Inquilab Logo

ممبئی یوم جمہویہ کے جشن کیلئے تیار،سیکوریٹی انتظام مکمل

Updated: January 25, 2023, 10:17 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

شیواجی پارک میں پرچم کشائی کے وقت حملے کی اطلاع کے پیش نظر اضافی فورس اور بم اسکواڈ کی تعیناتی، علاقے کو نو فلائنگ ژون قرار دیا گیا، شہر بھر میں دھر پکڑ

Police personnel rehearsing the January 26 march at Shivaji Park (Photo: PTI)
شیواجی پارک پر پولیس کے جوان ۲۶؍ جنوری کے مارچ کا ریہرسل کرتے ہوئے ( تصویر: پی ٹی آئی)

؍۷۴ ویں یوم جمہوریہ کے جشن کے پیش نظر ممبئی پولیس نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور سیکوریٹی  کے تعلق سے پوری طرح مستعد ہونے کی اطلاع دی ہے۔ یاد رہے کہ جمعرات ( ۲۶؍ جنوری) کو  ملک بھر میں  روایت کے مطابق  یوم جمہوریہ منایا جائے گا۔    پولیس نے اس ضمن میں حفظ ماتقدم کے تحت سماج دشمن عناصر اور مجرمانہ سرگرمیوں کے حامل افراد کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر  دیا ہے ۔ ساتھ ہی حفاظت کے پیش نظر پولیس نے خاطر خواہ  انتظامات کااہتمام کرنے کی اطلاع بھی دی ہے ۔  پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ وہیں۲۶؍ جنوری کے موقع پر دادر کے شیواجی پارک علاقے میں ہوائی حملہ کے خدشات کی موصولہ اطلاعات کے بعد پولیس نے شیواجی پارک میدان کو ۲۴؍ گھنٹے کیلئے نو فلائنگ ژون قرار دے دیا ہے ۔
  یاد رہے کہ ہر سال دادر کے شیواجی پارک میں یوم جمہوریہ کے موقع پر سرکاری طور پر  پرچم کشائی کا اہتمام کیا جاتا ہے  جس میں ریاست کے اعلیٰ حکام حصہ لیتے ہیں۔ بروز  جمعرات  یوم جمہوریہ کے موقع پر ہونے والی تقریب میں ریاست کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری ، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندےاور نائب وزیر اعلیٰ و ریاستی وزیر داخلہ دیویندر فرنویس کے علاوہ موجودہ حکومت کے دیگر وزراء  شامل ہوں گے۔ممبئی پولیس نے یوم جمہوریہ کے جشن کوپر امن بنانے کے مقصد سے  شہر اور مضافات  کے تمام پولیس اسٹیشنوں کو  ہدایت دی  ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیکوریٹی کے سخت انتظامات کریں۔  وہیں اس موقع پر اضافی پولیس فورس کی  خدمات بھی طلب کی گئی ہے تاکہ ہنگامی حالات میں اہلکاروں کی کمی  کے سبب کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ 
 مختلف فورس کی خدمات طلب  
 جشن کے موقع پر ممبئی پولیس کے علاوہ اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس( ایس آر پی ایف )، کوئک ریسپانس ٹیم ( کیو آر ٹی )، بامبے ڈٹیکشن اینڈ ڈیسپوزل اسکواڈ ( بی ڈی ڈی ایس )کے مختلف ٹکڑیوں کو شہر کے الگ الگ علاقوں  میں تعینات کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ خصوصی طورپر دادر کے شیواجی پارک میں پولیس فورس کی  بڑی تعداد کو  تعینات کیا جائے گا۔ اطلاع کے مطابق اس تعیناتی کا خاکہ تیار کر لیا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ ایجنسیوں نے شیواجی پارک   یا آس پاس میں حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے  اس کی وجہ سے یہاں خصوصی احتیاط کی ضروت ہے۔  لہٰذا  پولیس انتظامیہ نے اس علاقے کو ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے نو فلائنگ ژون  قرار دیا ہے ۔ یعنی ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران اس علاقے میں کوئی ہوائی جہاز  ہیلی کاپٹر نہیں اڑایا جا سکے گا۔  پابندی کے یہ ۲۴؍ گھنٹے ۲۵؍ جنوری کی رات ۱۲؍ بجے سے  ۲۶؍ جنوری کی رات ۱۲؍ بجے تک ہوں گے۔
 تیاریاں مکمل 
  ادھر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پورے شہر میں ۲۶؍ جنوری کے پیش نظر سیکوریٹی سے متعلق تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔  ڈپٹی پولیس کمشنر آف پولیس ( آپریشن)  وشال ٹھاکر نے بتایا کہ دادر  کے شیواجی پارک میں یوم جمہوریہ کے جشن کے موقع پر خفیہ ایجنسی سے حملے کی  اطلاع ملنے  کے بعداس علاقے  میں بم اور ڈاگ اسکواڈ ، ایس آر پی ایف اور کوئک ریسپانس ٹیم کی اضافی فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ وہیں  آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں کیلئے شیواجی پارک اور اطراف کے علاقوں کو نو فلائنگ ژون قرار دے دیا گیا ہے۔ اس کی اطلاع متعلقہ محکموں کو دیدی گئی ہے۔  
  وشال ٹھاکر نے بتایا کہ  یوں تو شہر بھر میں پولیس کا سخت بندوبست ہے لیکن شیواجی پارک  کی طرف خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس پروگرام میںگورنر ،وزیر اعلیٰ ،وزیر داخلہ اور دیگر وی وی آئی پی  شخصیات موجود ہوں گی۔نیزاسکول اور کالج کے طلبہ مختلف پروگرام پیش کریں گے۔اس جشن کو پر امن بنانے کیلئے مسلح فورس کے اہلکاروں کو بھی  میدان اور اسکے اطراف تعینا  کیا جائے گا۔  یہی نہیں شیواجی پارک کے اطراف اونچی عمارتوں پر اسنائپرس کو بھی تعینات کیا جائے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK