• Tue, 03 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جی ایس ٹی وصولی ۰۳ء۲؍لاکھ کروڑ ہوگئی

Updated: November 02, 2026, 1:21 PM IST | Agency | New Delhi

اکتوبر میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ۶ء۲۵؍ فیصد اضافہ، رواں سال میں سب سےتیز کلیکشن۔

Nirmala Sitharaman. Photo: INN
نرملا سیتارمن۔ تصویر:آئی این این

درآمدات سے حاصل ہونے والے ٹیکس محصولات میں نمایاں اضافہ کی بدولت اکتوبر میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مجموعی جی ایس ٹی وصولی، ریفنڈ کی رقم نکالنے کے بعد، سالانہ بنیاد پر۶ء۲۵؍فیصد بڑھ کر۰۳ء۲؍ لاکھ کروڑ روپے ہوگئی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ عبوری اعداد و شمار کے مطابق  رواں مالی سال میں جی ایس ٹی کی خالص وصولیوں میں یہ سب سے زیادہ شرح نمو ہے۔ مجموعی جی ایس ٹی وصولیوں میں بھی رواں مالی سال کی سب سے تیز رفتار ترقی درج کی گئی۔ اکتوبر میں مجموعی وصولی گزشتہ سال کے مقابلہ میں  ۹ء۲۲؍ فیصد بڑھ کر۳۱ء۲؍لاکھ کروڑ روپے ہوگئی۔ رقم کے لحاظ سے مجموعی اور خالص جی ایس ٹی وصولیاں دونوں رواں مالی سال کی دوسری سب سے بڑی وصولیاں رہیں۔اپریل میں مجموعی وصولی۴۲ء۲؍ لاکھ کروڑ روپے اور خالص  وصولی ۱۰ء۲؍لاکھ کروڑ روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

رواںمالی سال کے پہلے ۷؍مہینوں میں یہ چوتھی مرتبہ ہے جب مجموعی جی ایس ٹی وصولی۲؍  لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کرگئی۔ اکتوبر میں خالص جی ایس ٹی محصولات میں یہ اضافہ ستمبر کی۱ء۱۸؍ فیصد، اگست کی۸ء۳؍فیصد اور جولائی کی۸ء۱۵؍ فیصد شرح نمو کے بعد سامنے آیا ہے۔درآمدات سے متعلق جی ایس ٹی محصولات میں اضافہ بدستور  ملکی وصولیوں کے مقابلے میں زیادہ رہا۔ اکتوبر میں درآمدات پر مجموعی انٹیگریٹیڈ جی ایس ٹی (آئی جی ایس ٹی) کی وصولیاں سالانہ بنیاد پر۴۲ء۲؍  فیصد بڑھ کر۷۲؍ ہزار ۲۴۶؍کروڑ روپے ہو گئیں۔ یہ رقم مجموعی جی ایس ٹی وصولی کے تقریباً ایک تہائی کے برابر ہے۔  ری فنڈ  کے بعد درآمدات سے  خالص جی ایس  ٹی ۲ء۵۶؍ فیصد اضافہ  کے ساتھ ۵۸؍ ہزار ۳۱۹؍ کروڑ روپے ہوگئی۔

یہ بھی پڑھئے: بین الاقوامی مسافروں کے لیے ڈجی یاترا کا آزمائشی آغاز،۷ ؍ہوائی اڈوں پر پائلٹ پروجیکٹ شروع

جی ایس ٹی وصولی میں اضافہ کی اہمیت

ٹیکس کنیکٹ ایڈوائزری سروسیز کے پارٹنر وویک جالان نے بتایا کہ اکتوبر۳۶ء کی جی ایس ٹی وصولیوں کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ اکتوبر۲۵ء پہلا پورا مہینہ تھا جس میں ’جی ایس ٹی۰ء۲‘ کے تحت ٹیکس کی شرحوں کو معقول بنانے کے اثرات محصولات کے اعداد و شمار میں ظاہر ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ مجموعی ملکی جی ایس ٹی وصولی میں۱۵ء۸؍ فیصد اضافے کے ساتھ ان کا۵۹ء۱؍لاکھ کروڑ روپے تک پہنچنابڑھتی ہوئی مانگ اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔ 

  ٹیکس ری فنڈ میں بھی اضافہ

اکتوبر میں ٹیکس ری فنڈ کی مجموعی رقم۵ء۶؍ فیصد بڑھ کر۲۷؍ہزار ۹۳۴؍ کروڑ روپے ہوگئی جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں یہ رقم۲۶؍ ہزار ۲۲۵؍ کروڑ روپے تھی۔ ملکی ری فنڈ۸ء۹؍ فیصد اضافہ کے ساتھ۱۴؍ہزار ۷؍ کروڑ روپے رہے جبکہ برآمدات سے متعلق ری فنڈ۴ء۳؍ فیصد بڑھ کر ۱۳؍ ہزار ۹۲۷؍ روپے ہوگئے۔ ای وائی انڈیا کے ٹیکس پارٹنر سوربھ اگروال نے کہا کہ درآمدات سے متعلق ٹیکس وصولیوں میں مسلسل اضافے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو مزید بہتر کرنےکی ضرورت ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK