Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی آبی بحران ؟ صرف ۱۰؍ فیصد پانی باقی

Updated: June 18, 2026, 11:27 PM IST | Mumbai

بی ایم سی کی جانب سے متعدداقدامات، مانسون ۲۵؍ جون سے شروع ہونے کا امکان ، بارانِ رحمت کیلئے علمائے کرام اور مختلف تنظیموں کی جانب سے جمعہ میں خصوصی دعائوں کی درخواست ، تلوجہ میں نماز استسقاء ادا کی گئی ، شہریوں سے پانی کے استعمال میں احتیاط کی اپیل

Mumbai received rain on May 31, which raised hopes, but it has remained dry ever since.
ممبئی میں ۳۱؍ مئی کو بارش ہوئی تھی جس سے امید بندھی تھی لیکن تب سے اب تک سوکھا پڑا ہوا ہے۔(تصویر: انقلاب )

عروس البلاد ممبئی جو اپنی پیاس بجھانے کیلئے شہر کے قریب واقع ۷؍ جھیلوں پر انحصار کرتی ہے ،  اس سال اب تک بارش نہ ہونے کی وجہ سے ایک بہت بڑے اور سنگین آبی بحران کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ شہر کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں مجموعی طور پر صرف ۱۰؍ فیصد پانی بچا ہےجس کی وجہ سے شہری انتظامیہ بی ایم سی نے متعدد اقدامات کئے ہیں لیکن وہ ناکافی ہی ثابت ہوں گے کیوں کہ جھیلوں میںپانی ہی نہیں ہے۔ بی ایم سی نے کمرشیل اور کارپوریٹ دفاتر کو پانی کی سپلائی میں ۲۰؍ فیصد تک کٹوتی کردی ہے جبکہ سوئمنگ پولس کوپانی کی سپلائی بند کردی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تعمیراتی سائٹس کیلئے بھی سپلائی بند کردی گئی ہے جبکہ شہریوں کیلئے سپلائی میں نہایت سختی سے ۱۰؍ فیصد کٹوتی نافذ کی گئی ہے۔
 اسی درمیان عوام بارش شروع ہونے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں لیکن اب اس کی ممکنہ تاریخ ۲۰؍ جون  کے بجائے ۲۵ جون بتائی جارہی ہے ۔مانسون کی آمد میں حد درجہ تاخیر سے عوام بےحال ہیں اور ایسے سنگین حالات میں محکمہ موسمیات کے ماہرین خاموش ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے اس کی ویب سائٹ پر روایتی انداز میں محدود معلومات فراہم کی جارہی ہے اور اس کے ماہرین صحافیوں کے سوالات کے جواب دینے اور مزید پختہ تفصیلات فراہم کرنے سے کترا رہے ہیں۔ موسم کا حال بتانے والے ماہرین کے مطابق ممبئی اور تھانے سمیت تقریباً پوری ریاست میں مانسون کے بادلوں کی رفتارتھم گئی ہے۔ اب تک ۲۰؍ جون سے برسات کا موسم شروع ہونے کا اندازہ لگایا جارہا تھا لیکن برسات کیلئے ناموافق حالات کے پیش نظر اب ایسا اندازہ ہے کہ مانسون ۲۵ ؍جون سے شروع ہوگا۔ اس دوران ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں میں بدھ کی صبح۶؍ بجے تک محض ۱۰ ؍فیصد پانی بچا تھا۔ اگرچہ یہ مقدار گزشتہ ۲؍برس کے مقابلے میں زیادہ ہے تاہم ان دونوں برسوں میں بارش کی صورتحال اس سال جیسی خراب نہیں تھی۔   ایسے میں محکمہ موسمیات نے ممبئی، تھانے، پال گھر اور رائے گڑھ سمیت ریاست کے متعدد علاقوں میں   جمعہ کو گرم لہر چلنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے گرمی کا یلو الرٹ جاری  کردیا ہے۔ اطلاع کے مطابق فی الحال مانسون  خطہ کوکن میں ہرنائی سے شولاپور کی پٹی کے درمیان ہے لیکن ناسازگار ماحول کہ وجہ سے یہ مزید آگے نہیں بڑھ پا رہا ہے۔  
 دریں اثناء بارانِ رحمت کے نزول کے لئے علماء اور تنظیموں کی جانب سے جمعہ میں خصوصی دعا کے اہتمام کی درخواست کی گئی ہے۔ ملی تنظیموں کے ذمہ داران نے کہا کہ ’’ امسال بارش میں کافی تاخیر ہورہی ہے ،جس  سے مختلف مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ ان حالات میںہم سب باری تعالیٰ سے رجوع کریں اور جمعہ میں خصوصی دعا کا اہتمام کریںکہ وہ رحمت کی بارش کا نزول فرمائے تاکہ اس کی مخلوق کو راحت مل سکے اور پانی کی قلت دور ہو ۔اس تعلق سے دارالعلوم امدادیہ (چونا بھٹی ) کے استاذ حدیث مفتی سعیدالرحمٰن قاسمی نے  اپنے لیٹرہیڈ پرائمہ مساجد اورخطباءکرام کے نام اپیل جاری کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK