• Sat, 07 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رمضان المبارک میں لاؤڈ اسپیکرسے متعلق گائیڈلائن کا مطالبہ

Updated: February 07, 2026, 1:22 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

وکلاء، قانون کے طلبہ اور سماجی رضاکاروں نے پولیس، میونسپل کمشنر اور حکومت کو خط لکھ کر کہاکہ ’ ایس او پی‘ کے ذریعہ تنازعات سے بچا جاسکتا ہے۔

The controversy arose due to the ban on the use of loudspeakers in mosques. Photo: INN
مساجد میں لاؤڈاسپیکر کے استعمال پرپابندی کے سبب تنازع پیدا ہوا تھا۔ تصویر: آئی این این

رمضان المبارک کے پیش نظر گوونڈی کی ایک تنظیم نے ریاستی حکومت، پولیس کمشنر اور دیگر محکموں کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ اس ایک مہینے کیلئے چھوٹے اسپیکر، آواز کی سطح، اسپیکر کے استعمال کے اوقات وغیرہ کے تعلق سے ’ایس او پی‘ (اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر) جاری کیا جائے تاکہ ایسا نہ ہو کہ لوگ خود سے کوئی انتظام کریں اور انہیں کسی تنازع یا قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے۔ 
یہ خط ممبئی میں پریکٹس کرنے والے کچھ مسلم وکلاء اور قانون کے طلبہ کی نمائندگی میں لکھا گیا ہے جس کی سماجی کارکنان اور عام شہریوں سمیت کُل ۵۰؍ افراد نے حمایت کی ہے۔ اس خط کی کاپی حکومت مہاراشٹر کے چیف سیکریٹری، ممبئی کے پولیس کمشنر، میونسپل کمشنر اور ’مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ ‘ کے ممبر سیکریٹری کو بھیجی گئی ہے۔ 
اس تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈوکیٹ فیاض عالم شیخ نے کہا کہ ’’ہم کوئی نیا قانون یا موجودہ قانون میں کوئی ترمیم یا نرمی کا مطالبہ نہیں کررہے ہیں۔ ہمارا کہنا صرف اتنا ہے کہ رمضان المبارک میں  بہت سے مقامات پر ضرورت کے پیش نظر اسپیکر کی ضرورت پیش آتی ہے اور چونکہ ممبئی میں پہلے ہی لائوڈ اسپیکر کے تعلق سے کافی تنازعات ہوچکے ہیں اس لئے پولیس اور متعلقہ محکموں کو ’ایس او پی‘ جاری کرکے اس بارے میں وضاحت کرنی چاہئے کہ کس طرح کے اسپیکر استعمال کئے جاسکتے ہیں، کس وقت تک استعمال کئے جاسکتے ہیں تاکہ شر پسند عناصر چھوٹے اسپیکروں کے استعمال پر بھی شرانگیزی نہ کرسکیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: بی ایم سی کی پراپرٹی ٹیکس وصول کرنے کی مہم شروع

مذکورہ خط میں لکھا گیا ہے کہ ’ایس او پی‘ نہ ہونے کی وجہ سے ایسے تنازعات بھی کھڑے ہوجاتے ہیں جن سے بچنا ممکن ہوتا ہے۔ ایس او پی موجود ہوگا تو عوام کو حسب ضرورت متعلقہ محکموں سے کسی بات کی اجازت لینا آسان ہوگا، قانون پر سب جگہ یکساں طور پر عمل ہوگا، غلط فہمیوں سے بچا جاسکے گا اور عدالت کے احکامات کی بخوبی پاسداری ہوسکے گی۔ اس میں مشورے دیئے گئے ہیں کہ کم آواز والے باکس اسپیکر یا اس طرح کے دیگر اسپیکروں کے استعمال، ایسے اسپیکر جن میں آواز کی سطح پہلے سے طے کرنے کی سہولت ہوتی ہے، کو عدالت کے ذریعہ طے کئے گئے اوقات میں استعمال کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔ ذمہ داران سے تحریری اقرار نامے لے کر محض رمضان کے مہینے تک اسپیکر وغیرہ کے استعمال کی اجازت دی جائے۔ اس میں مزید مشورے شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK