• Thu, 01 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا: امیدواروں کی وفاداری بدلی، ٹکٹ نہ ملنے پر دیگرپارٹیوں سے فارم بھرا

Updated: January 01, 2026, 4:08 PM IST | Iqbal Ansari

 تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی )کے الیکشن کیلئے ممبرا کوسہ میں بھی کافی اتھل پتھل دیکھنے کومل رہی۔

A scene from a rally of an NCP (Sharda Pawar) candidate. Picture: INN
این سی پی (شردپوار) کے ایک امیدوار کی ریلی کا منظر۔ تصویر: آئی این این
 تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی )کے الیکشن کیلئے ممبرا کوسہ میں بھی کافی اتھل پتھل دیکھنے کومل رہی۔ ممبرا کوسہ اسمبلی حلقہ کے سماجوادی پارٹی کے تقریباً ڈھائی سا ل سے صدر رہے عبدالمنان شیخ کی اہلیہ سلطانہ شیخ نے پہلے سماجوادی کے امیدوار کے طور پر فارم پُر کیا اور اس کے بعد آخری وقت میں ایم آئی ایم کی امیدواری کا بھی فارم جمع کر دیا۔ انہوںنے ۳۱؍  دسمبر کو پرچہ نامزدگی کی چھان بین کے دوران متعلقہ ریٹرننگ آفس سے درخواست کی کہ انہیں ایم آئی ایم کا امیدوار قرار دیا جائے ۔ اس طرح اب سلطانہ عبدالمنان شیخ ایم آئی ایم کی امیدوارہوں گی۔
اس سلسلے میں انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے عبدالمنان شیخ نے بتایاکہ ’’مَیں سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی اور مقامی کمیٹی کاشکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے موقع دیا لیکن پینل نمبر ۳۰؍ میں کوشش کرنے کے باوجود سماجوادی پارٹی کا پینل نہیں بن پا رہا تھا۔ پارٹی کے عہدیداروں سے مشورہ کرنے پر یہ طے ہوا تھا کہ جہاں بھی ممکن ہوگا، پینل مکمل کئے بغیر ہی فرداً فرداً فارم پُر کیا جائے اور الیکشن لڑا جائے۔ اس مشورے کے بعد بد دلی سے مَیں نے میری اہلیہ کا فارم سماجوادی پارٹی  کے اے بی فارم کے ساتھ پُر کیا تھااور سوچا تھا کہ نام واپس لے لوں گا لیکن آخری وقت میں ایم آئی ایم   ممبرا کے صدر سیف پٹھان کا مجھے فون آیا اور انہوںنے مجھ سے ان کی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی پیشکش کی ۔ چونکہ ان کا پینل مکمل ہو رہا تھا اس لئے مَیں نے بھی ہامی بھر لی اور آخری وقت میں ایم آئی ایم کی نمائندگی کا فارم جمع کر دیا۔‘‘ انہوںنے مزید بتایاکہ ’’۳۱؍ دسمبر کو مَیں نے مقامی ریٹرننگ آفیسر سے تحریری درخواست کی ہے کہ مجھے ایم آئی ایم کا امیدوار ہی قرار دیاجائے ۔‘‘
عبدالمنان کے بقول پینل نمبر ۳۰؍ میں (اے)    وارڈ سے نفیس انصاری ، (بی) سے سحر یونس شیخ ( جنہیں این سی پی (شردپوار) کا فارم نہیں ملا ، اس لئے انہوں نے بھی ایم آئی ایم  سے فارم پُر کیا   ےح)، (سی ) سے میری اہلیہ اور (ڈی ) سے این سی پی ( شردپوار) کے سابق کارپوریٹر سراج ڈونگرے کا بھتیجا شعیب ڈونگرے ایم آئی ایم سے الیکشن لڑ رہےہیں ، اس طرح   ایم آئی ایم کا یہ پینل مکمل ہو رہا ہے اور ہمیںامید ہے کہ ہمارا پینل جیتے گا۔
اسی دوران ایک اتھل پتھل یہ دیکھنے ملی کہ امرت نگر علاقے سے این سی پی ( شردپوار ) کی پارٹی سے ٹکٹ ملنے کے متمنی سابق کارپوریٹر مرزا عنایت بیگ کو جب وہاں سے ٹکٹ نہیںملا تو انہوںنے این سی پی (اجیت)پوار میں شمولیت اختیار کر لی اور ان کے ٹکٹ سے الیکشن لڑرہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK