اکثر لوگوں میں صلاحیت تو بھرپور ہوتی ہے لیکن خود اعتمادی کی کمی پائی جاتی ہے۔ ایسا کئی بڑی شخصیات کے ساتھ بھی ہوتا رہا ہے۔ یہی کچھ حال مشہور گلوکار مناڈے کے ساتھ بھی ہوا تھا۔
مناڈے۔ تصویر: آئی این این
اکثر لوگوں میں صلاحیت تو بھرپور ہوتی ہے لیکن خود اعتمادی کی کمی پائی جاتی ہے۔ ایسا کئی بڑی شخصیات کے ساتھ بھی ہوتا رہا ہے۔ یہی کچھ حال مشہور گلوکار مناڈے کے ساتھ بھی ہوا تھا۔ مناڈے بہت اچھے گلوکار تھے لیکن کوئی ان کے فن کو پہچان نہیں پارہا تھا۔ ابتدائی دورمیں منا ڈے کے ہنر کو پہچاننے والوںمیںموسیقار - شنکر جے کشن کا نام خاص طور پر قابل ذکر ہے۔اس جوڑی نے انہیں مختلف اندازکے نغمے گانےکا موقع دیا جن کی وجہ سے ان کی پہچان بنی اور وہ بالی ووڈ میں اس قدر مشہور ہوئے۔ شنکر جے کشن نے ہی مناڈے سے’آجا صنم مدھر چاندنی میں ہم‘جیسے رومانوی نغمہ اور’کیتکی گلاب جوہی‘جیسے کلاسیکل نغمے گانے کا موقع دیا۔
لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ابتداء میں منا ڈےنے یہ نغمے گانے سے انکارکر دیا تھا۔موسیقار شنکر جےکشن نے جب مناڈےکو ’کیتکی گلاب جوہی‘گانا گانے کی پیشکش کی تو پہلے تو وہ اس بات سے گھبرا گئے کہ بھلا وہ عظیم کلاسیکل موسیقاربھیم سین جوشی کے ساتھ کس طرح نغمہ گا پائیں گے۔اس لئے وہ ان کے ساتھ نغمہ گانے سے بچنے کیلئے تدابیر سوچنے لگے۔انہوں نے سوچا کہ وہ کچھ دنوں کے لئے ممبئی سے دور یعنی پونے چلے جائیں۔ اس طرح وہ بھیم سین جوشی کے ساتھ نغمہ گانے سے بچ جائیں گے اور جب بات پرانی ہو جائے گی اور لوگ بھول جائیں گے تو وہ واپس ممبئی لوٹ آئیں گے اور انہیں بھیم سین جوشی کےساتھ نغمہ نہیں گانا پڑے گا لیکن بعد میں انہوں نےاسے چیلنج کے طور پر قبول کیا اور ’کیتکی گلاب جوہی‘ جیسا بہترین نغمہ گایا۔