Inquilab Logo Happiest Places to Work

آن لائن مکان شماری میں ممبئی ومضافات کے شہری پیش پیش رہے!

Updated: May 19, 2026, 7:05 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ممبئی اور ممبئی مضافاتی اضلاع کے ایک لاکھ ۸۲؍ ہزار سے زائد شہریوں نے’سیلف انومریشن‘ میں حصہ لیا۔ مردم شماری ڈائریکٹوریٹ کے یکم مئی تا ۱۵؍ مئی تک ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق ممبئی سمیت مہاراشٹر کے مختلف شہر اور اضلاع میں کل ملا کر ۱۲؍ لاکھ ۶۰؍ ہزار شہریوں نے اپنے مکانات کی تفصیلات فراہم کی ہیں

In the census, people will now go door-to-door at designated locations and fill out online forms. Photo: INN
مردم شماری کے مکان شماری مرحلے میں اب مقرر کئے گئے اہلکار گھر گھر جاکر آن لائن طریقے سے فارم بھریں گے۔ تصویر: آئی این این

ممبئی:ایک طرفجہاںبروزجمعہ ۱۵؍ مئی کو گھرو ں کی آن لائن مردم شماری(سیلف انومریشن) کرنے کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے ۔ وہیں بروز پیر ۱۸؍ مئی سے شہر ہی نہیں بلکہ ریاست کے الگ الگ شہروں اور اضلاع میں مردم شماری کے لئے تعینات کئے گئے ٹیچر اور مختلف سرکاری اداروں کے ملازمین و افسران نے گھر گھر جاکر مردم شماری کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔

۲۰۱۱ء کے بعد کرائی جانے والی مردم شماری کی خاص بات یہ ہے کہ گھروں سے متعلق کی جانے والی مردم شماری کے لئے جو آن لائن تفصیلات مہیا کرانے کی سہولت فراہم کی گئی تھی، اس میں عروس البلاد ممبئی کے شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے ۔  مردم شماری ڈائریکٹوریٹ کی اس ضمن میں ترتیب کردہ رپورٹ کے مطابق یکم مئی سے ۱۵؍ مئی تک آن لائن مردم شماری کی تفصیلات درج کرنے کے لئے شہری اور ریاستی سطح پر کل ۱۲؍ لاکھ ۶۰؍ ہزار ۹۵۰؍ شہریوں نے دلچسپی دکھائی تھی لیکن ۱۱؍ لاکھ ۱۴؍ ہزار ۲۷۷؍ شہری ہی مکمل طور پر آن لائن تفصیلات درج کرنے میں کامیاب ہوسکے ہیں ۔

 

یہ بھی پڑھئے : ایس ٹی کرایے میں اضافے کی تجویز زیرغور

 

ریاست بھر کی صورتحال کیا رہی؟

شہری اور ریاستی سطح پر اس ضمن میں جو ریکارڈ درج کیا گیا ہے ، اس میں سب سے زیادہ پونے ضلع کے شہریوں نے دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔  ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق گھروں کی  تفصیلات فراہم کرنے کے لئے ایک لاکھ ۵۳؍ ہزار ۵۶۸؍ شہریوں نے  آن لائن طریقے سے فارم بھرا ہے ۔ اس کےبعد ممبئی سب اربن ڈسٹرکٹ کے ایک لاکھ ۲۱؍ ہزار ۶۸؍ شہریوں  نے آن لائن سیلف انومریشن کے ذریعے اپنے مکانات کی تفصیلات کی جانکاری جمع کرائی ہے۔  اس کے علاوہ تھانے  ضلع کے شہری مکانات کی آن لائن مردم شماری کرنے میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے ۔ تھانے کے کل ایک لاکھ ۱۶؍ ہزار۵۱۲؍ شہریوں نے اس عمل کو بخوبی انجام دیا ہے ۔ممبئی ضلع میںاس معاملے میں ۶۱؍ہزار ۲۹۵؍ شہریوں نے فارم مکمل طور پر بھرا ہے۔  وہیں دوسری طرف ریاست کے الگ الگ شہر اور اضلاع میں آن لائن درج کئے جانے کی ضمن میں جو ریکارڈ ترتیب دیا گیا ہے ان میں سب سے کم گڈچرولی میں۳؍ ہزار ۶۸۸؍ گوندیا میں ۳؍ ۸۸۱ اور ہنگولی میں ۴؍ ہزار ۸۲۳؍ شہریوں نے ہی اپنے گھروں کی تفصیلات درج کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

 

یہ بھی پڑھئے : مہنگائی کے خلاف شیو سینا(ادھو) کا تھانے میں زبردست احتجاج

 

مردم شماری ڈائریکٹوریٹ کا کیا کہنا ہے؟

ریاست کےدیگر دیہی علاقوں اور اضلاع میں آن لائن مردم شماری کم ہونے سےمتعلق مردم شماری ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ ’’ اکثر و بیشتر علاقوں میں انٹر نیٹ کی سہولت نہ ہونے اور ناقص انٹر نیٹ سروس ہونے کے سبب آئن لائن مردم شماری کرنے میں لوگوں نے دلچسپی نہیں دکھائی ہے ۔ اس کے علاوہ لوگ موبائل سے آن لائن مردم شماری کرنے کے خواہشمند تھے انہیں بھی نیٹ کی ناقص سروس کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔بعد ازیں مذکورہ مردم شماری کے تعلق سے ترتیب کردہ ریکارڈ کے مطابق ۲۰۱۱ء میں گھروں کے تعلق سے کی گئی مردم شماری کے مقابلہ ۲۶۔۲۰۲۷ء میں گھروں کی تعداد ۲؍ کروڑ ۸۰؍ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے ۔۲۰۱۱ء میں کی گئی مردم شماری میں شہر اور ریاست میں کل ۲۳ء۸؍ ملین گھروں کا اندراج کیاگیاتھا۔وہیںاب ۲۶۔۲۰۲۷ء گھروں کی تعداد ۲۸؍ ملین تک پہنچ چکی ہے ۔مردم شماری ڈائریکٹوریٹ کے بقول ۱۸؍ مئی سے۲؍ لاکھ ۶۴؍ہزار مردم شماری کرنے والے افسران گھر گھر جاکر ۱۴؍ جون تک شہریوں کے گھروں کی تفصیلات کا اندراج کریں گے ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK