ملک میں لگاتار بڑھتی مہنگائی، پیٹرول، ڈیزل، گیس کی آسمان چھوتی قیمتوں اور مرکزی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کے خلاف شیوسینا (اُدھو) پارٹی کی جانب سے پیر کوتھانے ریلوے اسٹیشن کے قریب زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج۔ تصویر:آئی این این
ملک میں لگاتار بڑھتی مہنگائی، پیٹرول، ڈیزل، گیس کی آسمان چھوتی قیمتوں اور مرکزی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کے خلاف شیوسینا (اُدھو) پارٹی کی جانب سے پیر کوتھانے ریلوے اسٹیشن کے قریب زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے مرکزی حکومت کیخلاف زبردست نعرے بازی کی جن میں’’ عوام پریشان اور مودی غیر ملکی دوروں میں مست‘‘، ’’ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ منسوخ کرو، منسوخ کرو‘‘،’’ٹرمپ بولے، مودی ڈولے‘‘،جیسے نعرے شامل تھے۔ اس کے علاوہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف عام شہریوں کی دستخطی مہم بھی چلائی گئی جس پر عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔شرکاء نے کہا کہ ا سمبلی انتخابات میں بی جے پی نے گاڑیوں میں انتخابی مہم کیلئے ہزاروں لیٹر ایندھن کا استعمال کیا، مودی نے انتخابی مہم کیلئے ہوائی جہاز سے سفر کیا۔ انہوں نے جھوٹی یقین دہانی کرائی کہ وہ ایندھن کی قیمتوںمیں اضافہ نہیں ہونے دیں گے۔ عالمی حالات سے باخبر ہونے کے باوجود مودی نے ایندھن اور سرکاری خزانہ ضائع کیا اور انتخابات ہوتے ہی غیر ملکی دورے پر نکل گئے۔ اس موقع پر سابق ایم پی راجن وچارے نے مرکزی حکومت کی غلط اقتصادی پالیسیوں اور ناکام خارجہ پالیسی پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت ’اچھے دن‘کے نام پر عام آدمی کی جیبیں کاٹ کر صرف مٹھی بھر صنعتکاروں کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے۔
مراٹھی سائن بورڈکا معاملہ، ۳؍ دنوں میں ۳۰۰؍دکانوںکو نوٹس
بی جے پی اورشیوسینا (شندےگروپ) کے اصرار پر بی ایم سی نے ایک مرتبہ پھر دکانوں پر مراٹھی سائن بورڈ نصب کرنے کی تحریک شروع کی ہے۔ گزشتہ ۳؍دنوں میں تقریباً ۳۰۰؍ دکانوں کے خلاف مہاراشٹر شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ ایکٹ کے تحت نوٹس جاری کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ بی ایم سی نے اس دوران ۹؍ہزار ۳۰۶؍ دکانوں کا معائنہ کیا۔ جن دکانوں پر مراٹھی بور ڈنہیں ہیں ان کےخلاف کارروائی کی جا رہی ہے ۔مراٹھی بورڈ کا مسئلہ جو تقریباً ۳۔۲؍سال سے غیر فعال تھا، ایک بار پھر اُٹھایا گیا ہے ۔ ممبئی میں دکانوں پر مراٹھی رسم الخط میں نام کی تختیاں لگانا لازمی ہے ۔ اس کے باوجود یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ زیادہ تر دکانوں پر مراٹھی نام کی تختیاں نہیں لگائی جا رہی ہیں۔ گزشتہ ہفتے منعقدہ قانونی کمیٹی کی میٹنگ میں بی جے پی کے کارپوریٹر تیجندر سنگھ ٹوانہ نے یہ معاملہ اُٹھایا تھا۔ اس کے بعد شیوسینا نے بھی اس معاملے کو اُٹھایا۔
میونسپل کارپوریشن کے اے، بی اور پی ساؤتھ وارڈوں کے دفاتر کی حدود میں قائم دکانوں اور اداروں کا گزشتہ ۳؍دنوں کے دوران معائنہ کیا گیا۔ پہلے دن یعنی جمعرات کو میونسپل کارپوریشن کے اے وارڈ میں مصروف مقامات اور اہم سڑکوں پر مہم چلائی گئی ۔ اس دوران میونسپل کارپوریشن کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے متعلقہ اداروں کو مہاراشٹر شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ ایکٹ کے تحت نوٹس جاری کیا گیا۔ پی ساؤتھ اور بی وارڈ میں بھی کارروائی کی گئی۔ کل ۹؍ہزار ۳۰۶؍ دکانوں اور ادارو ں کامعائنہ کیا گیاجن میں سے ۲۹۶؍ کو مراٹھی سائن بورڈ نصب نہ کرنے کی وجہ سے نوٹس دی گئی ۔اگر اس کے بعد بھی خلاف ورزی کی گئی تو ان دکانوںپرعدالتی مقدمہ دائر کرنے کا بھی اشارہ دیا گیا ہے اور جرمانہ بھی عائد کیاجائے گا۔