Inquilab Logo

مانسون کی تباہی، کیرالا میں زیادہ نقصان، دوسری ریاستیں بھی متاثر

Updated: October 19, 2021, 7:59 AM IST | new Delhi

کیرالا میں مکانات کے گرنے اور چٹانیں کھسکنے سے اموات کی تعداد بڑھ کر ۲۷؍ ہوگئی ہے جبکہ ۸؍ افراد ہنوز لاپتہ ہیں، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بھی کافی نقصان ہوا ، اسی درمیان محکمہ موسمیات نے دہلی،این سی آر اور اتراکھنڈ کیلئے الرٹ جاری کیا ہے،کیرالا میں تباہی پر نائب صدر جمہوریہ نئے افسوس کاا ظہار کیا

Roads in Haryana`s Gurgram are flooded with ponds (Photo: PTI)
ہریانہ کے شہر گروگرام میں پانی بھرجانے سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں (تصویر: پی ٹی آئی)

 جاتے جاتے مانسون نے جو تباہی مچائی ہے، اس کی وجہ سے ملک کے ایک بڑے خطے میں خوف کا ماحول ہے۔ کیرالا میں سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے جہاں مکانات کے گرنے اور چٹانیں کھسکنے سے اموات کی تعداد بڑھ کر ۲۷؍ ہوگئی ہے جبکہ ۸؍ افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔ اسی طرح مدھیہ پردیش  اور راجستھان میں کافی بھی نقصان ہوا ہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے دہلی،این سی آر اور اتراکھنڈ کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔ کیرالا میں تباہی پر نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے افسوس کااظہار کیا ہے۔
 کیرالا کے کوٹایم ضلع میں اتوار کی شام دیکھتے ہی دیکھتے ایک مکان پوری طرح سے زمین بوس ہوگیا،جس کی وجہ سے کئی افراد کی موت ہوگئی۔اس پورے واقعے کا  دور کھڑے لوگوں نے اس کا ویڈیوبھی بنایا جو کافی وائرل ہوا۔ یہاں پرفوج کی تین کمپنیاں پہنچ گئی ہیں جو انجینئرنگ اور طبی  یونٹ کے ساتھ مل کر راحتی کام انجام دے رہی ہیں۔ یہاں پر بہت سارے افراد کو نکال کر محفوظ مقام پر پہنچایا گیا ہے۔
 اس دوران دہلی، ہریانہ اور اتراکھنڈ میں تیز بارش ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے یہاں الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ محکمہ نے دہلی کیلئے یلوالرٹ جاری کرتے ہوئے یہاں اوراس کے گردونواح میں گرج کے ساتھ درمیانہ درجے کی بارش  کی پیش گوئی کی ہے۔آئی ایم ڈی نے اپنے صبح کے بلیٹن میں کہا  کہ ’’پوری دہلی سمیت گروگرام، گوہانہ، گنور، ہوڈل، اورنگ آباد، پلول، فرید آباد، بلبھ گڑھ، پانی پت، سوہانہ اورمضافات میں گرج کے ساتھ تیز بارش جاری رہے گی۔‘‘ اطلاعات کے مطابق یہاں تیز بارش کا آغاز ہوگیا ہے۔
 محکمہ کی رپورٹ کے مطابق دہلی میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران تیز بارش کی وجہ سے کئی جگہوں پر پانی بھر گیا ہے۔ یہاں رات بھر موسلا دھار بارش سے دہلی کے کئی حصوں میں پانی جمع ہوگیا، جس سے جگہ جگہ پر ٹریفک جام  ہو گیا ہے۔اس درمیان دہلی ٹریفک پولیس نے شہرکے کئی حصوں میں پانی جمع ہوجانے سے بعض  راستوں سے بچنے کیلئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔اس حوالے سے  پولیس نے ٹویٹ کیا کہ ’’ پرہلاد  پور انڈرپاس پر پانی جمع ہونے کے سبب ایم جی روڈ بند ہے۔ راہگیر مہرولی متھرا روڈ انڈرپاس، سریتا وہار فلائی اوور یامودی مل فلائی اوور کی طرف جانے والے متبادل راستوں کا سہارا لے سکتے ہیں اوراسی طرح سے بدرپور کا راستہ اختیارکرسکتے ہیں۔‘‘
 اس درمیان آئی ایم ڈی نے اتراکھنڈ میں پیر کو ہونے والی شدید بارش کے پیش نظر ریڈ الرٹ اور منگل تک اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ نے پیر کو ریاست کے الگ الگ مقامات پر انتہائی موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے اتراکھنڈ، مغربی اتر پردیش اور ہریانہ میں۱۷؍ اور۱۸؍ اکتوبر کو  گرج کے ساتھ تیز شدید بارش کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔انتظامیہ نے جاری الرٹ کے پیش نظر کچھ اضلاع میں اسکول، کالج اورآنگن باڑی مراکز سمیت تعلیمی اداروں کو بند کرنے کااعلان کیا ہے۔
راجستھان میں کئی مقامات پر تیز بارش
 جے پور(ایجنسی): راجستھان میں موسم کی تبدیلی سے دارالحکومت جئے پور سمیت کئی مقامات پر تیز بارش ہوئی جس  کی وجہ سے لوگوں کو گھر سے نکلنا بند ہوگیا۔محکمہ موسمیات کےمطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ضلع باراں کے کشن گنج میں سب سے زیادہ۱۳۰؍ ملی میٹربارش درج کی گئی ۔
برہانپور میں ندی نالوں میں طغیانی
 برہان پور(ایجنسی): مدھیہ پردیش کے برہانپور ضلع میں شدید بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں آبی سطح میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ شام ضلع میں شدید بارش ہوئی۔ اس کے بعد یہ سلسلہ پیر کو بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ شدید بارش نےمعمولات زندگی کو متاثر کیا۔ بارش کی وجہ سے کئی معاون ندیاں اور نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ دریائے تاپتی کا پانی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع میں۲۴؍گھنٹوں میں ۱۰۹؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش کی وجہ سے دیہی علاقوں میں کئی  مکانات کے منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں۔
نائیڈو کاکیرالاسانحہ پر اظہار افسوس
 نئی دہلی (ایجنسی): نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو نے کیرالا میں سیلاب کی وجہ سے جان و مال کے نقصان پر گہرے رنج و غم کا  اظہار کرتے ہوئے  متاثرین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پیر کو یہاں جاری اپنے ایک پیغام میں  ایم وینکیانائیڈو نے کہا کہ کیرالا میں سیلاب کی وجہ سے جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے۔

kerala Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK