ایس آئی او کی جانب سے ۵؍ مقامات پر ایس ایس سی کے نصاب اور بورڈ کے پیٹر ن کے تحت ریاضی کا امتحان لیا گیا، بڑے پیمانے پرطلبہ نے شرکت کی
طلبہ نے پورے جوش وخروش کے ساتھ پرچہ دیا۔ تصویر: انقلاب
اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا( ایس آئی او) ناندیڑ ڈسٹرکٹ کے تحت ارتفاء ایجوکیشن فیسٹ ۲؍میں منعقد ہونے والا مسٹر اینڈ مس میتھامیٹکس امتحان نہایت کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔ امتحان ایس ایس سی کے نصاب اور بورڈ پیٹرن پر مبنی تھا۔اس امتحان کا مقصد ریاضی میں طلبہ کی صلاحیتوں کو پرکھنا اور آئندہ بورڈ امتحانات کیلئے تیار کرنا تھا۔
اس ٹیسٹ نے طلبہ کو حقیقی امتحانی ماحول کا عملی تجربہ فراہم کیا۔امتحان ضلع کے۵؍ مختلف مراکز پر منعقد ہوا۔مولانا آزاد اسکول، کھڑکپورہ (ناندیڑ) یوسفیہ اردو ہائی اسکول، پیر برہان (ناندیڑ)اقر۱ءہائی اسکول، حیدر باغ (ناندیڑ) بھوکر سینٹراَردھاپور سینٹر۔تمام مراکز پر ایس آئی اوکے اراکین نے نظم و ضبط، رجسٹریشن، پیپر ڈسٹری بیوشن اور بیٹھک کے انتظامات کو بہترین انداز میں انجام دیا۔ طلبہ کی وقت کی پابندی اور امتحانی ترتیب کو خصوصی طور پر یقینی بنایا گیا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس امتحان میں ضلع کے مختلف حصوں سے ۷۰۰؍ سے زائد طلبہ نے شرکت کی اور پورے جوش وخروش کے ساتھ پرچہ لکھا۔والدین، اساتذہ اور اسکول انتظامیہ نے اس علمی اقدام کی ستائش کی۔ایس آئی او ناندیڑ ڈسٹرکٹ کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی طلبہ کی رہنمائی کیلئے اسی طرح معیاری اور فائدہ مند تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔