شہر میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے لیکن اس طرح کی بارش جھیلوں پر نہیں ہو رہی جو تشویش کا سبب ہے:ہائیڈرولک انجینئر
کورونا وائرس سے پریشان ممبئی کے شہریوں کیلئے یہ افسوسنا ک خبر ہو سکتی ہے کہ ممبئی کو پانی سپلائی کرنےوالی جھیلوں میں بارش کم ہو رہی ہے۔ بارش کم ہونے کے سبب۷؍ جھیلوں میں اب تک مجموعی طور پر محض ۳۱؍ فیصد ہی پانی ذخیرہ ہو سکا ہے۔ بارش نہ ہونے کاسلسلہ اسی طرح جاری رہا تو شہریوں کو پانی کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امسال محض ۳۱؍ فیصد پانی ذخیرہ ہوا
ممبئی کے شہریو ںکو پانی سپلائی کرنے والے محکمہ آب رسانی سے حاصل کی گئی اطلاعات کے مطابق ۷؍ جھیلوں میں مجموعی طو رپر ۱۴؍ لاکھ ۴۷؍ ہزار ۳۶۳؍ ملین لیٹر پانی ذخیرہ ہو سکتا ہے لیکن ۲۵؍ جولائی کی صبح ۶؍ بجے تک ان میں محض ۴؍ لاکھ ۵۱؍ ہزار ۶۹۶؍ ملین لیٹر ہی ذخیرہ ہو سکا ہے جو ۳۱ء۲۰؍ فیصد ہے۔۲؍ سال قبل یعنی ۲۵؍ جولائی ۲۰۱۸ء میں یہ مقدار ۱۱؍ لاکھ ۹۱؍ ہزار ۷۵۳؍ ملین لیٹر تھی جو کل مقدار کا ۸۲ء۳۴؍ فیصد ہے جبکہ گزشتہ برس ۸؍ لاکھ ۳۷؍ ہزار ۳۹۵؍ ملین لیٹر پانی ذخیرہ ہو سکا تھا جو کہ ۵۷ء۸۵؍ فیصد ہے۔
افسر کا کیا کہنا ہے
اس سلسلے میں بی ایم سی کے ہائیڈرولک انجینئراجے راتھوڑ سے رابطہ قائم کرنے انہوںنے بتایاکہ ’’ یہ سچ ہے کہ جس طرح ممبئی شہر میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے اس طرح کی بارش جھیلوں پر نہیں ہو رہی ہے اور اسی لئے اب تک سطح آب ۳۱؍ فیصد ہی بھر پائی ہے جو فکر کی بات ہے۔ ‘‘
پانی کٹوتی کے تعلق سے پوچھنے پر انہوں نے بتایا کہ اب تک تو اس کا فیصلہ نہیں کیاگیا ہے لیکن اگر بارش نہ ہونے کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو ہمیں پانی کٹوتی پر غور کرنا پڑ سکتا ہے۔
سب سے چھوٹی جھیل لبریز ہونے کے قریب
ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ۷؍ جھیلوں میں سے سب سے چھوٹی جھیل تلسی کی سطح لبریز ہونے کے قریب پہنچ گئی ہے۔محکمہ آب رسانی کے مطابق تلسی کی سطح آب ۱۳۹ء۱۳؍ میٹر تک پہنچ گئی ہے جو کہ لبریز ہونے کی سطح آب یعنی ۱۳۹ء۱۷؍ میٹر سے ۰ء۰۴؍ میٹر ہی کم ہے۔ اگر ایک دن بھی یہاں تیز بارش ہوتی ہے تو یہ لبریز ہو جائے گی۔