• Fri, 04 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سابق آئی اے ایس افسر اعزازالدین شیخ کا ممبئی میں انتقال

Updated: August 30, 2024, 5:47 PM IST | Sharjil Qureshi | Jalgaon

مرحوم فوج میں کیپٹن ہوا کرتے تھے، حادثے کے سبب ریٹائر ہوئے اور امتحان دے کر آئی اے ایس افسر ہو گئے

late Aizazuddin Sheikh.Photo: INN.
مرحوم اعزازالدین شیخ۔ تصویر: آئی این این۔

سابق آئی اے ایس افسر کیپٹن اعزاز الدین شمس الدین شیخ (۸۴) جمعرات کو انتقال کرگئے۔ مرحوم کی تدفین آج بعد نماز جمعہ سندھو درگ ضلع کے کنکولی علاقےمیں ہوگی جہاں ان کا سسرال واقع ہے۔ مرحوم کا تعلق جلگاؤں شہر سے تھا۔ ملازمت سے سبکدوش ہونے کے بعد وہ ممبئی کے مجگائوں گارڈن سے قریب سکونت پذیر تھے۔ 
مرحوم آرمی میں کیپٹن تھے، اسی دوران ایک حادثے میں ان کے پیر میں شدید چوٹ آئی جسکے بعد انہوں نے آرمی سے ریٹائرمنٹ لے لیا اور آئی اےایس افسر بن کر دھولیہ اورجالنہ میں بطور ضلع مجسٹریٹ خدمات انجام دیں۔ پھر منترالہ میں سیکریٹری کے عہدے پر فائز ہوئے اور وہیں سے سبکدوش ہوئے۔ مرحوم کی ابتدائی تعلیم جلگائوں میونسپل اردو اسکول نمبر۱۰؍ میں ہوئی تھی۔ ان کے بھتیجے التمش خان (جلگاؤں ) نے بتایا کہ ’’پیر میں تکلیف کے سبب وہ کچھ دنوں سے ممبئی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں انہوں نے آخری سانس لیا۔ ‘‘ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔ یہ دونوں امریکہ میں ہیں۔ ان کے آنے کے بعد ہی تدفین ہوگی۔ 
مرحوم کے ہم جماعت رہ چکے معروف ادیب قاضی مشتاق احمد (پونے) نےبتایا کہ ’’میں ، مرحوم اعزاز الدین یعنی کیپٹن صاحب، کرنل عبدالطیف اور ڈاکٹر امان اللہ شاہ طالب علمی کے زمانے سے دوست تھے، اینگلو اردو اسکول کے معلم کبیر الدین قریشی نے ہمارا انتخاب مقابلہ جاتی امتحان اور انگریزی زبان کیلئے کیا تھا۔ ہم ان سے روزانہ کلاس لیا کرتےتھے۔ مرحوم محسن اور مخلص انسان تھے۔ اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK