پولیس کی فہرست میں بھنڈی بازار، کھڈے کی باڑی اور ڈونگری وغیرہ ۱۳؍ مقامات حساس قرار دیئے گئے ہیں، ان جگہوں پر خصوصی بندوبست اور نگرانی رکھی جائے گی۔
EPAPER
Updated: June 18, 2026, 11:33 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
پولیس کی فہرست میں بھنڈی بازار، کھڈے کی باڑی اور ڈونگری وغیرہ ۱۳؍ مقامات حساس قرار دیئے گئے ہیں، ان جگہوں پر خصوصی بندوبست اور نگرانی رکھی جائے گی۔
محرم کا چاند نظر آنے کے بعد وعظ اور مجالس محرم کا آغاز ہوچکا ہے۔ ممبئی اور بیرون شہر سے آنے والے علماء ، خطباء اپنے اپنے انداز میں فلسفہ شہادت امام حسین پر روشنی ڈال رہے ہیں جبکہ ذاکرین مجالس محرم میں واقعہ کربلا اور خانوادہ اہل بیت کی عظیم قربانی کو بیان کررہے ہیں۔۲۶؍ جون کو عاشورہ ہے ، اس موقع پر حسب روایت جلوس عاشورہ کا اہتمام کیا جائے گا۔
محرم کے وعظ اور مجالس کے تعلق سے ممبئی پولیس کی فہرست میں شہر اور مضافات میں۱۳؍ مقامات انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ ان جگہوں پر پولیس خاص نگرانی رکھےگی۔ ان علاقوں میں پیرولین پٹھان واڑی، امام باڑہ بی آئی ٹی چال ، کھڈے کی باڑی ، عاشق شاہ بخاری درگاہ، مسجد (ڈونگری) کاپڑ بازار (ماہم)، دھاراوی پھاٹک اور مورا روڈ، جاسمین مل روڈ (ساہو نگر)، بی ایم سی کالونی شیواجی نگر (گوونڈی)، نوپاڑہ قبرستان ، (باندرہ)، نتیانند نگر (گھاٹکوپر)، مالونی ملاڈ ،گیٹ نمبر۲،۳، اور۷؍، دارو والا ، کرلا مسجد پائپ روڈ اور لوٹس کالونی (گوونڈی ) شامل ہیں۔پولیس اور سی آئی ڈی اہلکار یہاں بطور خاص نگرانی کرتے ہیں۔ حسب ضرورت پولیس کا بندوبست بڑھا دیا جاتا ہے اور اگر واعظ یا ذاکر کی باتیں قابل اعتراض ہوتی ہیں اور پولیس کو شکایت ملتی ہے جس سے امن عامہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے تو پولیس اسے نوٹ بھی کرتی ہے۔ ویسے یہ بہت اچھی بات ہے کہ برسوں قبل سے کوئی ایسی بات سامنے نہیں آئی ہے ، ذمہ داران اور منتظمین بھی خیال رکھتے ہیں جس سے ایک دوسرے کا تعاون کرتے ہوئے محرم کے دس روزہ پروگرام اختتام کو پہنچتے ہیں اور عوام الناس بھی علماء اور ذاکرین کے بیانات سے استفادہ کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے پیشگی میٹنگ بھی کی جاتی ہے تاکہ فریقین کو یاد دہانی کرادی جائے کہ ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہوئے پروگرام کا انعقاد کریں اور کسی کو شکایت کا موقع نہ دیں۔