Inquilab Logo

ممبئی میونسپل کارپوریشن نے عید قرباں سے متعلق ہدایات جاری کیں

Updated: June 06, 2023, 9:52 AM IST | Mumbai

بھینسوں اور بکروںکی آمد ، خریداری اور ان کے ذبح سے متعلق گائیڈ لائن ،بکرےدیونارسلاٹر ہاؤس کے باہرذبح کرنے کیلئے مائی بی ایم سی ایپ پردرخواست دینا لازمی

Arrival of small animals will start from June 18 in Deonar
دیونار میں۱۸؍ جون سے چھوٹے جانوروں کی آمد شروع ہوجائے گی

ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) نے بقر عید کے لیے عوامی نوٹس کے ذریعہ ہدایات جاری کی ہیں تاکہ اس عرصے میں احتیاط برتی جائے اوریہ یقینی  بنایاجائے کہ بڑے مویشی صرف دیونارمذبح میں ہی ذبح کیے جائیں۔ڈاکٹر کے اے پٹھان جنرل منیجر دیونار، نے سلاٹر ہاؤس کے جاری کیے گئے ہدایت نامہ میں مطلع کیاہے کہ امسال  بقرعید کا تہوار۲۸؍ یا ۲۹؍ جون کو اور اس کے بعد مزید دو دن منایا جائے گا۔اس درمیان شہری دیونار سلاٹر ہاؤس کا دورہ کر سکتےہیں۔اطلاع کے مطابق ۱۶؍جون سے بھینس  اور ۱۸؍جون سے بکروں کی خریداری شروع ہوجائیگی۔منڈی ۳۰؍ جون تک لگی رہے گی۔بھینسوں کو ذبح کرنے کی مذہبی رسوم صرف دیونار سلاٹر ہاؤس میں ادا کی جائیں گی۔
 بی ایم سی سلاٹر ہاؤس جنرل منیجرکے مطابق دیونار سلاٹرہاؤس میں خریدے گئے بکروں کو میونسپل کارپوریشن کی جانوروں کو ذبح کرنے کی پالیسی کے مطابق دیونار سلاٹر ہاؤس کے باہر مذہبی رسومات کے مطابق ذبح کرنے کی اجازت دی جائے گی۔دیونار سلاٹر ہاؤس کے جنرل منیجر ڈاکٹر پٹھان نے کہاہے کہ سلاٹر ہاؤس کے  باہر بکروں کو ذبح کرنے کیلئے شہریوں کو کارپوریشن کے مائی بی ایم سی ایپ کے ذریعے آن لائن  درخواست دینی ہوگی۔اس طرح کی اجازت صرف بقرعید کیلئے دی جائے گی۔
  انہوں نے کہاکہ وہ شہری جو دیونار سلاٹر ہاؤس  میں بھینسوں کو ذبح کرنے کیلئے مائی بی ایم سی ایپ کے ذریعے آن لائن درخواست دینا چاہتے ہیں، وہ صرف بقرعید کے دوران جانوروں کے ذبح کے اوقات میں ایسا کر سکتے ہیں۔بی ایم سی عام نوٹس کے مطابق دیونار سلاٹر ہاؤس۱۶؍ جون سے ۲۷؍ جون تک صاف صفائی کیلئے صبح۶؍ بجے سے ۱۰؍ بجے تک  بند رہے گا۔ خریداروں کو فروخت کنندگان سے مفت گیٹ پاس حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی۔جبکہ کیو آر کوڈ کے ساتھ۲؍ کاپیاں اپنے پاس رکھنی ہوں گی۔جن خریداروں نے مفت گیٹ پاس حاصل کیا ہے انہیں اسکیننگ کے مقصد کے لیے دیونار سلاٹر ہاؤس کے سیکوریٹی اہلکاروں کو ایک کاپی پیش کرنی ہوگی۔ شہریوں کو ذبح کی رسم ختم ہونے تک دوسری کاپی اپنے پاس رکھنی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK