Updated: November 26, 2026, 7:30 PM IST
| Indore
قدیم باوڑیوں سے متاثر، قدرتی روشنی، ہوا اور بارش کے پانی کے بہتر استعمال پر مبنی پریسٹیج یونیورسٹی اندور کی عمارت کو عالمی سطح پر بہترین تعمیراتی منصوبہ قرار دیا گیا ہے۔ ممبئی کی آرکیٹیکچر فرم سنجے پوری آرکیٹیکٹس نے ورلڈ آرکیٹیکچر فیسٹیول ۲۰۲۶ء میں ’ورلڈ بلڈنگ آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
یونیورسٹی کا کیمپس اور سنجے پوری۔ تصویر: ایکس
ممبئی کی آرکیٹیکچر فرم سنجے پوری آرکیٹیکٹس نے اندور میں واقع پریسٹیج یونیورسٹی کے منصوبے کے لیے ورلڈ آرکیٹیکچر فیسٹیول ۲۰۲۶ء میں ’ورلڈ بلڈنگ آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔ گزشتہ ہفتے فلوریڈا میں منعقد ہونے والے اس فیسٹیول میں فرم کے پانچ منزلہ عمارت کے ڈیزائن کو عالمی سطح پر بہترین قرار دیا گیا۔ یہ عمارت قدیم باوڑیوں کے طرزِ تعمیر سے متاثر ہے اور اسے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس کی ساخت اور استعمال میں لچک برقرار رہے۔ اس میں طلبہ کے باہمی میل جول کے لیے مختلف جگہیں، ہوا کی آمدورفت اور قدرتی روشنی کا وافر انتظام کیا گیا ہے۔ ۲؍ ہزار ۲۱۵؍ مربع میٹر کے رقبے پر قائم عمارت میں متعدد صحن بنائے گئے ہیں، جن کی وجہ سے ۳۲؍ ایکڑ پر پھیلے یونیورسٹی کیمپس میں داخل ہوتے ہی عمارت نمایاں طور پر نظر نہیں آتی۔
یہ بھی پڑھئے: سورَو داس کے پاسپورٹ کی تفصیلات لیک، BJP سے وابستہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر الزام
اُجین۔اندور شاہراہ کے قریب واقع اس عمارت کے ڈیزائن کا بنیادی خیال یہ تھا کہ اسے پہلی نظر میں عمارت کے بجائے ایک باغ یا کھلی جگہ محسوس ہونا چاہیے۔ سنجے پوری کے مطابق، وہ چاہتے تھے کہ عمارت موجود تو ہو، لیکن پہلی نظر میں اس کا احساس نہ ہو۔ اسی مقصد کے تحت عمارت کو زمین کے پچھلے حصے میں بنایا گیا اور صحنوں اور سیڑھیوں کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا کہ وہ سامنے سے دکھائی دیں۔ سنجے پوری ملک بھر میں ماحول، مقام اور آب و ہوا کے تقاضوں کے مطابق عمارتیں ڈیزائن کرنے کے لیے معروف ہیں۔ وہ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے تعلیمی اداروں، رہائشی منصوبوں اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں کام کررہے ہیں اور کئی بین الاقوامی ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔ ان کے بیشتر منصوبوں میں موسم کے اثرات سے تحفظ اور قدرتی وسائل کے بہتر استعمال کو اہمیت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: حجاب سے متعلق الہ آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ نظیر نہیں قرار پائے گا
اس عمارت کی چھتوں کو مختلف منزلوں پر باغات اور راستوں کی شکل دی گئی ہے، جہاں طلبہ اور اساتذہ چہل قدمی کرسکتے ہیں۔ یہ چھتیں بارش کے پانی کو جمع کرنے اور زمین میں جذب کرنے کے مراکز کے طور پر بھی کام کرتی ہیں۔ عمارت میں پانی ذخیرہ کرنے کا ایسا نظام بنایا گیا ہے جو سال بھر کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ اضافی پانی بھی جمع کرتا ہے، جس سے زیرِ زمین پانی کی سطح کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ عمارت کی سطح کا سولر ریفلیکٹیو انڈیکس عام عمارتوں کے مقابلے میں دوگنا ہے، جس کی وجہ سے براہِ راست دھوپ اندر نہیں پہنچتی اور توانائی کی کھپت کم ہوتی ہے۔ سنجے پوری کے مطابق، یہاں کھڑکیوں پر پردوں یا بلائنڈز کی ضرورت نہیں پڑتی، جب کہ شدید گرمی میں بھی کیفے ٹیریا کو ایئر کنڈیشنر کے بغیر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آج اعظم خان کی موجودگی میں ایس پی کا انتخابی منشور جاری ہوگا
سنجے پوری کے منصوبوں میں عموماً سیدھی لکیروں کے بجائے منفرد خم دار ساختیں نظر آتی ہیں، جن کے پیچھے زمین، دھوپ اور ماحول کا تفصیلی مطالعہ ہوتا ہے۔ اس عمارت میں بھی صحنوں کے قدیم تصور کو جدید انداز میں اپنایا گیا ہے، لیکن ایک بڑا صحن بنانے کے بجائے کئی چھوٹے صحن تعمیر کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق، اندور کے موسم میں ایک بڑا صحن زیادہ تر ناقابلِ استعمال رہتا، اس لیے ۴×۴، ۸×۸ اور ۱۶×۱۶؍ میٹر کے مختلف سائز کے صحن بنائے گئے تاکہ طلبہ انہیں آسانی سے استعمال کرسکیں۔ کیمپس میں زیرِ تعلیم تقریباً پانچ ہزار طلبہ کے لیے چھتوں کے باغات اور کھلے صحن آرام، مطالعے اور تفریح کی جگہیں بن گئے ہیں، جہاں وہ شام کو گٹار بجا سکتے ہیں، امتحانات کی تیاری کرسکتے ہیں یا دوستوں کے ساتھ وقت گزار سکتے ہیں۔