Inquilab Logo Happiest Places to Work

مجتبیٰ خامنہ ای نئے سپریم لیڈر، ایران میں پُرجوش جشن

Updated: March 10, 2026, 9:04 AM IST | Tehran

بموں کی پروا کئے بغیر لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر اُتر کر اپنی حمایت کا اعلان کیا، جوابی حملوں  میں شدت، ۲۴؍ گھنٹوں میں امریکہ کے ۴؍ راڈار تباہ کردیئے گئے

Crowds of people pledging allegiance to Mojtaba Khamenei gather at Tehran`s Inqilhab Square
تہران کے انقلاب اسکوائر پر مجتبیٰ خامنہ ای سے وفاداری کا عہد کرنےوالوں کا جم غفیر

امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایران  کی ۸۸؍ رکنی مجلس خبرگان نے بھاری اکثریت سے ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ملک کا نیا  رہبر اعلیٰ  (سپریم لیڈر)منتخب کرلیا ہے۔  وہ  امام خمینی اور آیت اللہ  علی خامنہ ای کے بعد ملک کے تیسرے سپریم لیڈر ہیں۔ مجتبیٰ  خامنہ کی تقرری کے اعلان کے بعد ایک طرف جہاں ایران کی فوجوں  اور پاسداران انقلاب ایک نئے جوش سے بھر گئے ہیں اور انہوں نے اسرائیل اورامریکی ٹھکانوں   پر حملے تیز کردیئے ہیںوہیں ایرانی عوام نے اپنے  نئے  سپریم لیڈر کا خیر مقدم   انتہائی جوش وخروش کے ساتھ کیا۔آسمان سے برس رہے اسرائیلی اور امریکی بموں کی پروا کئے بغیر  لاکھوں کی تعداد میں  لوگوں  نے سڑکوں پر اتر کر نئے سپریم لیڈر کے ساتھ وفاداری کا اعلان کیا۔ پیر کو  تہران کے انقلاب اسکوائر پر تاریخی بھیڑ امڈی جس کا مقصد مجتبیٰ خامنہ ای کیلئے اپنی وفاداری کا اعلان تھا۔ 
 مجتبیٰ خامنہ ای کو قیادت سونپ دی گئی
  ماہرین کی مجلس خبرگان (اسمبلی آف ایکسپرٹس) کے ذریعہ مجتبیٰ خامنہ ای کو ملک کا نیا سپریم لیڈر مقرر کئے جانے کے بعد  ان کو ایران کی اعلیٰ ترین مذہبی  اور سیاسی قیادت سونپ دی گئی ہے ۔  مجتبیٰ خامنہ ای کو  پاسداران انقلاب  کے ساتھ قریبی تعلقات کی وجہ سے طویل عرصے سے اپنے والد کے ممکنہ جانشین کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔    اس سے قبل مجلس خبرگان میں آیت اللہ خامنہ ای اور دیگر شہداء کو جن میں  اسکول  پر حملے میں  شہید ہونےوالی ۱۶۵؍ سے زائد چھوٹی چھوٹی بچیاں     اور مسلح افواج کے جوان شامل ہیں، کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مجلس کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ملک کو قیادت کے خلا سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے گئے ہیں۔اس موقع پر مجلس نے عوام سے نئے رہبر اعلیٰ کی بیعت اور اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کی۔  ایران میں تقریباً۴۰؍ سال بعد نئے سپریم لیڈرکا انتخاب کیا گیا ہے۔پاسداران انقلاب کے کمانڈرس بھی سید مجتبیٰ خامنہ ای کے حامی ہیں، نئے سپریم لیڈرسید مجتبیٰ خامنہ ای سے  ایرانی عوام  بھی عقیدت رکھیں گے۔
ایرانی حملوں میں شدت، ۴؍ راڈار تباہ
 مجتبیٰ خامنہ ای کے سپریم لیڈر منتخب ہونے کے بعد ایران نے اسرائیل اور امریکی اڈوں پر  حملے تیز کردیئے۔ تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں آسمان پر ایرانی میزائل دیکھے گئے۔ پاسدارن انقلاب نے۲۴؍ گھنٹوں میں۴؍ امریکی میزائل شکن دفاعی راڈار تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔    غیر مصدقہ رپورٹوں کے مطابق ایران کے حملوں  کے بعد خلیجی ممالک میں امریکی فضائی دفاعی   نظام کم وبیش ناکارہ ہوچکاہے۔ 
اتحادیوں نے خیر مقدم کیا، ٹرمپ نالاں
  مجتبیٰ  خامنہ ای کی تقرری کا چین  اور روس جیسے ایران کے اتحادی ملکوں نے خیر مقدم کیا ہے جبکہ اسرائیل اور امریکہ نے پھر یہ دھمکی دہرائی ہے کہ نئے سپریم لیڈر کو بھی اسی طرح نشانہ بنایا جائے گا جس طرح خامنہ ای کو بنایاگیا۔ چین نے ان دھمکیوں کی مذمت کی   ہے جبکہ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ نئے سپریم لیڈر کے انتخاب سے خوش نہیں ہیں۔ 

iran Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK