اس کی وجہ یہ ہےکہ مہاراشٹر ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے اسٹارٹ اپس اور صنعتوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کیلئے فن ٹیک پالیسی متعارف کی ہے۔
EPAPER
Updated: May 22, 2025, 10:50 AM IST | Agency | Mumbai
اس کی وجہ یہ ہےکہ مہاراشٹر ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے اسٹارٹ اپس اور صنعتوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کیلئے فن ٹیک پالیسی متعارف کی ہے۔
مہاراشٹر ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے اسٹارٹ اپس اور صنعتوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کیلئے فن ٹیک پالیسی متعارف کروائی ہے، جس کے نتیجے میں ممبئی ملک کے سب سے زیادہ فنڈیافتہ اسٹارٹ اپس کا مرکز بن گیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے آج یہاں کہا کہ ملک بھر کے کل اسٹارٹ اپس میں سے ۲۴؍ فیصد مہاراشٹر میں ہیں۔ یہ بات انہوں نے اسٹارٹ اپ کانکلیو ۲۰۲۵ء میں کہی، جس کا انعقاد مشترکہ طور پر سی ایس آئی آر اور تین بڑے سائنسی اداروں نے گورگاؤں کے نیسکو سینٹر میں کیا تھا۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہاراشٹر اسٹارٹ اپس کے معاملے میں پورے ملک میں سب سے آگے ہے اور اکنامک سروے ۲۰۲۵ء کے مطابق یہاں ۲۶؍ ہزار ۶۸۶؍ اسٹارٹ اپس کام کر رہے ہیں۔ سرمایہ کاروں اور وینچر کیپٹل فنڈ ز کی دستیابی کی وجہ سے ممبئی اسٹارٹ اپس کیلئے سب سے موزوں جگہ بن چکا ہے۔ ریاست نے `مہاراشٹر اسٹارٹ اَپ ہفتہ، `ممبئی فنٹیک ہب اور `پنیشلوک اہلیا دیوی ہولکر ویمن اسٹارٹ اپ اسکیم جیسی اسکیمیں شروع کی ہیں جن کی بدولت ممبئی مالیاتی اور تکنیکی جدت کا مرکز بن گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فنٹیک، ای کامرس، ہیلتھ ٹیک، ایڈٹیک اور ڈیپ ٹیک اسٹارٹ اپس تیزی سے ترقی کر رہے ہیں اور مہاراشٹر میں ملک کی سب سے زیادہ ۲۷؍ یونی کارن کمپنیاں موجود ہیں۔ اس سال اسٹارٹ اپس کو کل ۳ء۷؍ بلین ڈالر کی فنڈنگ ملی ہے جو پچھلے سال کے مقابلے میں ۱۵۴؍ فیصد زیادہ ہے۔ پونے انفارمیشن ٹیکنالوجی، آٹوموٹیو انڈسٹری اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبوں میں سر فہرست ہے ۔ نوی ممبئی میں ۳۰۰؍ ایکڑ پر ملک کے جدید ترین `انوویشن سٹی کی تعمیر جاری ہے جہاں سائنس، ٹیکنالوجی ، بائیو ٹیکنالوجی، ڈیٹا سائنس اور جدید مینو فیکچرنگ کے شعبوں میں اسٹارٹ اپس کو فروغ دیا جائے گا۔ ہندوستان میں اس وقت ۱ء۵؍ لاکھ سے زائد اسٹارٹ اپس کام کر رہے ہیں اور مستقبل میں یہ ملک دنیا کا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ مرکز بن سکتا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کانفرنس کے انعقاد پر این سی ایل سی سی آئی آر ، سی ایس آئی آر این آئی آر آئی کا شکریہ ادا کیا اور سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کو معاشرے کے ہر فرد تک پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ہندوستان کو خود انحصار اور عالمی سپر پاور بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ اپنی تقریر کے آغاز میں نائب وزیر اعلیٰ نے سینئر ماہر فلکیات ڈاکٹر جینت نارلیکر کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔