ہائی کورٹ کے حکم کے بعد کوسہ اور دیوا میں ۹۰۰؍ سے زائد غیر قانونی عمارتوں کی نشاندہی ۔ ۲۰۰؍سے زائد عمارتوںکا انہدام کیا جاچکا ہے ۔ حلف نامہ کے مطابق اب تک کےسروے میں دیوا میں سب سے زیادہ ۴۷۰؍ غیر قانونی عمارتیں ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ گنپتی کے بعد انہدامی کارروائی دوبارہ شروع ہوگی
شیل علاقے میںکئی غیرقانونی عمارتوں کو منہدم کردیا گیا تھا ۔ (فائل فوٹو)
ممبرا کوسہ سے متصل خان کمپاؤنڈ میں۱۷؍ غیر قانونی عمارتیں ہونے کے بعد بامبے ہائی کورٹ میں ان کے خلاف عرضی داخل کرنے پر انہدامی کارروائی کے ساتھ ساتھ ہی ممبرا کوسہ اور، دیوا میں غیر قانونی تعمیرات کا پتہ لگانے کی ہدایت پر تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی )نے نہ صرف غیر قانونی عمارتوں کا جائزہ لینے اور نشاندہی کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے بلکہ جون تا اگست کے درمیان ۲؍ سو سے زائد عمارتوں کو منہدم بھی کردیا ہے ۔ ٹی ایم سی نے ہائی کورٹ کے حکم پر غیر قانونی عمارتوں کے خلاف کئے گئے سروے میں اب تک ۹؍ سو سے زائد عمارتوں کے غیر قانونی ہونے کی تصدیق بھی کی ہے ۔
ممبرا کوسہ اور دیوا میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کئے گئے سروے میں تھانے میونسپل کارپوریشن نے ایک دو نہیں بلکہ ۹۰۹؍ بلڈنگوں کے غیر قانونی ہونے کی نشاندہی کی ہے ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کئے گئے سروے میں دیوا میں سب سے زیادہ ۴۷۰؍ غیر قانونی عمارتیں ہونےکی تصدیق کی گئی ہے ۔ اس ضمن میں بی ایم سی نے حلف نامہ داخل کرتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ کو ۲۲۷؍ عمارتوں کو منہدم کرنے جس میں ۱۷۵؍ بلڈنگوں کوتوڑنے اور ۵۲؍ بلڈنگوں کے کچھ حصوں کو منہدم کرنے کی اطلاع دی ہے ۔تھانے میونسپل کارپوریشن نے اپنے حلف نامہ میں مزید اطلاع فراہم کرتے ہوئے کورٹ کو یہ بھی بتایا ہے کہ چونکہ عنقریب کئی تہواروں آرہے ہیں جس میں پولیس کا بڑا دستہ بندو بست پر رہے گا اس لئے غیر قانونی عمارتوں کے خلاف انہدامی کارروائی کا سلسلہ منقطع کرنا پڑا ہے ۔ ٹی ایم سی کے بقول گنپتی کے تہوار کے بعد انہدامی کارروائی کا یہ سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا ۔
تھانے شہری ا نتظامیہ کے داخل کردہ حلف نامہ کے مطابق جون سے ۱۴؍ اگست تک ۹۰۹؍ بلڈنگوں کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے جن میں ۲۲۷؍ بلڈنگوں کو منہدم کر دیا گیا ہے جبکہ بقیہ ۶۸۲؍ عمارتو ں کو بھی پولیس بندوبست میں جلد ہی منہدم کردیا جائے گا ۔
قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر پرشانت روڑے نے داخل کردہ حلف نامہ کے ذریعہ دیوا میں سب سے زیادہ غیر قانونی تعمیرات کا ذمہ دار اسسٹنٹ کمشنر اکشے گاڑگے کو قرار دیا ہے ۔ کورٹ کو اس بات سے بھی آگا ہ کیا گیا ہے کہ تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کے خلاف ریاستی چیف سیکریٹری کو شکایتی مکتوب روانہ کیا ہےجس میں دیوا کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ تھانے میونسپل کارپوریشن نے بامبےہائی کورٹ کے حکم کے بعد جہاں ۹؍ سو سے زائد عمارتوں کے غیرقانونیہونےاور۲؍ سو سے زائد عمارتوںکو منہدم کرنے کی اطلاع دی ہے وہیںٹی ایم سی نےکئی غیر قانونی عمارتوں کی پانی سپلائی بند کر دی ہے ۔یہی نہیں ۴۴؍ لوگوں کے خلاف ایم آر ٹی پی کے تحت کارروائی کی گئی ہے ساتھ ہی جن عمارتوں کو منہدم کیا گیا ہے ، تھانے میونسپل کارپوریشن اس کے ملبے کو شہری تعمیرات کے دوران سڑکیں بناتے وقت ان کے ملبہ کا استعمال کرے گی ۔