ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے،پیچھے کی جانب نقطوں والا چھوٹا ڈسپلے دیا گیا ہے جس کا نام’الائیو میٹرکس ڈسپلے‘ دیا گیا ہے،کیمرے ۲؍ ہی ہیں۔
ٹیکنوپووا ۸؍ کو آگے اور پیچھے-تصویر:آئی این این
اسمارٹ فونز کی قیمتیں اس وقت سے مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں جب سےمصنوعی ذہانت(اے آئی)سے وابستہ میموری بحران کا آغازہوا ہے۔ نہ صرف اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیاں اپنے آلات کوغیر معمولی قیمتوں پر متعارف کرا رہی ہیں بلکہ لانچ کے چند ماہ بعد ہی ان کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی کر دیا جاتا ہے۔ اس صورتحال نےخریداروں کو تذبذب میں مبتلا کر دیا ہے اور بہت سے لوگ یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ کیا۲۰۲۶ءمیں نیا اسمارٹ فون خریدنا واقعی فائدہ مند ہے یا نہیں۔
قیمت
ٹیکنو کا نیا پووا۸؍اب ایک ایسا کارنامہ انجام دینےکی کوشش کر رہا ہے جو بظاہر ناممکن دکھائی دیتا ہے۔ گزشتہ سال بجٹ اسمارٹ فون کے طور پر متعارف کرایا گیا یہ فون، جس کے ۸؍جی بی ریم اور ۱۲۸؍ جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت ۱۲؍ ہزار ۹۹۹؍روپے تھی، اب ۲۹؍ہزار ۹۹۹؍روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جو واضح طور پر مڈ رینج اسمارٹ فونز کے زمرے میں آتی ہے۔
ڈیزائن
پووا ۸؍کا ڈیزائن گزشتہ پووا ۷؍کےمقابلے میں خاصا مختلف اور تازہ محسوس ہوتاہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ڈیزائن نوجوان نسل کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔پچھلے حصے پر سرکٹ بورڈ جیسا نیم صنعتی انداز دکھائی دیتا ہے، جس سے مختلف تہوں کا احساس پیدا ہوتا ہے۔پچھلے ماڈل کی طرح کونے دار یا مثلثی کیمرا ماڈیول برقرار رکھا گیا ہے، تاہم اس بار کیمرا کٹ آؤٹ میں ایک چھوٹا ڈاٹ میٹرکس ایل ای ڈی پینل شامل کیا ہے، جسے کمپنی نے الائیو میٹرکس ڈسپلےکا نام دیا ہے۔
ڈسپلے
ڈسپلے کی شارپ نیس مناسب ہے اور رنگ قدرتی دکھائی دیتے ہیں، اگرچہ رنگوں کے لیے کوئی مخصوص موڈ دستیاب نہیں۔ تاہم اس میں چند نمایاں خامیاں موجود ہیں۔ سب سے پہلے، اس کی چمک ناکافی محسوس ہوتی ہے۔ گھر کے اندر تو ڈسپلے مناسب نظر آتا ہے لیکن کھلی دھوپ یا روشن ماحول میں اسکرین مدھم اور بے جان محسوس ہوتی ہے۔ ممبئی کی دوپہر کی دھوپ میں کیمرہ ایپ استعمال کرتے وقت تصویر کو واضح طور پر دیکھنا مشکل ہو گیا تھا۔
سافٹ ویئر
اگر آپ اینڈرائیڈ میں ایپل کے لکویڈ گلاس جیسے تجربے کی تلاش میںہیں تو ٹیکنو کا ہائی اوایس آپ کو پسند آ سکتا ہے۔اگرچہ ہائی او ایس واضح طور پر ایپل سے متاثر دکھائی دیتا ہے، لیکن اس میں چند منفرد خصوصیات بھی شامل ہیں۔ مثال کے طور پر ہوم اسکرین پر بعض وال پیپرز کے ساتھ ڈیپتھ ایفیکٹ دیا گیا ہے، جس میں آئیکونز تصویر کے مخصوص حصوں کے پیچھے دکھائی دیتے ہیں۔
ہارڈویئر
فون کا بنیادی ماڈل ۶؍ جی بی ریم کے ساتھ آتا ہے، جو اس کے بجٹ پس منظر کو دیکھتے ہوئے تو قابلِ فہم ہے، لیکن تقریباً ۳۰؍ہزار روپے قیمت والے فون کے لیے مناسب محسوس نہیں ہوتا۔
کیمرہ
فون کے پچھلے حصے پر موجود ٹرپل کیمرا سیٹ اپ درحقیقت محض ظاہری سجاوٹ ہے، کیونکہ استعمال کے لیے صرف ایک ہی اصل کیمرا دستیاب ہے۔ دوسرا سینسر اے آئی کیمرا ہے جو گہرائی سے متعلق معلومات جمع کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
بیٹری
اس میں۸؍ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے جو ۲۱؍ گھنٹے تک چلتی ہے۔۴۵؍واٹ فاسٹ چارجنگ کی سہولت دی گئی جس سےڈیڑھ گھنٹہ میں پورا چارج ہوجاتا ہے۔