Inquilab Logo

بی ایم سی کی ۸۰؍ سے زیادہ خدمات وہاٹس ایپ پر دستیاب

Updated: January 15, 2022, 8:25 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے افتتاح کیا ، کہا کہ ’’بی ایم سی ملک کی پہلی ایسی بلدیہ ہے جس نے اپنی خدمات کو وہاٹس ایپ پر بھی جاری کیا ہے ‘‘ شہریوں کو گھر بیٹھے کئی سہولتیں میسر ہوں گی

Distinguished guests listening to Chief Minister uddhav Thackeray at the inauguration of WhatsApp services.
وہاٹس ایپ خدمات کے افتتاح کے موقع پر معزز مہمانان وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو بغور سنتے ہوئے۔

مکر سکرانتی کے موقع پر وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی ) کی  وہاٹس ایپ سروسیز ’چیٹ باٹ‘ کا افتتاح ویڈیو کانفرنسنگ پر کیا۔  بی ایم سی کی ۸۰؍ خدمات کو وہاٹس ایپ پر مہیا کرنے کا دعویٰ ممبئی کے میونسپل کمشنر اقبال چہل  نے کیا۔اس سہولت سے  شہری گھر بیٹھے ہی بی ایم سی کا لائسنس، برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری اور رینو کروا سکتے ہیں، اپنے وارڈ کی معلومات ،قریبی کووڈ سینٹر اور ویکسین سینٹر جیسی اہم معلومات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ ادھر وہاٹس ایپ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ بی ایم سی ملک کی پہلی بلدیہ  بن گئی ہے جس نے وہاٹس ایپ پر اس طرح کی سہولتیں مہیا کرائی ہیں۔اس آن لائن افتتاحی پروگرام میں شہرکے نگراں اور ٹیکسٹائل وزیر اسلم شیخ، ممبئی مضافاتی ضلع کے نگراں وزیر  اور مہاراشٹر کے ماحولیات اور سیاحت کے وزیر آدتیہ ٹھاکرے، اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک، وزیر ٹرانسپورٹ انل پرب، ممبئی کی میئر کشوری کشور پیڈنیکر، میونسپل کمشنر  اقبال سنگھ چہل، ایڈیشنل میونسپل کمشنر  اشوینی بھیڈے، اسسٹنٹ کمشنر شرد اوگھاڈے اور وہاٹس ایپ کے ڈائریکٹر (عوامی پالیسیوں) شیو ناتھ ٹھکرال کے ساتھ کارپوریشن کے مختلف محکموں کے متعلقہ افسران موجود تھے۔ تقریب کو مختلف سوشل میڈیا پر براہ راست نشر بھی کیا گیا۔
  اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جدید تکنالوجی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اسے اپڈیٹ کرنا بھی ضروری ہے۔ اگر ٹیکنالوجی کو عام لوگ استعمال نہیں کرتے ہیں تو ٹیکنالوجی مفید نہیں ہے، اس لیے یہ سوچنا بہت ضروری ہے کہ تیز رفتاری سے چلنے والی ٹیکنالوجی سے شہریوںکو کس طرح زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کرائی جاسکتی ہیں۔ کووڈ کے دوران کارپوریشن نے جو کام کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔وزیر اعلیٰ نے میونسپل کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ شہریوں کو اس بارے میں آگاہ کریں کہ بی ایم سی دراصل کیا ہے اور اس کا کیا  کام ہے۔
  اس تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئےممبئی شہر ضلع کے نگراں وزیر اور ٹیکسٹائل کے وزیر اسلم شیخ نے کہاکہ آدتیہ ٹھاکرے کے ذریعے جدید تکنالوجی کو متعارف کرنےکو ہمیشہ بہت سراہا گیا ہے۔ مجھے خاص طور پر خوشی ہے کہ ان کی کوششوں کی وجہ سے آج ممبئی والوں کو کارپوریشن کی مختلف خدمات اور سہولیات گھر بیٹھے دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں، ممبئی شہر بہت تیزی سے اور اچھے طریقے سے  ترقی کر  رہا ہے۔ کارپوریشن نے کوویڈ کے دوران جو کام کیا ہے وہ قابل ستائش ہے جس کا عالمی ادارہ صحت اور عالمی بینک نے بھی نوٹس لیا ہے۔
  ممبئی مضافات ضلع کے سرپرست وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ مکر سنکرانتی کے دن جو ٹیکنالوجی کے موافق تبدیلی ہو رہی ہے وہ بہت اچھی سمت میں ہو رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ان کے لیے بہت خوشی کا دن ہے۔ انہوں نے ممبئی والوں کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں بی ایم سی کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میئر کشوری پیڈنیکر نے کہا کہ کارپوریشن ممبئی والوں کو مختلف شہری خدمات فراہم کرنے میں ہمیشہ سب سے آگے رہتی ہے۔ اسی سلسلے صرف ایک وہاٹس ایپ میسج بھیج کر شہریوں کو مختلف خدمات، سہولیات اور معلومات فراہم کی جائیں گی جو کہ یقیناً ایک قابل تعریف اور قابل تحسین قدم ہے۔
   اس پروگرام کے دوران میونسپل انتظامیہ کی شہریوں کے تئیں ذمہ داری کو واضح کرتے ہوئے میونسپل کمشنر ڈاکٹر اقبال سنگھ چہل نے کہا کہ جمعہ سے شروع ہونے والے کارپوریشن کے وہاٹس  ایپ چیٹ باٹ میں شہریوں کو۸۰؍  سے زیادہ سہولیات آسانی سے دستیاب ہوں گی۔ اس وہاٹس ایپ نمبر پر شہری ، انتظامیہ سے متعلق  اپنی شکایتیں بھی بھیج سکیں گے ۔ اس کے علاوہ پیدائش یا موت کا سرٹیفکیٹ ،بی ایم سی لائسنس، کسی تقریب کیلئے یا منڈپ  لگانے کی اجازت لینا  اور دیگر سہولتیں شامل ہیں۔وہاٹس  ایپ پر بی ایم سی کے محکمہ کی معلومات، متعلقہ رابطہ نمبر جیسی مختلف معلومات حاصل کرنا بھی آسان ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK