Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی:بارش رکتے ہی گرمی میں اضافہ ،شہری پریشان

Updated: May 13, 2025, 10:46 AM IST | Mumbai

گزشتہ ہفتہ بے موسم بارش سے درجہ ٔ حرارت میں کمی آنے سے جو راحت ملی تھی وہ ختم ہو گئی ، نمی میں اضافہ سے گرمی بڑھ گئی ۔شہری چلچلاتی دھوپ سے بچنے کے اقدامات پر مجبور

Citizens can be seen trying to escape the scorching sun.
شہری تیزدھوپ سے بچنے کی کوشش کر تے ہوئے دیکھےجاسکتے ہیں

 گزشتہ ہفتہ ممبئی اور مضافات میں مسلسل ۳؍ دنوں تک بے موسم بارش ہونے کے سبب شہریوں کو شدید گرمی سے راحت ملی تھی لیکن بارش کا سلسلہ رکتے ہی ایک بار پھر گرمی میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ بارش کے سبب زیادہ سے زیادہ درجہ ٔ حرارت میں تقریباً ۵؍ ڈگری سیلسیئس کی کمی درج کی گئی تھی لیکن پیر کویہ پھر بڑھ کر ۳۴ء۶؍ ڈگری سیلسیئس پر پہنچ گیا۔اسی گرمی اور چلچلاتی دھوپ سے راحت پانے کیلئے کئی شہری مختلف اقدام کرتے ہوئے نظر آئے۔درجہ ٔ حرارت میں اضافے کے ساتھ ہی نمی کی سطح بھی بڑھ گئی ہے جس سے ممبئی کے شہریوں کو پسینہ آ رہا ہے۔ ہوا میں نمی کی سطح دن کے وقت ۶۰؍ فیصد اور رات کے وقت بڑھ کر۷۴؍فیصد تک پہنچ گئی۔ زیادہ نمی کی وجہ سے۳۴؍ ڈگری سیلسیئس درجہ حرارت میں بھی ۳۷؍  ڈگری سیلسیس کا احساس ہو رہا ہے۔
 محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ ۲؍ دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں تقریباً ۲؍ ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ ٔحرارت میں ۵؍ ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ  درجہ حرارت مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور یہ ۳۵؍ ڈگری سیلسیئس تک پہنچ سکتا ہے۔
 واضح رہے کہ ممبئی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارش کی وجہ سے ماحول ٹھنڈا ہو گیا تھا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت، جو۳۴؍ ڈگری سیلسیس تھا، وہ کم ہو کر ۳۲؍ ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا۔  اسی طرح کم سے کم درجہ حرارت جو عموماً ۲۷؍ اور ۲۶؍ ڈگری سیلسیئس درج کیا جاتا ہے وہ ، گر کر ۲۰؍  ڈگری سیلسیئس تک پہنچ گیا تھا۔ 
  محکمہ موسمیا ت کے مطابق پیر کو ممبئی کے سانتاکروز میں زیادہ سے زیادہ درجہ ٔ حرارت ۳۴ء۶؍ ڈگری درج کیاگیا جو کہ معمول سے ایک ڈگری زیادہ ہے ۔ اسی طرح کم از کم درجہ ٔ حرارت ۲۵ء۸؍ ڈگری درج کیاگیا جو معمول سے تقریباً ایک ڈگری کم ہے۔اس دوران ہوا میں ۷۲؍ فیصد رطوبت پائی گئی ہے ۔ آئندہ ۳؍ دنوں تک یہاں کے درجہ ٔ حرارت کم از کم ۲۶؍ اور زیادہ سے زیادہ ۳۵؍ ڈگری کے درمیان ہونے کا اندیشہ ظاہر کیاگیا ہے۔
 ممبئی کے قلابہ میں پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ ٔ حرارت ۳۳ء۴؍ ڈگری سیلسیئس درج کیاگیا جو معمول کے درجہ ٔ حرارت سےتقریباً ایک ڈگری زیادہ ہے جبکہ کم از کم درجہ ٔ حرارت ۲۶ء۸؍ ڈگری ریکارڈکیاگیاہے جو معمول جتنا ہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ۳؍ تا ۴؍ دنوں تک یہاں کا درجہ ٔ حرارت ۲۶؍ تا ۳۴؍ ڈگری سیلسیئس رہنے کی امید ہے۔منگل کو بھی ممبئی میں یہاں مطلع آبر آلود ہو گا اور چند مقامات پر گھن گرج کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
رات کو گرمی بڑھے گی، دو دن بوندا باندی
 اگرچہ ممبئی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۴؍ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا، لیکن رات کے درجہ حرارت میں مزیدایک سے ۲؍ ڈگری سیلسیس کا اضافہ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق۱۷؍ مئی تک کم سے کم درجہ حرارت ۲۶؍ اور ۲۷؍ ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا، ایسے میں ممبئی والوں کو دن میں یا رات کے وقت بھی گرمی سے کوئی راحت نہیں ملے گی۔ ہوا میں نمی کی سطح زیادہ ہونے کے باعث محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پیر اور منگل کی شام کو گھن گرج کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
 ماہر موسمیات راجیش کپاڈیہ کے بقول مانسون ۱۴؍ تا ۱۵؍مئی انڈمان اور نکوبار پہنچ سکتا ہے۔ وہاں سے کیرالہ پہنچنے میں۱۵؍دن اور کیرالہ سے ممبئی پہنچنے میں۱۰؍ دن لگتے ہیں۔ اس حساب سے ممبئی میں مانسون ۱۰؍ جون تک  پہنچ سکتا ہے تب تک گرمیں برداشت کرنی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK