Inquilab Logo

مونوریل کی خدمات بحال، آج سے میٹرو بھی شروع مگرعوام کو لوکل ٹرینوں کی بحالی کا انتظار

Updated: October 19, 2020, 9:02 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

مونوریل صبح  ۷؍ سے ۱۱؍بجے تک اور شام کو۴؍ سے ۹؍ بجے تک چلائی جارہی ہے جبکہ میٹرو صبح ساڑھے ۸؍ سے شام ساڑھے۸؍ تک چلے گی، خدمات نصف، ۴۰۰؍ کے بجائے یومیہ ۲؍ سو سروس

Mumbai Metro - Pic : PTI
ممبئی میٹرو ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 کورونا وائرس ’کووڈ-۱۹‘ کی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کا سامنا کرنے کے بعد تیزی سے ان لاک ہوتی اور معمول کی طرف لوٹتی ممبئی میں اتوار سے مونوریل کی خدمات بحال کردی گئیں جبکہ پیر سے میٹرو کی خدمات بھی بحال ہوجائیں گی تاہم لوکل ٹرینوں کے بارے میں  اب تک واضح نہیں ہے کہ انہیں عوام کیلئے کب شروع کیا جائےگا۔ ریاستی حکومت نے لوکل ٹرینوں میں خواتین کے سفر کی اجازت دیدی ہے مگر ریلوے انتظامیہ نے اسے بھی اس خبر لکھے جانے تک نافذ نہیں کیا ہے۔  
 ممبئی سے جیکب سرکل کے درمیان ۲۰؍ کلو میٹر کے کوریڈور پر۲۱۰؍ دنوں کے بعد  مونوریل خدمات اتوار کو بحال کردی گئیں۔  ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ’’مونوریل صبح ۷؍بجکر ۹؍ منٹ سے ۱۱؍ بجکر۱۵؍ منٹ تک  اور شام کو۴؍ بجکر ۹؍منٹ  سے رات۹؍ بجے تک چلیں گی۔ صبح میں بھیڑ بھاڑ کے وقت ۱۴؍ سروسیز جبکہ شام کو ۱۶؍ سروسیز چلائی جائیں گی۔ اس دوران مسافروں کیلئے کورونا سے تحفظ کی تمام  احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازمی ہے۔ 
 واضح رہے کہ کورونا کی وبا کے پیش نظر مونو اور میٹرو دونوں خدمات ۲۲؍ مارچ سے بند تھیں۔ پیر سے میٹروخدمات بھی  بحال ہوجائیں گی۔ ممبئی میٹروون پرائیویٹ لمیٹڈ ابھے کمار مشرا کے مطابق ’’بھلے ہی میٹروریل خدمات بند تھیں مگر ۳۰۰؍ ملازمین ہر روز کام پر آرہے تھے تاکہ سسٹم کو کسی بھی وقت شروع کرنے کیلئے تیاررکھا جائے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’پیر سے ہم صبح ساڑھے ۸؍ سے شام ساڑھے ۸؍ بجے کے دوران ۲۰۰؍ ٹرینیں  چلائیں  گے۔ ‘‘ اس طرح میٹرو کی خدمات لاک ڈاؤن سے پہلے کے مقابلے میں نصف ہوںگی۔ لاک ڈاؤن سے قبل میٹرو کی یومیہ ۴۰۰؍ ٹرینیں  چلتی تھیں جن میں ۴ء۵؍ لاکھ مسافر سفر کرتے تھے۔‘‘
 میٹرو اور مونو کی خدمات  جزوی طور پر بحال سے ہونے سے مسافروں  کوکچھ  راحت تو ملے گی مگر  لوکل ٹرینوں کے شروع نہ ہونے کی وجہ سے عام مسافروں کی پریشانیاں ختم نہیں ہوںگی۔ ساری توجہ اسی جانب مرکوز ہے کہ لوکل ٹرین کی خدمات کب شروع ہوںگی۔ حکومت کی جانب سے خواتین کو مخصوص اوقات میں لوکل ٹرینوں میں سفر کی اجازت دینے کے بعد یہ امید جاگی ہے کہ ریاستی حکومت جلد ہی لوکل ٹرینوں کو عوام کیلئے کھول سکتی ہے۔ بہرحال حکومت کی اجازت کے بعد بھی ریلوے انتظامیہ کی جانب سے خواتین کو سفر کی اجازت دینے میں تساہلی کی وجہ سے مسافروں  میں  ناراضگی بھی پھیلی ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK