Inquilab Logo

ممبئی ایئر پورٹ ۱۸؍ اکتوبر کو مرمت کے کام کی خاطر ۶؍ گھنٹے تک بند رہے گا، کئی پروازیں معطل

Updated: September 27, 2022, 12:19 PM IST | Agency | New Delhi

چھترپتی شیواجی مہاراج ایئر پورٹ کے آپریٹر اڈانی گروپ نے یقین دلایا کہ مسافروںکو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی کیونکہ ان کی مقررہ پروازوں کو ری شیڈول کر دیا گیا ہے

The customer`s flight has already been rescheduled.Picture:INN
صارفین کی فلائٹ پہلے ہی ری شیڈول کر دی گئی ہے ۔ تصویر:آئی این این

ملک کا دوسرا مصروف ترین ایئرپورٹ اگلے ماہ ۶؍ گھنٹے کیلئےبند رہے گا۔ اس دوران  ممبئی ہوائی اڈے پر مین ٹیننس کے کام کی وجہ سے تمام پروازیں معطل رہیں گی۔  ہوائی اڈے کے آپریٹر اڈانی گروپ کے مطابق، ممبئی ہوائی اڈے کے ایک دوسرے کو ملانے والے دونوں رن وے  کی ۱۸؍ اکتوبر ۲۰۲۲ءکو مرمت کی جائے گی۔ اس کے  مین رن وے ۹؍۲۷ اور دوسرے رن وے ۱۴؍۳۲؍ سے روزانہ تقریباً ۸۰۰؍پروازیں چلائی جاتی ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں ہوائی جہازوں کی نقل و حرکت کے معاملے میں ممبئی ایئرپورٹ دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بعد دوسرے نمبر پر آتا ہے۔
کب بند رہے گا ایئرپورٹ ؟
 اڈانی گروپ نے بتایا کہ مرمتی کام کی وجہ سے رن وے ۱۸؍ اکتوبر کو صبح ۱۱؍ بجے سے شام ۵؍ بجے تک بند رہے گا۔ یہ رن وے کی مرمت کا حصہ ہے جو ہر سال مانسون کے بعد کی جاتی ہے تاکہ بارش میں آئی خرابی کو دوبارہ ٹھیک کیا جا سکے۔ مرمت کے دوران رن وے ۱۴؍۳۲؍کی ایج لائٹ کو بھی ٹھیک کیا جائے گا اور ایروناٹیکل گراؤنڈ لائٹ کو بھی اپ گریڈ بھی کیا جائے گا۔
مسافروں پر کیا پڑسکتا ہے اثر
 چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے نے کہا ہے کہ رن وے بند ہونے کی وجہ سے مسافروں کی سہولت کیلئے تمام پروازوں کو پہلے ہی ری شیڈول کر دیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے مرمت کے دوران پروازیں متاثر ہونے کے باوجود مسافروں کو تکلیف نہیں ہوگی۔ ۱۸؍ اکتوبر کو صبح ۱۱؍ بجے سے شام ۵؍ بجے کے درمیان تمام پروازوں کو پہلے یا بعد کے وقت کیلئے ری شیڈول کر دیا گیا ہے ۔ لہٰذا  مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ممبئی ہوائی اڈے  سے ملک میں دوسری سب سے زیادہ پروازیں آپریٹ کی جاتی ہیں۔ جب یہ ہوائی اڈہ اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرے گا تو یہ سالانہ ۹؍ کروڑ مسافروں کی نقل و حرکت کو سنبھال سکتا ہے۔ کورونا کےدوران پابندی کے باعث پروازوں میں کمی آئی تھی لیکن اب مسافروں کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ ۱۷؍ ستمبر کو ممبئی ایئرپورٹ پر ایک ہی دن میں ریکارڈ ایک لاکھ ۳۰؍ ہزار ۳۷۴؍ مسافر پہنچے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK