Inquilab Logo

ویہار جھیل کے اضافی پانی کو قابل استعمال بناکر سپلائی کیا جائے گا

Updated: August 21, 2023, 12:01 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

یہ جھیل چھوٹی ہونے کی وجہ سے جلد بھرجاتی ہے اور بارش کے پورے موسم یہاں پانی بہہ کر ضائع ہوتا رہتا ہے

A large amount of water is wasted by overflowing the Vihar Lake.Photo. INN
ویہار جھیل کے بھر جانے سے بڑی مقدار میں پانی ضائع ہوجاتا ہے۔ تصویر:آئی این این

 شہر و مضافات کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی ویہار جھیل کا پانی ضائع ہونے سے بچانے کیلئے اس کے زائد پانی کو استعمال میں لانے کے پروجیکٹ میں تقریباً ۳؍ برسوں کے بعد کچھ پیش رفت ہوئی ہے اور اس پروجیکٹ کیلئے موصول ہونے والے تخمینہ کو صلاح کار کمپنی کے پاس تشخیص کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔
 ویہار اور تلسی جھیلیں ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ۲؍ سب سے چھوٹی جھیلیں ہیں ۔ چونکہ ان جھیلوں میں پانی کم جمع ہوسکتا ہے اس لئے جھیلیں جلد بھر جاتی ہیں اور برسات میں اکثر ان جھیلوں کا پانی بہہ کر ضائع ہوجاتا ہے جسے ضائع ہونے سے بچانے کیلئے گزشتہ چند برسوں سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اتوار، ۲۰ ؍ اگست، کو ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ساتوں جھیلوں میں مجموعی طور پر کُل ۸۳ء۵۵؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا۔
 ویہار جھیل سے پانی چھلک کر میٹھی ندی میں جاتا ہے جس کی وجہ سے موسم باراں میں میٹھی ندی میں پانی کی سطح بڑھ جاتی ہے اور کبھی کبھار یہ خطرے کے نشان کے اوپر بھی پہنچ جاتی ہے۔ میٹھی ندی میں  پانی کی سطح بڑھنے سے اکثر کرلا، سائن، ماہم، ماٹنگا، چونا بھٹی اور واکولہ جیسے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں ۔ 
 ابتداء میں ویہار جھیل سے چھلکنے والے پانی کو بھانڈوپ میں واقع ’واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ‘ یا پھر ایرولی کی کھاڑی میں چھوڑنے کا منصوبہ پر غور کیا جا رہا تھا اور ان منصوبوں کے امکانات کا مطالعہ کرنے کیلئے بی ایم سی نے نومبر ۲۰۲۰ء میں ایک صلاح کار کمپنی کو ذمہ داری سونپی تھی۔ اس کمپنی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ برسات کے موسم میں جھیلوں پر کب کتنی برسات ہوتی ہے اور کتنا پانی سرنگوں کے ذریعہ کن مقامات پر پہنچانا مناسب ہوگا۔ بی ایم سی کے مطابق چونکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے مختلف مقامات پر بہت کم وقت میں بہت زیادہ برسات ہوجانے کے معاملات بھی بڑھتے جارہے ہیں اس لئے مذکورہ کمپنی کو ان باتوں کا بھی خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
 اس کمپنی کے مشورے پر ویہار جھیل کے پانی کو بھانڈوپ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر موڑ کر یہاں پانی کی صفائی کے بعد عوام کے استعمال کیلئے سپلائی کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
 بی ایم سی ذرائع کے مطابق ویہار جھیل کے پانی کو بھانڈوپ کے ٹریٹمنٹ پلانٹ تک لے جانے کیلئے سرنگوں کی تعمیر اور ویہار جھیل کے کنارے ’پمپنگ اسٹیشن‘ کی تعمیر کیلئے تقریباً ایک برس کا وقت درکار ہوگا اور یہ تعمیراتی کام اس سال بارش کا موسم ختم ہونے کے بعد شروع کیا جائے گا۔
 بی ایم سی کے منصوبہ کے مطابق ویہار جھیل کے کنارے پر یومیہ ۲۰۰؍ملین لیٹر پانی کھینچنے کی طاقت رکھنے والا پمپنگ اسٹیشن تعمیر کیا جائے گا اور پھر اس پمپنگ اسٹیشن کی مدد سے جھیل کا زائد پانی سرنگوں اور بڑے پائپ کے ذریعہ بھانڈوپ کے ’واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ‘ میں لے جاکر یہاں پانی کو قابل استعمال بنا کر عوام کو سپلائی کردیا جائے گا۔ شہری انتظامیہ کو امید ہے کہ بارش کے موسم میں ان جھیلوں کا جو پانی ضائع ہوجاتا ہے اسے عوام کی ضروریات کیلئے سپلائی کرنے سے دیگر جھیلوں پر پانی سپلائی کا دبائو کم ہوگا اور یہ جھیلیں جلد بھر سکیں گی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK