• Sun, 28 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی کے اسکولوں میں لازماً اخبار پڑھنے کے حکم کا مہاراشٹر میں خیرمقدم

Updated: December 28, 2025, 5:38 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

مہاراشٹر کے تعلیمی ماہرین اور یونینوں کا ریاست میں بھی اس مہم کوپابندی سے نافذ کرنےکامطالبہ، ان کےمطابق اخبار پڑھنے سے طلبہ کے علم میں اضافہ ہوگا۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

طلبہ میں اسکرین ٹائم کے بڑھتے رجحان اور اس کی وجہ سے ہونےوالی متعدد جسمانی دقتوں سے انہیں محفوظ رکھنےکیلئے اُترپردیش کی حکومت نے طلبہ کیلئے اسکول میں روزانہ اخبارپڑھنالازمی قرار دیا ہے جس کا مہاراشٹر کےتعلیمی ماہرین اور یونینوں نے خیرمقدم کیا ہے، ساتھ ہی مہاراشٹر کے اسکول میں بھی اس مہم کوپابندی سے نافذ کرنےکا مطالبہ کیا ہےتاکہ طلبہ کو اسکرین سے دور رکھاجا سکے۔ موبائل کےبے جا استعمال سے طلبہ کی پڑھائی کا نقصان ہورہاہے۔ وہ نفسیاتی امراِض میں بھی مبتلا ہورہےہیں۔ روزانہ اخبار پڑھنے سے ان کے علم میں اضافہ ہوگا۔ ان میں پڑھنےکی عادت اور ان کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ 
مہاراشٹراسٹیٹ شکشک سینا کے صدر اور مہاراشٹرقانون ساز کونسل کے رکن پروفیسر جے ایم ابھینکر نے اس تعلق سے انقلاب کو بتایاکہ ’’ اُترپردیش کی حکومت کے اس فیصلہ کا ہم خیرمقدم کرتےہیں۔ موجودہ دور میں طلبہ کو اسکرین سے دور رکھنے کیلئے یہ اقدام بہت ضروری ہے۔ اس کیلئے میں نے ذاتی طورپر ایک منصوبہ بنایاہے جس کے تحت آئندہ تعلیمی سال سے مہاراشٹر کے ہر اسکول میں میری جانب سے ۵؍ اخبار روزانہ پہنچایاجائے گا۔ طلبہ ان اخباروں کو پڑھیں گے۔ طلبہ اخبار پڑھتے ہیں یانہیں اس کی جانچ کیلئے وقتاً فوقتاً طلبہ کےمابین مقابلہ رکھا جائے گا۔ مقابلہ میں کامیاب ہونےوالے طلبہ کو اوّ ل، دوم اورسوم انعامات سے نوازاجائے گا۔ اس کیلئے میں نے اپنے فنڈ میں ایک مخصو ص رقم علاحدہ کردی ہے، جس سے اس پروجیکٹ پر عمل کیاجائے گا۔ طلبہ کے علاوہ اساتذہ کے درمیان بھی مقابلہ ہوگا، جو ٹیچر اس پروجیکٹ کوکامیاب بنانےکیلئے انتھک محنت کرےگا، اسے بھی اعزاز سے نوازاجائے گا۔ ‘‘
مہاراشٹراسٹیٹ شکشک بھارتی کے جنرل سیکریٹری سبھاش کشن مورے کےمطابق ’’ اخبار پڑھنے سے طلبہ کی مجموعی علمی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ حالانکہ مہاراشٹرکےاسکولوں میں بھی اس طرح کی مہم چلانےکی ہدایت دی گئی ہے لیکن اس پر پابندی سےعمل نہیں ہورہاہے۔ اب اس پر عمل کرنےکاوقت آگیاہے۔ ہم جلد ہی اس ضمن میں محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران سےتحریری اپیل کریں گے کہ وہ ریاست کےسبھی اسکولوں میں اخبار پڑھنے سےمتعلق ضروری ہدایت جاری کریں۔ ‘‘
اس سلسلےمیں اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار کا کہنا تھا کہ ’’مہاراشٹر میں بھی اسے فوری طور پر نافذ کیا جانا چاہئے۔ اس سے طلبہ کے علمی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ طلبہ میں مطالعہ کی عادت اور کتاب دوستی کا جذبہ پیدا ہوگا۔ موبائل فون اور سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال میں نمایاں کمی آئے گی۔ تنقیدی سوچ اور خود اعتمادی بڑھےگی۔ عام معلومات، سماجی شعور اور سچی و جھوٹی خبروں میں فرق کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگی۔ ‘‘
انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’مہاراشٹر حکومت کو اس سلسلے میں تمام اسکولوں میں روزانہ کم از کم ۱۰ ؍ منٹ اخبار بینی کیلئے مخصوص کرنا چاہئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK