Inquilab Logo

ممبرا :رمضان المبارک میں ٹریفک جام کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات

Updated: April 02, 2022, 8:32 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شہری انتظامیہ کے مطابق گلاب پارک مارکیٹ میں ریلنگ کے باہر اسٹال لگانے نہیں دیا جائے گا اور تنگ سڑک پرگاڑیاں کھڑی کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے

View of gulab Park Market.
گلاب پارک مارکیٹ کا منظر۔

ممبرا : یہاں رمضان المبارک میں ٹریفک جام کے سنگین مسئلے کےحل کیلئے تھانے میونسپل کارپوریشن(ٹی ایم سی) کی جانب سے  ہاکرس  اور شہریوں کیلئے چند رہنما اصول جاری کئے گئے ہیںجس کے تحت گلاب پارک مارکیٹ میں سڑک کے کنارے کی ریلنگ کے باہر ٹھیلہ لگانے کی اجازت نہیںہوگی اور کوسہ قبرستان سے کوسہ جامع مسجد تک  جو تنگ راستہ ہے، میں سڑک کے کنارے گاڑیاں کھڑی کرنے نہیں دی جائے گی۔
 اس سلسلے میں ممبرا میونسپل  وارڈ کے ایگزیکٹیو انجینئر دھننجے گوساوی سے رابطہ قائم کرنے اور ان سے رمضان المبارک کی تیاریوں سے متعلق دریافت کرنے پر انہوں نے بتایا کہ عبادت اور برکتوں والے مہینے میں عام شہریوں کو آمد و رفت میں پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ،اس کیلئے امسال متعدد اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں اوّل تو گلاب پارک مارکیٹ میں  ہاکرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سڑک کے کنارے لگائی گئی ریلنگ کے آگے اسٹال یا ٹھیلہ نہ لگائیں، اس  کے باوجود اگر کوئی ہاکر اس کی خلاف ورزی کرے گا تو اس پر انہدامی کارروائی کی جائے گی۔‘‘انہوں نے مزید بتایا کہ’’ امرت نگر اور گلاب پارک مارکیٹ میں سامان لانے والی گاڑیاں دن میں  سڑک پر ہی کھڑی کی جاتی ہیں اور سامان اتارا جاتا  یہ بھی ٹریفک جام کا ایک سبب  ہے اس لئے اب ان مال بردار گاڑیوں کو متل علاقے میں کھڑا کرنے کہا گیا ہے ۔ اس کیلئے جگہ بھی دی گئی ہے۔ جب وہ گلاب پارک علاقے میں نہیں کھڑی ہوں گی تو ٹریفک جام کا بھی مسئلہ نہیں ہو گا۔ دوسرے  ان گاڑیوں کو رات میں ہی سامان  لانے کی ہدایت ‌دی گئی ہے۔
کوسہ قبرستان سے جامع مسجد نو پارکنگ  نو ہاکنگ زون
 افسر  نے بتایا کہ کوسہ قبرستان سے کوسہ جامع مسجد تک سڑک کافی تنگ ہے، اس کے باوجود یہاں لوگ اپنی گاڑیاں کھڑی کر دیتے ہیں  اور متعدد ہاکرس ٹھیلے لگا دیتے ہیں جس سے سڑک مزید تنگ ہو جاتی ہے، نتیجتاً ٹریفک جام ہو جاتا۔ شام کے وقت یہ مسئلہ سنگین ہو جاتاہے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کوسہ جامع مسجد سے کوسہ قبرستان تک کے علاقے کو ’نو پارکنگ ،نو ہاکنگ  زون‘ قرار دیا گیا ہے اور شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس حصے میں گاڑی پارک نہ کریں اور نہ کوئی ہاکر اسٹال یا ٹھیلہ لگائے۔‘‘
پارکنگ کا نظم
 دھننجے گوساوی کے مطابق  شہریوں کو پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے شمشاد نگر کے سامنے اجازت دی 

 

جائے گی۔ چونکہ وہاں روڈ کافی کشادہ ہے اس لئے وہاں پارکنگ کی اجازت دینے سے ٹریفک متاثر نہیں ہو گا۔اسی طرح امرت نگر آنے والے شہریوں کو متل میں پارکنگ کی سہولت دی جائے گی۔ تھانے میں جس طرح شہری اسٹیڈیم میں گاڑی کھڑی کر کے بازار میں خریداری کرتے ہیں اسی طرح گلاب پارک اور امرت نگر میں خریداری کرنے والوں کو متل میں گاڑی کھڑی کرنے کا نظم کیا جائے گا۔
کسی کو منڈپ لگانے کی اجازت نہیں
 میونسپل افسر نے بتایا کہ رمضان کے دوران کسی کو بھی منڈپ لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گا کیونکہ اس کے بعد ٹیبل لایاجاتا اور اسی طرح روڈ کے کافی حصہ  پر قبضہ ہو جاتا ہے ۔
غیر قانونی آٹو رکشا کیخلاف کارروائی
 ایگزیکٹیو انجینئر کے بقول ممبرا میں ٹریفک جام کا ایک سبب غیر قانونی طور چلنے والے آٹورکشا بھی ہے اسی لئے ہم نے ٹریفک پولیس سے درخواست کی ہے کہ ایسے رکشا والوں پر جرمانہ عائد کرنے والی کارروائی کرے۔ 
 واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہی تھانے میونسپل کارپوریشن کے جانب سے ممبرامیں ہاکرس کے خلاف انہدامی کارروائی کی گئی تھی جس کے دوران متعدد ہاکرس کا سامان ضائع کر دیا گیا تھا اور باکڑے بھی ہتھوڑے  سے توڑ دیئے  گئے تھے۔ اسی دوران چند مٹھائی کی دکان اور ریسٹورنٹ کے باہر بنائے گئے منڈپ بھی منہدم کر دیئے گئے تھے۔ اس کارروائی کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK