Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ستمبر میں پہلا ہوائی جہاز ’ٹیک آف ‘کرے گا

Updated: July 13, 2025, 1:52 PM IST | Iqbal Ansari | Navi Mumbai

سنیچر کو ایئر پورٹ کا جائزہ لینے کے بعد وزیر اعلیٰ کا اعلان، دعویٰ کیا کہ یہاں دنیا کا تیز ترین ’’بیگیج کلیم‘‘سسٹم شروع کیا جائے گا

Chief Minister Devendra Fadnavis and Deputy Chief Minister Eknath Shinde at the Navi Mumbai International Airport. Photo: INN.
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نوی ممبئی بین الاقوامی ایئرپورٹ پر۔ تصویر: آئی این این۔

وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے زیر تعمیر نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کا سنیچر کو دورہ کیا اور یہاں جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دنیا کا تیز ترین ’’بیگیج کلیم ‘‘سسٹم تیار کیا جائے گا، جو اس ہوائی اڈے کی ایک نمایاں خصوصیت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس وقت اس ہوائی اڈے کا۹۴؍ فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی ۶؍فیصد کام ستمبر۲۰۲۵ءتک مکمل ہو جائے گا اور پہلی مسافر پرواز ستمبر میں ہی اڑان (ٹیک آف )بھرے گی۔ 
کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ  نے میڈیا کے نمائندوں کو پروجیکٹ کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ۱۰؍ جون ۲۰۲۲ءکو سڈکو نے نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ(این ایم آئی ایل )کوایک ہزار ۱۶۰؍ہیکٹر کے رقبے پر صد فیصد استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ تمام بازآبادکاری مکمل ہو چکی ہے اورسڈکونے زمین کے حصول اور بازآبادکاری پر تقریباً۲؍ہزار کروڑ روپے خرچ کئےہیں۔ 
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دیگر معززین کے ساتھ ذاتی طور پر نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ اس معائنہ کے دوران انہوں نے خصوصی طور پر فضائی مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ 
نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے فیز ایک اور۲؍ جس میں ۲۰؍ ملین مسافروں اور ۰ء۸؍ ملین میٹرک ٹن کارگو کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے یہ کہتے ہوئے اپنی بات ختم کی کہ انہیں اس کی خوشی ہے کہ اس ہوائی اڈے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب وزیر اعظم نریندر مودی نے منعقد کی تھی اور اب وہ ہی اس کا افتتاح کریں گے۔ 
اس دورے میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، وزیر جنگلات گنیش نائک، سابق ایم پی رام شیٹھ ٹھاکر، ایم ایل اے پرشانت ٹھاکر، سڈکو کے نائب صدر اور منیجنگ ڈائرکٹر وجے سنگھل، ڈویژنل کمشنر وجے سوریہ ونشی، ضلع کلکٹر کسان جاؤلےاور دیگر معززین اس موقع پر موجود تھے۔ 
واضح رہے کہ نوی ممبئی انٹر نیشنل ایئر پورٹ کیلئے سڈکو نے اورایک ہزار ا۱۶۰؍ ہیکٹر کے علاقے میں اراضی کو ہموار کیا ہے، دریائے الوے کا رخ موڑا اور ہائی وولٹیج پاور لائنوں کی منتقلی جیسے ترقیاتی کام پہلے ہی مکمل کرلئے۔ 
دفتر وزیر اعلیٰ کے مطابق ۱۱؍ اکتوبر۲۰۲۴ء کو نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہندوستانی فضائیہ کے ایک ٹرانسپورٹ طیارے سی ۲۹۵؍ کے ذریعے افتتاحی لینڈنگ کی گئی، جس کے بعد ایک ایس یو ۳۰؍ کے ۲؍ طیارے بھی گزارے گئے۔ اس کے علاوہ انڈیگو ایئر لائنس کےایئر بس اے ۳۲۰؍ نے ۲۹؍ دسمبر ۲۰۲۴ءکو نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کمرشیل طیارے کی لینڈنگ کامیابی کے ساتھ مکمل کی۔ ۳۰؍جون ۲۰۲۵ء تک ایئرپورٹ کا ۹۶ء۵؍  فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK