۳۴؍ گاڑیوں میں ۴؍ سو کلو آر ڈی ایکس کیساتھ دھماکہ کرنے کی دھمکی دی گئی، چپہ چپہ پر پولیس تعینات ، شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل
EPAPER
Updated: September 05, 2025, 11:31 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
۳۴؍ گاڑیوں میں ۴؍ سو کلو آر ڈی ایکس کیساتھ دھماکہ کرنے کی دھمکی دی گئی، چپہ چپہ پر پولیس تعینات ، شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل
شہر کی ٹریفک پولیس کو ایک خطرناک دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا ہے جس میں آر ڈی ایکس کے ذریعہ ملک کی تجارتی و معاشی راجدھانی کو دَہلا دینے کی دھمکی دی گئی ہے ۔ پیغام میں مطلع کیا گیا ہے کہ ۱۴؍ دہشت گرد عروس البلاد ممبئی میں گھس چکے ہیں جن کے پاس ۴۰۰؍کلوگرام آر ڈی ایکس موجود ہے جو وہ ۳۴؍ گاڑیوںمیں بھرکر شہر میں جگہ جگہ دھماکے کرسکتے ہیں۔ یہ دھمکی آمیز پیغام کنٹرول روم کو ملا ہے، جس نے سیکوریٹی اہلکاروں میں گہما گہمی پیدا کر دی ہے۔ پیغام ملتے ہی پولیس مستعد ہو گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ممبئی و اطراف میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ۔ گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے ۔ ساتھ ہی مشتبہ افراد پر نظر بھی رکھی جارہی ہے۔ایک افسر نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’گنیش اُتسو‘ اور اس کے اگلے دن عید میلاد النبیؐ کے جلوس کے لئےپولیس پہلے ہی ہائی سیکوریٹی انتظام کرنے میں مصروف ہے۔ اس درمیان ٹریفک پولیس کنٹرول روم کو وہاٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر پر دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا۔ افسر کا کہنا ہے کہ کرائم برانچ نے دھمکی آمیز پیغام کی جانچ شروع کر دی ہے اور اے ٹی ایس اور دیگر ایجنسیوں کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔
ممبئی پولیس کے مطابق دھمکی آمیز پیغام میں ’لشکر جہادی‘ نامی تنظیم کا ذکر ہے جس نے دعویٰ کیا ہے کہ ۱۴؍دہشت گرد شہر میں گھس چکے ہیں اور انہوں نے ۳۴؍گاڑیوں میں ۴۰۰؍کلوگرام آر ڈی ایکس بھی رکھ دیا ہے، جس سے ممبئی کے ایک کروڑ سے زائد لوگوں کی جان جاسکتی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ پورا ملک دَہل جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ممبئی میں آج گنیش اتسو کا آخری دن ہے۔ پولیس سنیچر کو آخری دن شہر کی سڑکوں پر امنڈنے والی بھیڑ کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیکوریٹی انتظامات میں مصروف ہے۔ اب دھمکی آمیز پیغام ملنے کے بعد پولیس یہ پتہ لگا رہی ہے کہ یہ پیغام بھیجا کس نے ہے۔ ساتھ ہی حفاظتی دستے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے مقصد سے احتیاطی قدم بھی اٹھا رہے ہیں۔ اسی کے تحت اہم اور حساس مقامات پر حفاظتی انتظامات بڑھا دئیے گئے ہیں۔ کچھ مقامات پر تلاشی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ پولیس نے ممبئی کے باشندوں سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ وہ کسی افواہ پر توجہ نہ دیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع پولیس محکمہ کو فوراً دیں۔ پولیس نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے بھیڑ بھاڑ والےعلاقوں اور شہر کی تمام اہم شاہراؤں پر سخت ناکہ بندی کردی ہے۔ علاوہ ازیں عید میلاد النبیؐ اور گنیش وسرجن کو پرامن بنانے کے مقصد سے شہر کے چپہ چپہ پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے ہیں۔ ایک سینئر افسر نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اس طرح کا دھمکی آمیز پیغام بھیجا گیا ہے لیکن پولیس شہریوں کی حفاظت اور تہواروں کو پر امن رکھنے کے لئے نہ صرف دھمکی آمیز پیغام بھیجنے والےشخص کو تلاش کررہی ہےبلکہ اس کے خلاف کیس بھی درج کر لیا ہے۔ پولیس نے اس پیغام کی سنگینی اورتہواروں کے پیش نظر سیکوریٹی انتہائی سخت کردی ہے۔