Inquilab Logo Happiest Places to Work

طویلے کی گندگی نالے میں بہانے والے مالکان کیخلاف شکایت

Updated: May 02, 2026, 10:51 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

میونسپل انتظامیہ نے گووند واڑی اور ریتی بندر کے علاقوں میں واقع ۲۱؍ طویلہ مالکان کے خلاف عوامی صحت کو نقصان پہنچانے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر بازار پیٹھ پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ فوجداری مقدمہ درج کروایا ہے۔

A drain in the city is being cleaned. Photo: INN
شہر میں واقع ایک نالے کی صفائی کی جا رہی ہے۔ تصویر: آئی این این

کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن ( کے ڈی ایم سی) نے شہر کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک بنانے کے لئے اپنی مہم مزید تیز کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے میونسپل انتظامیہ نے گووند واڑی اور ریتی بندر کے علاقوں میں واقع ۲۱؍ طویلہ مالکان کے خلاف عوامی صحت کو نقصان پہنچانے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر بازار پیٹھ پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ فوجداری مقدمہ درج کروایا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کلیان (مغرب) کے علاقوں میں طویل عرصے سے گٹروں کے ابلنے اور سڑکوں پر گندگی پھیلنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ کارپوریشن کے محکمہ صحت کے افسر جتیندر یادو نے معائنے کے دوران پایا کہ گووند واڑی اور ریتی بندر کے طویلہ مالکان بھینسوں کا گوبر اور دیگر غلاظت کسی ٹریٹمنٹ پلان میں ڈالنے کے بجائے براہ راست میونسپل کارپوریشن کے گٹروں میں بہا رہے ہیں۔ اس سنگین لاپروائی کی وجہ سے علاقے کے نکاسیِ آب کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا تھا اور تعفن کے باعث شہریوں کا جینا محال تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: حج ہاؤس آئی اے ایس کوچنگ سینٹرمیں ۲۰۲۷ءکی تیاری کےلئے داخلے کا اعلان

گندگی پھیلانے والے تمام طویلہ مالکان کو پہلے انتباہی نوٹس جاری کئے گئے تھے جن میں انہیں غلاظت ٹھکانے لگانے کے لئے متبادل انتظامات کرنے کی تاکید کی گئی تھی۔ تاہم ان مالکان نے سرکاری احکامات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے گندگی پھیلانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ جسے میونسپل انتظامیہ نے قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سخت ایکشن کا فیصلہ کیا۔ 
ڈپٹی میونسپل کمشنر رام داس کوکرے کی شکایت پر ۲۱ ؍افراد کے خلاف عوامی صفائی میں خلل ڈالنے اور ماحولیاتی تحفظ کے ایکٹ کے تحت بازار پیٹھ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کر لی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رام داس کوکرے نے واضح کیا کہ کلیان ڈومبیولی کو ملک کے۱۰؍ بہترین صاف ستھرے شہروں کی فہرست میں لانا ہمارا ہدف ہے۔ 
انہوں نے سخت لہجے میں تنبیہ کی کہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے نظام سے کھلواڑ کرنے والے کسی بھی فرد کو بخشا نہیں جائے گا خواہ وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔ اس جرأت مندانہ کارروائی پر مقامی شہریوں نے راحت کا سانس لیا ہے اور بلدیہ کے اس قدم کی بھرپور ستائش کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK