• Tue, 30 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی کو بچانے کیلئے اختلافات کو بھلا کر شیوسینا (ادھو ) کیساتھ ملکر کام کریں

Updated: December 30, 2025, 1:18 PM IST | Agency | Mumbai

بی ایم سی الیکشن کے پیش نظر مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے کا پارٹی کارکنوں کو پیغام۔

Raj Thackeray and Uddhav Thackeray. Picture: INN
راج ٹھاکرے اور ادھو ٹھاکرے۔ تصویر: آئی این این
 مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے پیر کو اپنی پارٹی کے عہدیداروں کو پیغام دیا کہ وہ اختلافات کوبالائے طاق رکھ کر  شیو سینا (یو بی ٹی) کے ساتھ متحد ہوکر کام کریں تاکہ ممبئی کو بچایا جا سکے۔ رنگ شاردا آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہا کہ ’’کچھ لوگ ممبئی کو مہاراشٹر سے الگ کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں اور اس کے لیے منصوبہ بندی بھی ہو رہی ہے۔‘‘ ایم این ایس لیڈر بالا نندگاؤنکر کے مطابق، راج ٹھاکرے نے کہا کہ’’ممبئی کو توڑنے کا یہ خواب چکنا چور ہونا چاہیے۔ ممبئی مراٹھی مانس  اور مہاراشٹر کی ہے۔ یہ انتخاب مراٹھی عوام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ مہاراشٹر سے بڑھ کر کوئی لڑائی نہیں۔‘‘
راج ٹھاکرے نے کہا کہ پارٹی کارکنان کو اتحاد کی ذمہ داری نبھانی ہوگی کیونکہ ان بلدیاتی انتخابات میں ہر نشست اہم ہے۔ انہوں نے کہا، کہ ’’ممبئی کو بچانے کے لیے اپنے اختلافات ایک طرف رکھیں۔ پارٹی کارکنان اور مقامی عہدیداران کو شیو سینا (یو بی ٹی) اور این سی پی (ایس پی) کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لینا چاہیے، اور شیو سینا (یو بی ٹی) بھی بدلے میں یہی کرے گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (ایس پی) بھی اتحاد کا حصہ ہوگی۔ نندگاؤنکر نے بتایا کہ پیر کو اے بی فارم  جو باضابطہ امیدوار کے طور پر نامزدگی داخل کرنے کے لیے ضروری ہیں تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چند وارڈز کے لیے آخری مرحلے کی بات چیت اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اتحاد کی تشکیل کی وجہ سے کئی کارکنان کو ٹکٹ نہ ملنے پر مایوسی ہے، لیکن انہیں دل برداشتہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ آخری انتخاب نہیں ہے۔ خیال رہے کہ بی ایم سی الیکشن۱۵؍ جنوری کو ہوں گے۔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ۳۰؍ دسمبر ہے، جبکہ ووٹوں کی گنتی۱۶؍ جنوری کو کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK