• Fri, 12 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا :لکی کمپاؤنڈ کی عمارت کے مکان کا چھجہ گرنے سے معمر خاتون جاں بحق ،بہو زخمی

Updated: September 10, 2025, 9:57 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اندوہناک حادثہ کے بعد عمارت خالی کروا لی گئی۔ عمارت کی مضبوطی کی جانچ کی رپورٹ کے مطابق آگے کی کارروائی کی جائے گی: افسر

Nahida Zainuddin Jamali
ناہیدہ زین الدین جمالی

 یہاں  لکی کمپاؤنڈ کی ایک اورعمارت میں اندوہناک حادثہ پیش آیا ۔ کوسہ قبرستان کے قریب دولت نگر علاقے میں واقع ۳؍ منزلہ لکی کمپاؤنڈ  کی ڈی ونگ کی تیسری منزلہ کی کھڑکی کا چھجہ پیر اور منگل کی درمیانی شب تقریباً ۱۲؍بجے اچانک منہدم ہو گیا۔ حادثہ کے وقت قریب کی عمارت میں رہنےو الی  ناہیدہ زین الدین جمالی (ناہیدہ ٹیچر) (۶۲؍ سال)  اور ان کی بہو علمہ زہرہ جمالی(  ۲۶؍ سال)   وہاں کھڑی تھیں جن پر   چھجہ گرا جس کے سبب دونوں شدید زخمی ہوگئیں  ۔ مقامی افراد نے انہیں اسپتال پہنچایا لیکن ناہیدہ ٹیچر زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسیں جبکہ علمہ زہرہ کو کالسیکر اور اس کے بعد کلوا کے  ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں منگل کو ان کا آپریشن کیا جائے گا۔
 مقامی خاتون کے مطابق  ناہیدہ ٹیچر امرت نگر میں واقع عبداللہ پٹیل اسکول میں ٹیچر تھیں اور تقریباً ۲؍ سال قبل ہی سبکدوش ہوئی تھیں۔ حادثے کے بعد مذکورہ عمارت خالی کروالی گئی ہے اور میونسپل افسر کا کہنا ہےکہ عمارت کی مضبوطی کی جانچ ہو گی اور اس کی رپورٹ کے مطابق آگے کی کارروائی کی جائے گی۔

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Inquilab - انقلاب (@theinquilab.in)

متوفی ناہیدہ جمالی کےاہل خانہ صدمہ سے نڈھال ہیں۔ان کے بھائی احمد نے بتایاکہ ’’ مَیں اور میری بہن ناہیدہ  ہم لکی کمپاؤنڈ  بلڈنگ کے بازو والی عمارت   میں ۸؍ ویں اور ۹؍ ویں منزلہ پر رہتے ہیں۔اتوار کو ہم اپنے  رشتہ داروں سے ملاقات کر کے لوٹ رہے تھے۔ مَیں گاڑی پارک کرنے گیا اور میری بہن ناہیدہ اور میرے چھوٹے بھائی کی بیوی علمہ زہرہ جمالی لکی کمپاؤنڈ ( ڈی ونگ) کے پاس کھڑے میرا انتظار کر رہے تھے اسی دوران تیسرے منزلے کی کھڑکی کا چھجہ ان پر گر گیا۔ اس حادثہ میں ناہیدہ کو سر میں شدید زخم آئے اور مقامی افراد کی مدد سے انہیں بلال اسپتال لے جایا گیا لیکن ان کی موت ہو چکی تھی۔ البتہ زہرہ کے پیر شدید زخمی ہوئے ہیں۔‘‘
 مقامی شخص ناصر بھائی نے بتایا کہ ’’ ناہیدہ ٹیچر او ران کے اہلِ خانہ برسوں سے ممبرا میں رہتے ہیں ۔ وہ پہلے جیون باغ علاقے میں رہتے تھے  ۔ ناہیدہ ٹیچر کی تدفین منگل کو مغرب کی نماز کے بعد امرت نگر قبرستان میں عمل میں آئی ۔‘‘
   اس ضمن میں تھانے میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے انچارج یاسیں تڑوی کے مطابق چھجہ گرنے کے حادثہ کے بعد لکی کمپاؤنڈ( ڈی ونگ) کے گراؤنڈ پلس ۳؍ اور ٹیرس فلیٹ سبھی مکینوں کو خالی کروا لیا گیا ہے۔ عمارت میں ۴؍ فلیٹ ہیں۔ مکین اپنے اپنے رشتہ داروں کے یہاں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ حادثہ کے بعد  چھجہ کا بقیہ خطرناک حصہ توڑ دیا گیا ہے اور احتیاطی تدبیر  کے تحت ٹیرس فلیٹ (روم نمبر ۴۰۴) کی کھڑکی میں لگی ہوئی لوہے کی گرل بھی اتار لی گئی ہے ۔ عمارت کی مضبوطی کا آڈٹ کیا جائے گا اور رپورٹ کے مطابق آگے کی کارروائی کی جائے گی۔‘‘
  اس سلسلے میں مقامی سوشل ورکر جاوید صدیقی نے نمائندۂ  انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ’’ لکی کمپاؤنڈ (ڈی ونگ) کو تھانے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مخدوش ہونے کا نوٹس جاری نہیں کیا گیا ہے ، اس کے باوجود یہ حادثہ ہوا ہے ۔ اس سے شہری انتظامیہ کی لاپروائی ظاہر ہوتی  ہے۔‘‘
  واضح رہے کہ ممبرا کے قریب شیل پھاٹا علاقے میں ۲۰۱۳ء میں لکی کمپاؤنڈ نامی زیر تعمیر ۷؍ منزلہ عمارت تاش کے پتوں کی طرح منہدم ہوگئی تھی جس میں ۷۴؍ افراد کی موت ہوگئی تھی۔

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK