ایک ایک ہزار لیٹر کی۲؍ چھوٹی ٹنکیاں لگائی گئی ہیں جو ناکافی ثابت ہو رہی ہیں۔متعلقہ محکمہ کو شکایت بھیج دی گئی ہے۔
پانی ختم ہونے سےبند بیت الخلاء۔ تصویر:انقلاب
ممبرا کے پلیٹ فارم نمبر۴؍پر تقریباً ۱۵؍ روز قبل ایک خوبصورت اور نئے ڈیزائن کا عوامی بیت الخلاء مسافروں کیلئے شروع کیاگیا ہے جو مفت ہے لیکن رات کے وقت اس کا پانی ختم ہوجانے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرناپڑا۔ پانی ختم ہونے کےبعد اسے بند کیا گیا۔ جمعرات کی رات تقریباً سوا ۸؍بجے جب نمائندۂ انقلاب نےیہاں کا دورہ کیاتو دیکھا کہ عوامی بیت الخلا ءکی نگرانی پر بیٹھا ہوا شخص وہاں آنے والے مسافروں سے کہہ رہا ہے کہ پانی نہیں ہے۔اسی طرح اس نے متعدد افراد کو واپس کر دیا۔اس بدنظمی سے ایک بار پھر ممبرا کے تئیں ریلوے انتظامیہ کا سوتیلا سلوک برتنے کا الزام عائد کیاجارہا ہے۔
اس بارے میں ان سے بات چیت کرنے پر انہوںنے بتایاکہ’’ اوپر جینٹس اور لیڈیز میں ایک ایک ہزار لیٹر کی چھوٹی ٹنکیاں لگائی گئی ہیں جو ناکافی ثابت ہو رہی ہیں۔جمعرات اور جمعہ کو شام میں پانی ختم ہو جاتا ہے۔‘‘
عوامی بیت الخلاء کھلنے کے اوقات پوچھنے پر اس نے بتایاکہ عوامی بیت الخلاء صبح ۵؍بجے کھل جاتا ہے اور رات پونے ۱۲؍ بجے تک کھلا رہتا ہے۔
پانی کی قلت کے تعلق سے ممبرا ریلوے اسٹیشن کے نگراں جلال الدین قاضی سے استفسار کرنے پر انہوں نے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’گزشتہ ۲؍سے ۳؍ دنوں سے تھانے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کم پانی آرہا ہے جس کی وجہ سے رات سے قبل ہی یہ ختم ہو جاتا ہے۔ اس ضمن میں مَیں نے ریلوے کے متعلقہ محکمہ کو شکایت بھیج دی ہے۔‘‘