔ مودی سے زیادہ دم اندرا گاندھی میں تھا۔ مودی ٹرمپ سے ڈرتے ہیں۔ امریکہ کے صدر ٹرمپ نے کئی بار کہا ہے کہ انہوں نے نریندر مودی کو ڈرا کر آپریشن سیندور بند کرایا ہے۔ ٹرمپ نے مختلف ممالک میں جا کرمودی کی توہین کی ہے۔ ٹرمپ کہتے ہیں کہ انہوں نے مودی کو جھکا دیا مگر اس بارے میں مودی کے منہ سے ایک آواز نہیں نکلی۔ ٹرمپ ہماری فوج کے بارے میں بول رہے ہیں۔ ہماری فضائیہ کے بارے میں بول رہے ہیں۔ مودی خاموش ہیں۔ ٹرمپ کہتے ہیں کہ میں نے مودی کو فون لگایا کہ آپریشن سیندور روکو اور پھر آپریشن رک گیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ مودی کو چیلنج دیتے ہیں کہ وہ بہار آکر کہیں کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں۔ 
کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ مودی نہ صرف امریکہ کے صدر ٹرمپ سے ڈرتے ہیں بلکہ ان کا کنٹرول اڈانی اور امبانی کے ہاتھ میں بھی ہے۔ الیکشن کے دن تک آپ جو بھی کہیں گے مودی وہ کریں گے۔ انتخاب کے بعد نہ آئیں گے، نہ کچھ کریں گے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب نالندہ کی یونیورسٹی پوری دنیا میں مشہور تھی۔ جاپان، کوریا، انگلینڈ سے لوگ پڑھنے آتے تھے۔ دنیا کی تعلیم کا مرکز نالندہ تھا۔ آج بہار کی یونیورسٹی کے بارے میں دوسروں سے پوچھئے۔ کہتے ہیں یہاں تو صرف پیپر لیک ہوتا ہے۔ جن کی سیٹنگ ہے انہیں پیپر مل جاتا ہے۔ بہار کے باقی نوجوان دیکھتے رہ جاتے ہیں۔ 
 بدعنوان خاندانوں کا گٹھ جوڑ ہے مہاگٹھ بندھن: مودی
وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار میں اپنے انتخابی مہم کے دوران اتوار کونوادہ میں کہا کہ بہار اور ملک کے دو سب سے زیادہ بدعنوان خاندانوں کے گٹھ جوڑ سے مہاگٹھ بندھن تشکیل پایا ہے۔مودی نے  نوادہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) بہار کا سب سے بدعنوان خاندان ہے اور قومی سطح پر یہی حالت کانگریس کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوںمل کر صرف اپنے کنبہ کے بارے میں سوچتے ہیں اور انہیں ملک اور سماج کی ترقی سے کوئی لینا دینا نہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صرف این ڈی اے حکومت ہی پسماندہ طبقات، دلتوں، مہادلتوں، غریبوں، محروموں، اور غریب کسانوں کے بارے میں سوچتی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آرہ کی سرزمین پر بھی ریلی کی اور انڈیا اتحاد کے انتخابی منشور کو نشانہ بناتے ہوئے بھوجپوری زبان میں کہا ’’ جے کھیتوا اجڑلے با ، اوہے اب بوائی کے بات کرت با‘‘ یعنی جس نے کھیت اجاڑا، وہی اب بوائی کی بات کر رہا ہے۔وزیراعظم مودی نے بھوجپور ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے میں کبھی ڈالمیہ نگر کی سیمنٹ فیکٹری، چینی اور کاغذ کی ملیں ہوا کرتی تھیں، مگر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے جنگل راج نے انہیں تباہ کر دیا۔ تمام کارخانوں کے دروازوں پر تالے لگ گئے، ہزاروں لوگ بے روزگار ہو کر نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔  وزیر اعظم مودی نے اتوارکو شام ۵؍ بجے راجدھانی پٹنہ میں روڈ شو بھی کیا۔ یہ روڈ شو تقریباً۳؍ کلومیٹر پر محیط تھا جس کا مقصد پٹنہ ضلع کے ۱۴؍اسمبلی حلقوں کے ووٹروں کو براہ راست متاثر کرناتھا۔پٹنہ کے ۶؍ اسمبلی حلقوں پٹنہ صاحب، کمہرار، دانا پور، دیگھا، بانکی پور اور پھلواری شریف کے امیدوار ان کے ساتھ گاڑی پرسواررہے مگر ان کے ساتھ نتیش کمار موجود نہیں تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK