Inquilab Logo

مونگیر :صدر اسپتال میں سرجن نہیں،مریض اور ان کے اہل خانہ کو پریشانی

Updated: June 23, 2020, 2:19 PM IST | Inquilab News Network | Mongir

سرجن کی کمی سے ایک مہینہ سے کوئی آپریشن نہیں ہورہا ہے ، مریض پرائیویٹ اسپتال پہنچنے لگے ہیں ،پرائیویٹ اسپتال میں علاج کے نام پر موٹی رقم وصول کی جاتی ہے

Mongir Hospital - Pic : Inquilab
مونگیر اسپتال ۔ تصویر : انقلاب

 بہار کے ضلع مونگیر کے صدر اسپتال کو ضلع کے سب سے بڑا اسپتال کا درجہ حاصل ہے لیکن صدر اسپتال کی حالت دن بدن خستہ ہوتی جارہی ہے ۔ صدر اسپتال میں ایک بھی سرجن نہیں ہیں ۔ اس وجہ سے بہتر طبی سہولت کی امید لئےصدور گاؤں سے آنے والے  مریض  اور اس کےاہل خانہ کو مایوس ہو کر لوٹنا پڑ رہا ہے ۔ سرجن کی کمی میں صدر اسپتال میں آپریشن نہیں ہورہا ہے ۔ اس وجہ سے مجبوری میں مریضوں کو پرائیویٹ کلینک جانا پڑتا ہے جہاں مریضوں سے آپریشن کے نام پربہت زیادہ فیس وصول کی جاتی ہے ۔ سرجن کی کمی میں  پتھری اور ہرنیا جیسے معمولی مسائل سے پریشان  افراد کو بھی پرائیویٹ کلینک جانا پڑتا ہے۔ صدر اسپتال میں ڈاکٹروں کے کل ۳۴؍ عہدے خالی ہیں لیکن  فی الحال  ۱۴؍ ڈاکٹر ہی مامور ہیں ۔ 
 مریضوں کے اہل خانہ کا بیان 
 مبارک چک کے شمشاد عالم ، بیگو سرائے کے انکیش کمار ، سشیل کمار ، کملیش کمار ، ممتا دیوی ، آشا کماری  اور پوجا کماری نے کہاکہ صدر اسپتال میں گزشتہ ایک ماہ سے مریضوں کا معمولی آپریشن تک نہیں ہورہا ہے ۔ اسپتال آنے والے مریضوں کو صرف مرہم پٹی کر کے انہیں بھاگلپور یا پٹنہ ریفر کردیا جاتا ہے ۔ صدر اسپتال میںجلد از جلد سرجن کا تقرر ہوناچاہئے ۔ 
آپریشن کیلئے ہردن مریض پہنچتے ہیں
 صدراسپتال میں مختلف طرح کا آپریشن کرانے کی امید لئے۶؍ سے زا ئدمریض ہر دن پہنچتے ہیں  جن میں زیادہ تر ہرنیا ، گول بلائڈر میں پتھری ہونے وغیرہ جیسے مسائل کو لے کر پہنچتے ہیں۔ ایک مہینہ میں کم سے کم ۱۸۰؍مریض مایوس ہو کرلوٹ چکے ہیں  جن میں کچھ نے پرائیویٹ کلینک میں آپریشن کرایا تو کچھ اب بھی اسپتال کےطبی نظام میں بہتر ہونے کی امید لگائے ہوئے ہیں۔ ان کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ وہ پرائیویٹ اسپتال جاسکیں ۔ مقامی افراد کا کہنا ہےکہ  پیسے والے مریض تو پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج کروالیتے ہیں لیکن پریشانی ان کو ہوتی ہے جن کے پاس ان پرائیویٹ اسپتال والوں کو دینے کیلئے پیسے نہیں ہوتے ہیں ۔ ایسے میں محکمہ صحت کو چاہئے کہ وہ جلداز جلد اس جانب خصوصی توجہ دے تاکہ  عوام کی پریشانی دور ہوسکے ۔
  ا س سلسلے میں مونگیر صدر اسپتال کےڈپٹی سپرنٹنڈنٹ  ڈاکٹر رنجن کمار سنگھ نے کہا کہ سرجن کے طور پر ڈاکٹر سدھیر کمار مامور تھے جن کا تبادلہ  روہتاس ضلع میں ہوگیا ۔سرجن کی کمی سے متعلق محکمہ کو مطلع کیا جاچکا ہے ۔ محکمہ سے جلد ہی سرجن ملنے کی اُمید ہے۔

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK