قبرستان میں اس طرح کی پابندی عائد کرنے سے مقامی افراد اور بیرون ممبرا سےاپنے عزیزوں کی فاتحہ خوانی کیلئے قبرستان آنےو الوں میں ناراضگی۔
EPAPER
Updated: April 27, 2026, 11:53 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbra
قبرستان میں اس طرح کی پابندی عائد کرنے سے مقامی افراد اور بیرون ممبرا سےاپنے عزیزوں کی فاتحہ خوانی کیلئے قبرستان آنےو الوں میں ناراضگی۔
ممبرا کے امرت نگر قبرستان میں فاتحہ خوانی اور زیارت کیلئے جانے والے شہریوں کو اب طے شدہ وقت میں ہی داخل ہونےکی اجازت ہوگی اور ان اوقات کے سوا قبرستان کا گیٹ بند رہے گا۔ البتہ میت کی تدفین کیلئے کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ قبرستان کے گیٹ پر بورڈ لگا کر اس کی اطلاع دی گئی ہے۔ ممبر ا میں کسی قبرستان میں اس طرح کی پابندی عائد کرنے سے مقامی افراد اور بیرون ممبرا سے اپنے عزیزوں کی فاتحہ خوانی کیلئے قبرستان آنے والوں میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ دوسری جانب قبرستان کی دیکھ ریکھ کی ذمہ دار دارجمعیت المسلمین ٹرسٹ( ممبرا) کے صدر نعیم خان سےمذکورہ پابندی عائد کرنےکے تعلق سے استفسار کرنے پر انہوں نے جواز پیش کیا کہ قبرستان میں صاف صفائی اور مرمت کا کام کرنے میں کوئی دقت پیش نہ آئے اس کیلئے گیٹ کو کچھ وقت کیلئے بند کیاجارہا ہےلیکن قبرستان کو صبح، دوپہر اور شام /رات کے وقت کھولا جارہا ہے۔
یہ بھی پرھئے: مرکز المعارف، ممبئی کے تعاون سے بدلاپور میں اخلاقی و تربیتی سمر کیمپ
جب ان سے یہ دریافت کیا گیا کہ اوقات کی یہ پابندی کب تک نافذ رہے گی؟ انہوں نے کہا کہ مرمت کا کام مکمل ہونے تک جس میں کچھ مہینے لگ سکتے ہیں۔ نعیم خان نے شہریوں سے قبرستان انتظامیہ کے اس فیصلہ میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔
قبرستان ٹرسٹ کے اس فیصلہ سے ابھی مقامی اور بیرون ممبرا کے شہری لا علم ہیں جس کی وجہ سے متعددافراد کو واپس بھی لوٹنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ دنوں نمائندۂ انقلاب جب قبرستان پہنچا تو وہاں ایک مقامی شہری موجود تھا۔ اسی طرح ملاڈ سے ایک شخص اپنے مرحوم کی فاتحہ خوانی کیلئے قبرستان آیا تھا لیکن یہ لوگ دوپہر ۳؍ بجے کے بعد قبرستان پہنچے تھے اس لئے انہیں گیٹ پر لگے ہوئے تالے کو دیکھ کر لوٹنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ قبرستان کی صفائی تو گیٹ کھلا رکھ کر بھی کی جاسکتی ہے۔ مقامی افراد تو وقت معلوم کر کے دوبارہ آسکتے ہیں لیکن دور دراز سے آنے والے شہریوں کو پریشانی ہوگی۔
امرت نگر سنی مسلم قبرستان میں وزیٹر کیلئے اوقات
جمعیت المسلمین ( ممبرا) کے مطابق امرت نگر قبرستان میں فاتحہ خوانی کیلئے آنے والوں کیلئے درج ذیل اوقات میں داخلہ کی اجازت ہوگی:
صبح ساڑھے ۵؍ بجے سے صبح ۱۱؍ بجے تک
دوپہر ڈیڑھ بجے سے دوپہر ۳؍ بجے تک
شام ۵؍ بجے سے رات ۱۰؍ بجے تک
منتظمین کے بقول مذکورہ اوقات کےسوا قبرستان کا گیٹ بند رہے گا لیکن تدفین کیلئے ہروقت گیٹ کھلا رہے گا۔