سنیچر کو تقریباً۳؍بجے ویرار فاسٹ لوکل (دادر اور بوریولی کے درمیان)ٹکٹ چیکر اور مسافروں کے درمیان شدید اختلاف پیدا ہوگیا۔
EPAPER
Updated: August 03, 2025, 10:06 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
سنیچر کو تقریباً۳؍بجے ویرار فاسٹ لوکل (دادر اور بوریولی کے درمیان)ٹکٹ چیکر اور مسافروں کے درمیان شدید اختلاف پیدا ہوگیا۔
سنیچر کو تقریباً۳؍بجے ویرار فاسٹ لوکل (دادر اور بوریولی کے درمیان)ٹکٹ چیکر اور مسافروں کے درمیان شدید اختلاف پیدا ہوگیا۔ دراصل اس وقت ڈپٹی ٹکٹ چیکر شمشیر ابراہیم ڈیوٹی پر تھے۔ جانچ کے دوران فرسٹ کلاس ڈبے میں دادر سے ویرار جانے والے ۳؍ مسافروں کے پاس سیکنڈ کلاس کے ٹکٹ پائے گئے۔ مزید جانچ پڑتال پر، ایک مسافر اندھیری اور بوریولی کے درمیان مکمل طور پر بغیر ٹکٹ پایا گیا۔ تینوں مسافروں کو مزید کارروائی کے لئے بوریولی اسٹیشن پر اترنے کی ہدایت دی گئی۔ اس کے بعد، مسافروں کو ٹکٹ چیکروں کے دفتر لے جایا گیا۔ ٹی سی آفس میں لے جانے اور کارروائی کے سبب غصے کی وجہ سے ایک مسافر جارحانہ اندازاپناتے ہوئے تشددپر آمادہ ہوگیا اور اس نےدفتر میں رکھے کمپیوٹر وغیرہ کو نقصان پہنچایا۔ اس دوران ریلوے عملہ اور مسافر زخمی بھی ہوگئے۔ دونوں کو فوری طور پر طبی امداد کےلئے بھیج دیا گیا اور مزید قانونی کارروائی کے لئے گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کے حوالے کیا گیا۔
ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آراو ونیت ابھیشیک سے استفسار کرنے پر انہوں نے واقعے کی توثیق کرتے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ ’’ مسافروں نے دہرا جرم کیا۔ ایک توبلا ٹکٹ تھے اور دوسرے جن کےپاس ٹکٹ تھا وہ دوسرے درجے کاتھا اورفرسٹ کلاس میں سفر کررہےتھے۔ اصولاً ان کواپنی غلطی کا اعتراف کرنا چاہئے تھا اورٹکٹ چیف اسٹاف سے تعاون کرنا چاہئے تھا مگراس کے برخلاف وہ تشدد پرآمادہ ہوگئے۔ اس لئے گورنمنٹ ریلوے پولیس قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔ ‘‘