Inquilab Logo

دسمبر میں ۱۳؍ہزار سے زائد نئی کمپنیوں کا اندراج ہوا

Updated: January 17, 2022, 12:37 PM IST | Agency | New Delhi

اس معاملے میں تمام ریاستوں میں مہاراشٹر سرفہرست ، متحرک کمپنیوں کی مجموعی تعداد ۱۴؍لاکھ سے تجاوزکرگئی

With the advent of new companies, the number of jobs will also increase..Picture:INN
نئی کمپنیوں کے آنے سے ملازمتوں کی تعداد بھی بڑھے گی۔۔ تصویر: آئی این این

معیشت کے تیزی سے پٹری پر لوٹنے کا ثبوت ہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں کمپنیز ایکٹ کے تحت۱۳۳۱۱؍کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جس سے ملک میں فعال کمپنیوں کی کل تعداد ۱۴؍لاکھ ۴۴؍ ہزار ۵۷۲؍ ہوگئی۔  کارپوریٹ امور کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ ماہانہ بلیٹن کے مطابق ۳۱۶۴ء۱۹؍ کروڑ روپے کے آتھورائزڈ کیپٹل کے ساتھ  دسمبر ۲۰۲۱ء  کے دوران کمپنیز ایکٹ۲۰۱۳ء کے تحت کل۱۳۳۱۱؍ کمپنیاں رجسٹر کی گئیں ۔ مختلف زمروں میں رجسٹرڈ کل کمپنیوں میں سے۸۱۱؍ ون پرسن کمپنیز ( او پی سی) ہیں ۔  دسمبر کے دوران کمپنیوں کے نئے رجسٹریشن کی فہرست میں مہاراشٹر سرفہرست ہے، اس کے بعد اتر پردیش اور دہلی کا نمبر ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا کہ  نئی رجسٹریشن کی اقتصادی سرگرمیوں کے مطابق اس گروپ میں رجسٹرڈ۳۵۰۸؍ کمپنیوں کے ساتھ ’بزنس سروس‘  سرفہرست ہے ۔ کل نئی رجسٹرڈ شدہ کمپنیوں میں سے۱۳۲۲۴؍ کمپنیوں کا جوائنٹ آتھورائزڈ کیپٹل۳۱۶۲ء۴۳؍کروڑ روپے رہا ۔  ٹیکس کنیکٹ ایڈوائزری سروسز ایل ایل پی کے وویک جالان نے کہا ’’ نئی رجسٹریشن کی زیادہ تعداد ملک کی اقتصادی سرگرمیوں میں آئی تیزی کا ثبوت ہے ۔ کئی کمپنیاں جو پہلے براہ راست ہندوستان کو برآمدات کرتی تھیں اب ملک میں اپنے دفاتر کھول رہی ہیں اور نئے پروکیورمنٹ قواعد کی وجہ سے مقامی یونٹس قائم کر رہی ہیں ۔ نئے قواعد کے تحت پبلک سیکٹر کے اداروں اور سرکاری محکموں کو صرف ان کمپنیوں سے سپلائی لینے کی ضرورت ہے جن کےسامان اور سروسیز میں۲۰؍ فیصد سے کم مقامی مٹیریل نہیں ہے۔   وزارت کے بلیٹن کے مطابق۳۱؍ دسمبر۲۰۲۱ء تک ملک میں کمپنیز ایکٹ کے تحت کل۲۲؍لاکھ ۷۶؍ہزار ۴۴۸؍ کمپنیاں رجسٹرڈ تھیں۔ ان میں سے۷؍لاکھ ۸۷؍ ہزار ۹۵۳؍کمپنیاں بند تھیں جبکہ۷۰۱۴؍کمپنیاں لیکویڈیشن کے عمل میں تھیں ۔  اسی طرح۳۴۵۵۴؍کمپنیاں رجسٹر سے الگ ہونے کے عمل میں ہیں اور۲۳۵۵؍کمپنیاں کمپنیز ایکٹ کے سیکشن۴۵۵؍ کے مطابق ’غیر فعال‘ ہو چکی ہیں۔ ۲؍ لاکھ۶۱؍ ہزار۶۴۲؍ کمپنیوں سمیت۱۴؍لاکھ ۴۴؍ہزار ۵۷۲؍ فعال کمپنیاں ہیں ، جنہیں گزشتہ ۱۸؍ ماہ میں شامل کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK