Updated: January 01, 2026, 5:34 PM IST
| Mumbai
’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ سیزن ۵؍ کے فائنل کی عالمی ریلیز نے شائقین میں زبردست جوش پیدا کر دیا، تاہم غیر معمولی ٹریفک کے باعث نیٹ فلکس کو عارضی تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ سوشل میڈیا پر مداحوں کے ردِعمل نے ثابت کر دیا کہ یہ فائنل جدید ٹی وی تاریخ کے سب سے زیادہ انتظار کئے جانے والے لمحات میں سے ایک تھا۔
اسٹرینجر تھنگز پوسٹر۔ تصویر: آئی این این
سائنس فکشن تھریلر سیریز ’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ کے پانچویں اور آخری سیزن کا فائنل گزشتہ رات نئے سال کے موقع پر دنیا بھر میں پریمیر ہوا۔ تاہم، اس تاریخی ریلیز کے ساتھ ہی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کو غیر معمولی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا اور پلیٹ فارم مختصر وقت کیلئے کریش ہوگیا۔ انتہائی متوقع آخری قسط ’’چیپٹر ایٹ: دی رائٹ سائیڈ اَپ‘‘ ک ریلیز ہوتے ہی بڑی تعداد میں ناظرین نے لاگ اِن کرنے کی کوشش کی، مگر کئی صارفین کو ایک ’’ایرر‘‘ پیغام موصول ہوا جس میں لکھا تھا:’’کچھ غلط گیا ہے۔ معذرت، ہمیں آپ کی درخواست کی دوبارہ جانچ کرنی ہوگی۔ تب تک آپ ہمارا ہوم پیج دیکھئے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۶ء سیکوئلز کا سیلاب: کم و بیش ۴۰؍ فلموں کے سیکویل ریلیز ہوں گے
سوشل میڈیا پر مداحوں کا ردِعمل
اس اچانک مسئلے پر ناظرین نے ایکس کا رخ کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’اسٹرینجر تھنگز کے فائنل سے صرف تین منٹ پہلے میرا نیٹ فلکس دو بار کریش ہو چکا ہے۔‘‘ ایک اور صارف کے مطابق ’’لگتا ہے اسٹرینجر تھنگز نے ایک بار پھر نیٹ فلکس کو کریش کر دیا ہے۔‘‘ جبکہ تیسرے صارف نے لکھا کہ ’’سیزن ۵؍ کی آخری قسط ریلیز ہوتے ہی نیٹ فلکس جواب دے گیا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: کیا انجلینا جولی ۲۰۲۶ء میں لاس اینجلس چھوڑ دیں گی؟
واضح رہے کہ ’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ کا پانچواں اور آخری سیزن آٹھ اقساط پر مشتمل ہے، جسے تین حصوں میں ریلیز کیا گیا۔پہلا حصہ: ۲۶؍ نومبر ۲۰۲۵، دوسرا حصہ: ۲۵؍ دسمبر ۲۰۲۵ء، اور آخری حصہ یکم جنوری ۲۰۲۶ء۔ اس سیریز کے تخلیق کار ڈفر بردرز ہیں، جبکہ اسے شان لیوی اور ڈین کوہن کے اشتراک سے پروڈیوس کیا گیا ہے۔فائنل سیزن میں ونونا رائڈر، ڈیوڈ ہاربر، ملی بوبی براؤن، فن وولف ہارڈ، سیڈی سنک، کالیب میک لافلن، نوح شناپ، گیٹن ماترازو، جو کیری، مایا ہاک، نتالیہ ڈائر، چارلی ہیٹن اور بریٹ گیلمین سمیت دیگر معروف اداکار شامل ہیں۔