؎کروڑوں کی لاگت سے گوریگائوں میں تعمیر کئے گئے مرنال تائی گورے فلائی اوور کے توسیع شدہ حصہ کا ۶؍ جون کو افتتاح کیا گیا تھا۔
ریتو تاؤڑے۔تصویر:آئی این این
کروڑوں کی لاگت سے گوریگائوں میں تعمیر کئے گئے مرنال تائی گورے فلائی اوور کے توسیع شدہ حصہ کا ۶؍ جون کو افتتاح کیا گیا تھا لیکن اسے استعمال کرنے والے محض ۳؍ روز میں اس کی سطح خراب ہونے کی شکایت کرنے لگے اور سوشل میڈیا پر اس تعلق سے شکایتوں کی بھرمار ہوگئی لیکن ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے نے منگل کو اس بریج کے نئے توسیع شدہ حصہ کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کے بعد کہہ دیا ہے کہ بریج بالکل ٹھیک ٹھاک ہے صرف چند مقامات پر سطح کو معمولی طور پر درست کرنے کی ضرورت ہے۔سوشل میڈیا پر جن افراد نے مرنال تائی گورے فلائی اوور کے توسیع شدہ حصہ کے خراب معیار کی شکایت کی ہے ان میں ایک صحافی گورنگ نے ویڈیو شیئر کرکے بتایا ہے کہ وہ اپنے کیمرہ مین کدم کے ساتھ فلائی اوور کا ویڈیو لے رہے تھے جس کی وجہ سے ان دونوں نے اپنی موٹر سائیکل بریج کے کنارے ’سائیڈ اسٹینڈ‘ پر پارک کردی تھی۔ تقریباً ۱۰؍ منٹ بعد جب واپس جانے کیلئے کدم کی بائیک کو ہٹانے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے دیکھا کہ بائیک کا اسٹینڈ بریج کی سطح میں تقریباً ایک انچ سے زیادہ پیوست ہوگیا ہے۔ اپنے ویڈیو میں انہوں نے اس پیوست شدہ حصہ کو بھی دکھایا ہے۔
رشیکیش کمار نامی شخص نے بھی منگل کو اس فلائی اوور کا ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں چند مقامات پر گاڑیوں کے ٹائر کے نشانات بن چکے تھے جس سے پتہ چلتا ہے کہ فلائی اوور کی سطح گرمی کے سبب ایسی پگھل گئی ہے کہ گاڑیوں کے ٹائر ان میں دھنس رہے ہیں۔
شیوسینا (ادھو) کی لیڈر اور سابق میئر کشوری پیڈنیکر نے بھی اس بریج کا دورہ کرکے مطالبہ کیا کہ اس بریج کو شروع کرنے سے قبل کی گئی ’ٹیسٹنگ‘ کی رپورٹ کو عام کیا جائے کیونکہ بریج خراب حالت میں نظر آرہا ہے اور برسات میں اس پر گاڑیوں کے پھسلنے کا خدشہ معلوم ہورہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بریج کی تعمیر کی لاگت کو بڑھا کر ۲۴۸؍ کروڑ روپے کردیا گیا تھا،اس لئے ضروری ہے کہ اس کی ٹیسٹنگ کی رپورٹ کو عام کیا جائے۔