• Fri, 02 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نئے سال کے پہلے ہی دن اہلِ ممبئی کو خوشگوار حیرت ،رِم جھم بارش

Updated: January 01, 2026, 10:48 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

تقریباً ایک گھنٹے تک بارش ہو ئی ، برسات کے سبب ماہرین موسمیات نے جنوری میں اچھی ٹھنڈ پڑنے کا امکان ظاہر کیا

When Mumbaikars woke up on Thursday morning, they were faced with rain. (PTI)
جمعرات کی صبح ممبئی والوں کی آنکھ کھلی تو انہیں بارش کا سامنا ہوا ۔(پی ٹی آئی )

عروس البلاد ممبئی، مضافات اور اطراف کے علاقوںمیں نئے سال کا آغاز بے موسم برسات سے ہوا۔ علی الصباح تقریباً ایک گھنٹے بارش ہوئی۔ اس دوران ماہرین موسمیات نے جنوری میں اچھی ٹھنڈ پڑنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔یاد رہے کہ ۲۰۲۵ء میںموسم باراں ۶؍ مہینوں تک رہا تھا اور نئے سال کے پہلے دن جمعرات کو ممبئی و مضافات اور دیگر علاقوں، بشمول ضلع تھانے ،میں کہیں کم کہیں زیادہ بارش ہوئی۔ بارش کا سلسلہ صبح تقریباً ۵؍ بجکر ۱۵؍ منٹ پر شروع ہوا اور تقریباً پونے ۷؍ بجے تک جاری رہا تاہم مختلف علاقوں میں بارش کا زور مختلف رہا۔زیادہ بارش جنوبی اور مرکزی ممبئی میں ریکارڈ کی گئی۔
 محکمہ موسمیات کے مطابق قلابہ میں ۹؍ ملی میٹر، سانتا کروز میں ۷؍ ایم ایم اور تھانے میں ۹؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران قلابہ میں کم سے کم درجہ حرارت ۱۹ء۲؍ اور زیادہ سے زیادہ ۲۹ء۸؍ جبکہ سانتا کروز میں کم سے کم ۱۹ء۵؍ اور زیادہ سے زیادہ ۲۹ء۳؍۔ اسی طرح  تھانے میں کم سے کم ۱۹ء۶؍ ڈگری  ریکارڈ کیا گیا۔ اطلاع کے مطابق ۱۹۹۴ء کے بعد ممبئی میں ۳۲؍ برسوں میں پہلی مرتبہ جنوری میں سانتا کروز میں ۷؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
 اگرچہ محکمہ موسمیات نے سردست ممبئی کے تعلق سے بارش اور  ٹھنڈ  سے متعلق کوئی پیش گوئی نہیں کی ہے البتہ موسم کا حال بتانے والے نجی ماہر اتھریا شیٹی کے مطابق ممبئی میں جنوری میں اچھی سردی جبکہ چند روز سخت سردی پڑ سکتی ہے جس  کے دوران درجہ حرارت ۱۲؍ ڈگری  تک گرنے کی توقع ہے۔ انہوں نے اہل ممبئی کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اگلا ایک مہینہ سخت سردی جھیلنے کے لئے تیار ہو جائیں کیوں کہ بارش کی وجہ سے ایسا موسم بن رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK