Inquilab Logo Happiest Places to Work

شمالی ہند میں ہنگامہ خیز مانسون متوقع، ۲۳؍ریاستوں کیلئے الرٹ

Updated: June 22, 2026, 10:46 AM IST | Agency | New Delhi

محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ مغربی بنگال،سکم ،شمالی ہند کے ساتھ ساتھ ہمالیائی ریاستوں میں موسلادھار بارش ہوگی۔

Rain.Photo:PTI
بارش۔ تصویر:پی ٹی آئی
 مانسون کے پیش نظر محکمۂ موسمیات نے ایک بار پھر ملک کے بڑے حصے میں شدید بارش، آندھی اور طوفان کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو دہلی، اتر پردیش، بہار سمیت ۲۳؍ ریاستوں میں تیز بارش اور۸۰؍ سے۹۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق کئی ریاستوں میں آسمانی بجلی گرنے، تیز آندھی آنے اور بعض مقامات پر اولے پڑنے کا بھی خدشہ ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں میں شدید آندھی کے باعث درخت اکھڑنے اور املاک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
 
 
محکمۂ موسمیات(آئی ایم ڈی) کے مطابق اتر پردیش، دہلی، بہار، ہریانہ، راجستھان، ہماچل پردیش، جموں کشمیر، اتراکھنڈ، مغربی بنگال، اودیشہ، سکم، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، آسام، تریپورہ، میگھالیہ، کیرالہ، تمل ناڈو، انڈمان و نکوبار جزائر، کرناٹک، آندھرا پردیش اور تلنگانہ سمیت۲۳؍ ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اس دوران۸۰؍ سے۹۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ لوگوں کو بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کے خطرے سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے مدھیہ پردیش کے۳۵؍اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔آئی ایم ڈی نے شمالی ہندوستان کی اہم پہاڑی ریاستوں ہماچل پردیش، جموں کشمیر اور اتراکھنڈ میں موسم میں بڑی تبدیلی کی وارننگ جاری کی ہے۔ ان علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ (زمین کھسکنے) کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ فعال مغربی ہواؤں کے نظام کے اثر سے ۲۴؍گھنٹوں کیلئے ان تینوں ریاستوں کے بیشتر علاقوں میں تیز آندھی، گرج چمک، آسمانی بجلی اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر محکمۂ موسمیات نے کئی اضلاع میں خصوصی الرٹ بھی جاری کیا ہے، جس کے تحت میدانی اور پہاڑی دونوں علاقوں میں۴۰؍ سے۶۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز اور نقصان دہ ہوائیں چل سکتی ہیں۔
 
 
جموں کشمیر اورلداخ کے دور دراز اور بلند پہاڑی علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور اولہ باری کا امکان ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں اچانک کمی آ سکتی ہے اور سردی بڑھ سکتی ہے۔ ادھر ہماچل پردیش کے چمبا، کانگڑا، کلو، منڈی، شملہ اور سرمور جیسے اہم سیاحتی اور باغبانی علاقوں کے لئے آج یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ گجرات، وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ، سوراشٹر اور کچھ کے علاقوں میں جمعہ تک کہیں کہیں سے لے کر متعدد مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق شمال مغربی بھارت میں کل تک زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی متوقع نہیں ہے، تاہم اس کے بعد اگلے دو دنوں کے دوران درجۂ حرارت میں تقریباً دو ڈگری سیلسیس کی بتدریج کمی آسکتی ہے، جبکہ اس کے بعد بھی کوئی نمایاں تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب، محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بہار اور تلنگانہ کے بعض علاقوں میں آج شدید گرمی (ہیٹ ویو) کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ مشرقی اتر پردیش اور ودربھ میں بدھ تک ہیٹ ویو کے حالات برقرار رہنے کا امکان ہے۔اسی طرح ساحلی کرناٹک، جھارکھنڈ، کوکن، گوا اور شمالی اندرونی کرناٹک میں دن کے وقت گرم اور مرطوب موسم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK