Inquilab Logo

ممبئی سے نشہ کی لت کے خاتمے کاعہد کیا گیا ہے:ستیہ نارائن

Updated: December 03, 2023, 9:30 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

پترکار وکاس سنگھ کی صحافیوں کے لئے ۱۵؍ ویں سالانہ ایوارڈ کی تقریب میں جوائنٹ سی پی لاء اینڈ آرڈر کا اظہار خیال۔ صحافیوں کو ہر ممکن‌ تعاون کی اسمبلی اسپیکر کی یقین دہانی

Joint CP Law and Order Satyanarayan Chaudhary speaking.
جوائنٹ سی پی لاء اینڈ آرڈر ستیہ نارائن چودھری خطاب کرتے ہوئے۔

’ممبئی سے نشہ کی لت کے خاتمے کا عہد کیا گیا ہے، یہ بہت سنگین مسئلہ ہے، اس کے لئے صحافیوں اور سماج کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ ڈرگس بیچنے والے مافیا بچنے نہ پائیں۔‘‘  یہ باتیں جوائنٹ سی پی لاء اینڈ آرڈر ستیہ نارائن چودھری نے پترکار وکاس سنگھ( الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کی تنظیم) کے۱۵؍ ویں سالانہ ایوارڈ کی تقریب میں سنیچر کی صبح ہوٹل سائی پیلیس میں کہیں۔
’’کئی خاندان ذاتی طور پر ملتے ہیں ‘‘
 انہوں نے  مزیدکہا کہ’’ کئی خاندان مجھ سے ذاتی طور پر ملتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کی اکلوتی اولاد نشے کی لت میں مبتلا ہے، اسے کیسے اس دلدل سے نکالیں؟ اس لئے اس حساس مسئلے کی نزاکت کو محسوس کرتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ سچ ہے کہ پولیس کام کررہی ہے لیکن میڈیا اور سماج کے تعاون  ہی سے نشہ کے خلاف موثر کارروائی  کے ذریعہ ہی اس کو ختم کیا جانا ممکن ہے۔ اگر ہم سب طے کرلیں اور اس برائی سے سماج  اور نئی نسل کو بچانے کیلئے اپنا رول نبھائیں تو ڈرگس مافیا کی کمر توڑی جاسکتی ہے اور نئی نسل کے اس لعنت سے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ‘‘
  جوائنٹ پولیس کمشنر لاء اینڈ آرڈر نے یہ بھی کہا کہ’’میں نے صحافیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ بعض دفعہ کوئی حادثہ ہو یا جرائم، صحافی پولیس سے پہلے جائے وقوع پر پہنچ جاتے ہیں اور خطرات مول لے کر اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہیں ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ صحافیوں کو معلومات مزید آسانی کے ساتھ اور جلدی فراہم کرائی جائیں۔ اس کے علاوہ خواتین اور بچوں کے تعلق سے جرائم ختم کرنے پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔ ‘‘
  اس موقع پر مختلف زبانوں کے۱۷؍ صحافیوں کی  حوصلہ افزائی کی گئی۔ یاد رہے کہ نشہ کی لت کے خلاف مختلف انداز میں کام شر وع کیا گیا، تنظیمیں میدان میں آئیں، چھاپے مار کر سیکڑوں کروڑ کی ڈرگس ضبط کی گئی لیکن یہ بھی حقیقت ہے اب بھی ڈرگس مافیا بڑے پیمانے پر اپنا جال پھیلائے ہوئے ہیں اور نئی نسل کو اپنے چنگل میں پھنسارہے ہیں،اس لئے اسی اہتمام اور طویل منصوبہ بندی سے اس لعنت کے خلاف کام کرنے کی ضرورت ہے۔ 
مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر کا خطاب
  اس دوران مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر نے صحافیوں کی اہمیت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ’’ میڈیا کو جمہوریت کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے لیکن میں اسے جمہوریت کی چھت مانتا ہوں۔ اس دفعہ ناگپور اسمبلی میں میڈیا گیلری بنائی گئی ہے اور ہم‌ نے یہ طے کیا ہے کہ صحافیوں کے لئے ہرممکن سہولت مہیا کرائی جائے گی تاکہ مزید سہولت  سےاور بے خوف ہوکر صحافی اپنا کام کرسکیں۔ ‘‘
  اس دوران  انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ میڈیا کی اہمیت مسلم ہے اور صحافی جس طرح مختلف حالات میں اور چیلنجز کے باوجوداپنی خدمات جاری رکھتے ہیں۔ اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ‘‘
  مقامی ایم پی گوپال شیٹی نے چارکوپ ناکے پر۲۶؍ نومبر کو بی ایم سی کے ذریعے اجاڑی گئی فرنیچر مارکیٹ کے تعلق سے کہا ،’’ قبضہ کرنے والوں کو ہٹایا گیا ہے ، ہم کسی طبقے کے مخالف نہیں ہیں، اتوار کو اسی جگہ پر ویدک تھیم پارک کی بنیاد رکھی جائے گی۔ یہ ممبئی کا پہلا سب سے بڑا ویدک تھیم پارک ہوگا۔‘‘
 دینک بھاسکر کے کارگزار ایڈیٹر بھوویندر تیاگی نے کہا کہ’’ آج میڈیا کی ذمہ داریاں اور چیلنجز کافی بڑھ گئے ہیں۔ پہلے پرنٹ کے بعد الیکٹرانک میڈیا آیا ، اب سوشل میڈیا آگیا ہے جس سے معلومات کے کئی ذرائع ہوگئے ہیں لیکن صحیح معلومات آج سب سے بڑا مسئلہ ہے، اس لئے ہمیں خبر شائع یا عام کرنے سے قبل اس کے حقائق کی جانچ کرنا اور تصدیق کرلینا بہت ضروری ہے تاکہ عوام کا اعتماد متزلزل نہ ہونے پائے اور غلط خبر عام‌ نہ ہو۔‘‘ انہوں نے مختلف مثالوں کے ذریعے یہ بتانے کی کوشش کی کہ صحافی سماج میں ایک مؤثر رول اسی وقت ادا کرسکتا ہے جب وہ بے خوف اور کسی کی جانبداری نہ کرتے ہوئے صحیح معلومات عوام تک پہنچانے کو یقینی بنائے۔
  رکن اسمبلی اسلم شیخ نے کہا کہ’’ صحافت ایک اہم پیشہ ہے اور ایک صحافی اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے ساتھ آئینہ دکھاتا ہے ۔‘‘ صحافیوں کی حوصلہ افزائی کی تقریب کے انعقاد میں آنند مشرا، اجے سنگھ، سنیل سنگھ، سمیع اللہ خان اور بھانو مشرا پیش پیش تھے۔ اس تقریب میں مختلف شعبے کی اہم شخصیات موجو د تھیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK