ویسٹرن ریلوے میں سنیچر کی شب ساڑھے ۹؍ بجے سے اتوار کی صبح ۷؍ بجے تک بلاک
EPAPER
Updated: May 02, 2026, 10:50 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
ویسٹرن ریلوے میں سنیچر کی شب ساڑھے ۹؍ بجے سے اتوار کی صبح ۷؍ بجے تک بلاک
نیٹ یو جی۲۰۲۶ء امتحان میں شریک ہونے والے طلبہ کی سہولت کی غرض سے اتوار ۳؍ مئی کو سینٹرل ریلوے میں بلاک نہیں ہوگا، ٹرینیں معمول کے مطابق چلائی جائیں گی۔ اس سے طلبہ آسانی سے امتحان گاہ پہنچ سکیں گے۔ دوسری جانب دیگر شہری بھی بغیر رکاوٹ کے اتوار کو آمد و رفت کرسکیں گے۔ البتہ شبینہ بلاک کیا جائے گا۔ ٹرانس ہاربر لائن کی ٹرینیں ۲؍مئی کی شب میں پونے ۱۲؍بجے سے ۳؍مئی کی علی الصباح پونے ۵؍ بجے تک بند رہیں گی۔ اسی طرح مین لائن پر سی ایس ایم ٹی اور ودیا وہار کے درمیان۲؍ مئی کی شب ساڑھے ۱۱؍ بجے سے سلو لائنوں پر بلاک ہو گا جو ۳؍ مئی کی علی الصباح ۵؍ بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران سلو لائن کی ٹرینیں تیز رفتار ٹرینوں کی پٹری پر موڑ دی جائیں گی۔ یہ تفصیلاتسینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نے نمائندہ انقلاب کو بتائیں۔
ویسٹرن ریلوے میں ۲؍ مئی کی شب میں ساڑھے ۹؍بجے سے شروع کیا جانے والا بلاک اتوار کی صبح ساڑھے ۷؍ بجے تک تقریباً ۱۰؍گھنٹے جاری رہے گا۔ اس دوران رام مندر اور جوگیشوری کے درمیان میٹرو ۶؍ لائن پر گرڈر لانچ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ۳؍ مئی کی شب ایک بجے سے اَپ فاسٹ لائن پر اور پانچویں لائن پر رات میں ایک بجے سے ۴؍ بجے تک کام جاری رہے گا۔
بلاک کے دوران چھٹی لائن پر چلائی جانے والی تمام ٹرینیں بوریولی اور اندھیری کے درمیان اَپ فاسٹ لائن پر چلائی جائیں گی اور کچھ ٹرینیں رد کردی جائیں گی۔ اس کے علاوہ۱۹۰۳۸؍ برونی- باندرہ اودھ ایکسپریس سورت اور بوریولی کے درمیان نصف گھنٹہ ریگولیٹ کی جائے گی۔ مسافروں کو ہونے والی پریشانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے مسافروں سے تعاون کی اپیل کی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذکورہ بالا جس روٹ پر بلاک ہوگا اس کے علاوہ دیگر روٹ کی ٹرینیں بلارکاوٹ جاری رہیں گی۔