ایران کی نئی تجاویز بطورثالث پاکستان کے حوالے کی گئیں۔ امریکہ نے بعض ایرانی تجاویز پر تحفظات کااظہار کیا ہے۔
EPAPER
Updated: May 02, 2026, 11:08 AM IST | Islamabad
ایران کی نئی تجاویز بطورثالث پاکستان کے حوالے کی گئیں۔ امریکہ نے بعض ایرانی تجاویز پر تحفظات کااظہار کیا ہے۔
ایران نے امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات کے لئے اپنی نئی تجاویز کا مسودہ پاکستان کو ثالثی کے لئے بھیج دیا ہے جسے اب امریکی حکام تک پہنچایا جائے گا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق یہ تجاویز جمعرات کی شام پاکستان کے حوالے کی گئیں جہاں سے انہیں امریکہ کو ارسال کیا جائے گا اور بعد ازاں امریکی ردعمل ایرانی حکام تک پہنچایا جائے گا۔
خبرلکھے جانے تک اس معاملے پر کسی بھی فریق کی جانب سے سرکاری سطح پر کوئی ردعمل سامنے آیا ہے اور نہ ہی اس نئے مسودے کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں لیکن ایک امریکی خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق ایران کی تجاویز میں مرحلہ وار امن عمل شامل ہو سکتا ہے جس کے تحت پہلے جنگ بندی کو مستحکم کیا جائے گا، پھر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے پر غور ہوگا اور بعد ازاں جوہری پروگرام جیسے پیچیدہ معاملات زیر بحث لائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان امن مذاکرات کے پورے عمل میں کلیدی ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کے تبادلے کے ساتھ عالمی طاقتوں کو بھی شامل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آخرکار ڈونالڈ ٹرمپ کو’’امن کا نوبیل انعام ‘‘ملنے کی امید، کمیٹی کی ۲۸۷؍ نامزدگی
مشرق وسطیٰ کے امور کے ماہرین کے مطابق پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں جنگ بندی ممکن ہوئی اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے لیکن کسی حتمی معاہدے کے لئے فریقین کو اہم سمجھوتے کرنے ہوں گے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے بعض ایرانی تجاویز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ خاص طور پر اس معاملے پر کہ ایران جوہری پروگرام کو فوری طور پر زیر بحث لانے کے بجائے مؤخر کرنا چاہتا ہےجو کسی جامع امن معاہدے میں بڑی رکاوٹ تصور کیا جا رہا ہے۔
دریں اثناءایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکہ جنگ میں ہونےوالے نقصان سے متعلق جھوٹ بول رہا ہے۔ نتن یاہو کا کھیل امریکہ کو۱۰۰؍ ارب ڈالر کا نقصان پہنچا چکا ہے۔ ایک بیان میں عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران جنگ کی لاگت دعویٰ کردہ رقم سے ۴؍ گنا زیادہ ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی ٹیکس دہندگان کے لئے بالواسطہ اخراجات اس سے بھی کہیں زیادہ ہیں، ہر امریکی گھرانے کا ماہانہ بل ۵۰۰؍ ڈالر ہے اور یہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ اسرائیل فرسٹ کا ہمیشہ مطلب امریکہ لاسٹ ہی ہوتا ہے۔