Inquilab Logo

مہاراشٹر میں ۷؍ اکتوبر سےمساجد سمیت تمام عبادت گاہیں کھولنے کی اجازت

Updated: September 25, 2021, 7:57 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر اعلیٰ ادھونے کہا کہ کورونا سے تحفظ کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے

Chief Minister uddhav thackeray.Picture:Midday
وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے

شہر اور ریاست میں کورونا کے معاملات پوری طرح سے قابو میں آجانے اور حالات بڑی حد تک کنٹرول میں آجانے کے بعد سے طویل عرصے سے انتظار کیا جارہا تھا کہ عبادتگاہوں کو کھولنے کا اعلان بھی کیا جائے گا لیکن اس میں کافی تاخیر ہو رہی تھی لیکن اب  جمعہ کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اس تعلق سے اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۷؍اکتوبر (نوراتری کا پہلادن ) سے ریاست کےسبھی مذہبی مقامات کو عوام کیلئے کھولنے کی مشروط اجازت ہے۔ یہ اجازت دیتے ہوئےوزیر اعلیٰ نے عبادتگاہوں کے منتظمین اور عوام سے درخواست کی کہ وہ لاپروائی نہ کرتے ہوئے کورونا سے تحفظ کے اصولوں مثلاً ماسک پہننا، سماجی دوری برقرار رکھنا اور ہاتھوں کو بار بار سینی ٹائز کرنے  پر پابندی سے عمل کریں۔
  جمعہ کو وزیر اعلیٰ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کے بعد اب ہم نے ممکنہ تیسری لہر سے لڑنے کی تیاریاں بھی کر لی ہیں۔ ہر طرح سے احتیاط برتتے ہوئے ہم آہستہ آہستہ پابندیوں میں نرمی لارہے ہیں ۔اگرچہ اس وقت کورونا مریضوں کی تعداد کم ہو رہی ہے لیکن  ہمیں  اب بھی  بہت  محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔یہاں تک کہ اگر مذہبی مقامات عام شہریوں کیلئے کھولے جارہے ہیں تو وہاںکورونا سے بچاؤ کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔ چہرے پر  ماسک پہننا ، محفوظ فاصلہ برقرار اور جراثیم کش دواؤں کا استعمال مسلسل کیا جانا چاہئے تاکہ یہاں عبادت کرنے آنے والے لوگوں کو کوئی پریشانی نہ ہو اور کورونا کی وباء بھی پوری طرح سے قابو میں رہے۔ 
 وزیر اعلیٰ نےمزید کہاکہ مذہبی مقامات کے منتظمین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کورونا سے بچاؤ کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔ خود بھی عمل کریں اور عبادت کرنے والوں  سے بھی اس کی پابندی کروائیں۔ واضح رہے کہ شراب خانے اور سنیما ہال کھولنے کے بعد مذہبی مقامات کو کھولنے کا مطالبہ  بڑی شدت سے کیاجارہا تھا اور اس کی وجہ سے سرکار پر تنقیدیں بھی ہو رہی تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK