یوپی اور بہار میں آندھی و آسمانی بجلی گرنے سے ۹؍افراد ہلاک۔
EPAPER
Updated: June 12, 2026, 10:46 AM IST | New Delhi
یوپی اور بہار میں آندھی و آسمانی بجلی گرنے سے ۹؍افراد ہلاک۔
مانسون نے جمعرات کوبہار میں باضابطہ طور پر دستک دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مزید علاقوں تک بھی پہنچ گیا ہے۔۴؍ جون کوکیرالامیں داخل ہونے کے بعد مانسون محض۸؍ دنوں میں۱۷؍ ریاستوں تک پہنچ چکا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے۲؍ سے ۳؍دنوں کے دوران مانسون کے یوپی ، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ اور اودیشہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔بہار کے۱۱؍ اضلاع میں جمعرات کی صبح سے آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع کھگڑیا میں آسمانی بجلی گرنے سے۵؍ افراد ہلاک جبکہ۴؍ دیگر جھلس گئے۔سپول، بکسر، پٹنہ سمیت پانچ اضلاع میںگہرے بادلوں کے باعث دن کے وقت اندھیرا چھا گیا، جس کے باعث لوگوں کو گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس جلا کر سفر کرنا پڑا۔اتر پردیش میں شدید آندھی کے باعث ایک پیٹرول پمپ کی چھت اڑ گئی، جبکہ ضلع چترکوٹ میں ساڑھے چار کروڑ روپے لاگت سے تعمیر شدہ آڈیٹوریم کی چھت بھی گر گئی۔بریلی، اٹاوہ، سیتاپور اور فیروز آباد میں آندھی اور طوفان کے مختلف واقعات میں۴؍ افراد ہلاک ہو گئے۔دوسری جانب پنجاب کے ضلع مانسا میں تیز آندھی کے دوران لوہے کا دروازہ گرنے سے 9 سالہ بچے کی جان چلی گئی۔گجرات کو چھوڑ کر ملک کی تقریباً تمام ریاستوں میں پری مانسون سرگرمیاں جاری ہیں۔دہلی میں خراب موسم کے باعث دو پروازوں کو جے پور کی جانب موڑنا پڑا۔ راجستھان کے مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ مدھیہ پردیش اتر پردیش، بہار، پنجاب، دہلی اورمغربی بنگال میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے جمعرات کو ۲۲؍ ریاستوں میں تیز بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ان میں راجستھان، مدھیہ پردیش، اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، اوڈیشہ، دہلی، پنجاب، ہریانہ،اتراکھنڈ،ہماچل پردیش،جموں کشمیر ،مغربی بنگال ودیگر کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔