Inquilab Logo

ممبرا : تیسری منزل سے پھینکنے پر بچہ کی موت ،بچی شدید زخمی

Updated: February 28, 2023, 12:13 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اسی عمارت میں رہنے والے ملزم کوپولیس نے حراست میں لے لیا جسے ذہنی طور سےمعذور بتایا جارہا ہے

Muhammad Zohan Syed
محمدزوہان سیّد

  یہاں دیوری پاڑہ  (سری لنکا)  علاقے میں  ۲؍ کمسن بچے کو تیسری منزل سے پھینکنے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس حادثہ میں ۵؍ سالہ محمد زوہان سیّد کی موت  ہو گئی   جبکہ زینب انصاری (۷) شدید زخمی ہو گئی ہے جس کا علاج مقامی اسپتال میں جاری ہے۔ یہ واقعہ سنیچر کی شام  ہوا۔ مقامی افراد کا الزام ہے کہ ان بچوں کو اسی بلڈنگ (ماؤنٹ ویو) میں رہنے والے ایک شخص نے پھینکا ہے  جو ذہنی طو رپر معذور  ہے ۔ پولیس نے ملز م کو حراست میں لے لیا ہے اوراسے ۴؍ دن کی پولیس تحویل میں رکھا گیا ہے جبکہ معاملے کی مزیدتفتیش جاری ہے۔
 مہلوک بچہ کے   رشتہ دار فرحان نے بتایاکہ ’’گزشتہ شام بچے معمول کے مطابق کھیل رہے تھے  ، اسی دوران  زوہان   اور زینب انصاری کے تیسرے منزلے سے گرنے کی اطلاع ملی۔ شدید زخمی حالت میں زوہیب  سے پوچھا گیا تو اس نے بتایا کہ اسی بلڈنگ میں رہنے والے پٹاخے والے انکل عرف آصف نے پہلے زوہان اور اس کے بعد اسے   پھینک دیا  ۔ زوہان کی کا فی زیادہ مقدار میں خون بہہ جانےسے موت ہو گئی  جبکہ مقامی اسپتال میں زیر علاج زینب کی حالت نازک بتا گئی ہے۔‘‘انہو ںنے مزید بتایا کہ’’ اس سے پہلے بھی اسی آصف نامی شخص نے بچوں پر پتھر پھینکے تھے  اور ایک خاتون کے گھر میں گھس کر اس کی پٹائی بھی کی تھی ۔چونکہ مقامی لوگ ڈرتے ہیں اور اسے ذہنی طو رپر معذور سمجھ کر کچھ نہیں کہتے تھے لیکن اب اس نے بچوں کو ہی پھینک دیا ہے۔اگر اس شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا تو وہ آئندہ بھی اس طرح کی حرکت کر سکتا ہے اوردیگر بچوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔‘‘ اس سلسلے میں  زوہان کے والد نے بتایا کہ  مجھے شام ساڑھے ۵ بجے فون پر اطلاع ملی تھی کہ میرا بیٹا بلڈنگ سے نیچے گر گیا ہے۔ جب میں اسپتال پہنچا اور بچے کے گرنے کے تعلق سے پوچھا تو مجھے بتایا گیا کہ  ایک مقامی شخص نے  اسے  اور ایک   بچی کو تیسرے منزلے سے پھینک دیا ہے۔
  اس بارے میں ملزم آصف کا کہنا ہے کہ اس کی دماغی حالت بالکل اچھی ہے اور اس نے ان بچوں کو نہیں پھینکا ہے۔    اس پر جھوٹا الزام لگایا جا رہا ہے۔ ہم میاں بیوی خود بے اولاد ہیں اور بچے کیلئے ترس رہے ہیں تو ایسا کیوں کریں گے۔مَیں نے تو بچوں کو اوپر چڑھنے سے منع کیا تھا اور انہیں ڈانٹ کر چلا گیا تھا۔
 اس سلسلے میں ممبرا کے سینئر پولیس انسپکٹر نرویتی کولہٹکر  نے بتایاکہ اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ملزم کو  حراست میں لیا گیا ہے۔ بچی کی حالت نازک ہے اورجیسے ہی اس کا بیان قلمبند ہوگا ، اس کے مطابق آگے کی کارروائی کی جائے گی۔ 

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK